Book Name:Pyary Aaqa K Pyary Naam
یعنی اللہ پاک نے فرمایا: آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم مومنوں پر رَءُوْف و رَحِیْم ہیں تو معلوم ہوا؛ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم اپنے غُلاموں سے مصیبت دُور فرماتے ہیں، مشکلات میں، پریشانیوں میں، مشقت میں ان کی مدد فرماتے ہیں اور ساتھ ہی ساتھ اِحْسان فرما کر انہیں فائدہ مند چیزیں عطا بھی فرماتے ہیں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
ہمارے پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا ایک پیارا پیارا نام ہے: اُمِّی۔ بڑا مشہور و معروف نام ہے، قرآنِ کریم میں بھی آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا یہ نامِ پاک آیا ہے۔ اللہ پاک فرماتا ہے:
اَلَّذِیْنَ یَتَّبِعُوْنَ الرَّسُوْلَ النَّبِیَّ الْاُمِّیَّ (پارہ:9، الاعراف:157)
ترجمہ کنزُ العِرفان: وہ جو اس رسول کی اتباع کریں جو غیب کی خبریں دینے والے ہیں، جو کسی سے پڑھے ہوئے نہیں ہیں۔
لفظِ اُمِّی کا عام معنیٰ ہوتا ہے: بےپڑھے۔ یعنی وہ شخص جس نے دُنیا میں کسی سے پڑھنا، لکھنا نہیں سیکھا۔ یہ بڑی نِرالی بات ہے، بےپڑھا ہونا، پڑھنا لکھنا نہ سیکھنا ہمارے حق میں ہو تو عیب ہے لیکن اُمِّی ہونا ہمارے آقا ومولیٰ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی بہت بڑی شان ہے، اس ایک نامِ پاک میں پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی کیسی کیسی شانیں موجود ہیں، آئیے سنتے ہیں: