Pyary Aaqa K Pyary Naam

Book Name:Pyary Aaqa K Pyary Naam

سُبْحٰنَ اللہ! یہ ہے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے اُمِّی ہونے کی شان...!! آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم وہ بلند شان والے ہیں کہ دُنیا میں سیکھنے نہیں بلکہ سکھانے کے لئے تشریف لائے ہیں، آپ کے چند لمحوں میں حاصِل ہونے والے عِلْم کا یہ عالَم ہے کہ زمین و آسمان کی ہر چیز آپ پر روشن ہو جاتی ہے تو ذرا غور فرمائیے! پُوری زندگی مبارک کے عِلْمِ پاک کی شان کیا ہو گی...!!

 پیارے آقا کا نِرالاعِلْم مبارک

حضرت حذیفہ رَضِیَ اللہُ عنہ صحابئ رسول ہیں، آپ فرماتے ہیں: ایک دِن پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ہمارے درمیان کھڑے ہوئے اور بیان فرمانا شروع کیا، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے ہمیں سب کچھ بتایا، یہاں تک کہ قیامت قائِم ہونے تک کے سب واقعات بتا دئیے۔

حضرت حذیفہ رَضِیَ اللہُ عنہ فرماتے ہیں: جیسے کوئی بندہ کسی بہت پُرانے جاننے والے کو دیکھتا ہے تو اسے اچانک محسوس ہوتا ہے کہ اسے میں نے کہیں دیکھا ہے، پِھر تھوڑاذہن پر زور دینے سے یاد آجاتا ہے، اس واقعہ کے بعد میری یہی حالت ہو گئی تھی، میں جب بھی کوئی نیا معاملہ دیکھتا تو لگتا یہ معاملہ تو میں نے کہیں سُنا ہے، پِھر جب غورکرتا تو یاد آتا کہ ہاں! اُس دِن محبوبِ کریم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے یہ بات بھی ہمیں بتائی تھی۔ ([1])

    صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                                صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد


 

 



[1]...مسلم،کتاب الفتن و اشراط الساعۃ،باب اخبار النبی ...الخ،صفحہ:1107،حدیث:2891 خلاصۃً۔