Book Name:Piyare Aaqa Ka Wisal e Zahiri
افضل عمل ہے۔ ([1]) اے عاشقانِ رسول! ہر کام سے پہلے اچھی اچھی نیتیں کرنے کی عادت بنائیے کہ اچھی نیت بندے کو جنت میں داخِل کر دیتی ہے۔ بیان سننے سے پہلے بھی اچھی اچھی نیتیں کر لیجئے! مثلاً نیت کیجئے! *عِلْم سیکھنے کے لئے پورا بیان سُنوں گا * با اَدب بیٹھوں گا *دورانِ بیان سُستی سے بچوں گا *اپنی اِصْلاح کے لئے بیان سُنوں گا *جو سُنوں گا دوسروں تک پہنچانے کی کوشش کروں گا۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
صحابئ رسول حضرت مُوَیْہَبَہ رَضِیَ اللہُ عنہ سے روایت ہے، فرماتے ہیں: سرکارِ عالی وقار، مکی مدنی تاجدار صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو اللہ پاک نے حکم دیا کہ بقیع شریف میں دَفَن ہونے والے خوش نصیبوں کے لئے دُعائے مغفرت کریں، چنانچہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے 3راتیں ان کے لئے دُعائے مغفرت فرمائی۔ دوسری مرتبہ جب آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم بقیعِ پاک جانے لگے، یہ آدھی رات کا وقت تھا، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے مجھے فرمایا: اے ابو مُوَیْہَبَہ! مجھے اَہْلِ بقیع کے لئے دُعائے مغفرت کا حکم ہوا ہے، میری سُواری تیار کر دو! حضرت مُوَیْہَبَہ فرماتے ہیں: میں نے سُواری تیار کر دی، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سُوار ہوئے، میں پیدل ہی بقیعِ پاک کی طرف چل پڑا، بقیعِ پاک میں پہنچ کر آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سُواری سے اُترے، میں نے سُواری مبارک کو پکڑا، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ایک جگہ کھڑے ہوئے اور اَہْلِ بقیع کو یُوں سلام کیا: السَّلَامُ عَلَیْکُمْ یَا اَہْلَ الْمَقَابِرِ اے اہْلِ قبرستان!