Book Name:Faiz e Data Huzoor
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: پھر (قسم ہے...!!) آگےبڑھنے والوں کی، پھر کائنات کا نظام چلانے والوں کی ۔
داتا حُضُور رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا مختصر تعارُف
پیارے اسلامی بھائیو! صَفَر المظفر کا مُبارَک مہینا ہے، 20 صفر المظفر کو عالَمِ اسلام کی مشہور و معروف ہستی تاجدارِ لاہور، حضور داتا گنج بخش علی ہجویری رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کا عرسِ پاک ہوتا ہے *داتا حُضُور رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کم و بیش 400ہجری کو دُنیا میں تشریف لائے *آپ کا نامِ پاک: عَلِی اور والِد صاحب کا نام: عثمان ہے *داتا حُضُور رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ اَفْغَانستان کے علاقے غَزنی کے رہنے والے ہیں۔ غزنی کا ایک محلہ ہے: ہُجْویر۔داتا حُضُور رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ اِس محلے میں رہتے تھے، اِسی نسبت سے ہجویری کہلائے *آپ نَجِیْبُ الطَّرَفَیْن یعنی حَسَنی، حُسَیْنی سیّد ہیں *ابتدا ہی سے بڑے نیک پارسا، عِبَادت کرنے والے اور عِلْمِ دِین کا بہت شوق(Passion) رکھنے والے تھے *تقریباً 34 سال کی عمر مُبارَک میں لاہور تشریف لائے *یہاں نیکی کی دعوت کو عام کیا، دِینِ اسلام کا پیغام پھیلایا، لوگوں کو قرآن و سُنَّت کی تعلیم دی، اپنے اَخْلاق سے، کردار سے، کبھی بیانات فرما کر، کبھی کرامات دکھا کر بےشُمار کافِروں کو مسلمان کیا، جو پہلے سے مسلمان تھے، انہیں سُنَّتوں کا پیکر بنایا، کئی عالِم بنائے، کئی لوگوں کو اپنی تربیت میں رکھ کر وِلایَت کے بلند مقامات تک پہنچایا *کم و بیش 30 سال کے عرصے میں آپ نے بَرِّ صغیر میں ایک اِنْقِلاب برپا کر دیا * پُخْتہ قول کے مُطَابِق آپ نے 465 سَن ہجری کو اِس دُنیا سے پردہ فرمایا *آپ کا مزار مُبارَک لاہور میں ہے *آپ ہی کی نسبت سے لاہور کو مرکزُ الْاَولیا اور داتا نگر بھی کہا جاتا ہے۔([1])