Book Name:Faiz e Data Huzoor
کیا غرض دَر دَر پھروں میں بھیک لینے کے لئے
ہے سلامت آستانہ آپ کا داتا پیا
جھولیاں بھر بھر کے لے جاتے ہیں منگتے رات دِن
ہو مِری اُمِّید کا گلشن ہَرا داتا پیا([1])
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! اَلْحَمْدُ للہ! حُضُور داتا گنج بخش علی ہجویری رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ وَلِیِّ کامِل ہیں اور آپ کے فیض کا دریا آج بھی جاری ہے۔
ہم نے اِبتدا میں پارہ:30، سُورۂ نَازِعَات کی 2 آیات سننے کی سَعادَت حاصِل کی، آئیے! پہلے اِن آیات کی وضاحت سُن لیتے ہیں، پِھر اِن آیات کی روشنی میں داتا حُضُور رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے فیض کے تذکرے سُنیں گے۔
اللہ پاک فرماتا ہے:
فَالسّٰبِقٰتِ سَبْقًاۙ(۴) فَالْمُدَبِّرٰتِ اَمْرًاۘ(۵) (پارہ:30، النٰزعٰت:4و5)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: پھر (قسم ہے!)آگے بڑھنے والوں کی، پھر کائنات کا نظام چلانے والوں کی
اس مقام پر اَصْل میں 5صفات ہیں، جن کی اللہ پاک نے قسم ارشاد فرمائی ہے، ان میں سے 2صِفات ہم نے سُنیں کہ فرمایا: آگے بڑھنے والوں کی قسم! اور کائنات کا نظام چلانے والوں کی قسم...!!