Book Name:Piyare Aaqa Ka Wisal e Zahiri
بخار اور دردِسر مبارَک امراض ہیں
اس سے معلوم ہوا کہ سَر دَرْد بہت مبارک مرض ہے۔ سیدی اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ فرماتے ہیں: دردِ سَر اور بُخار وہ مبارک امراض ہیں جو انبیائے کرام علیہم السَّلَام کو ہوتے تھے۔([1])
سر درد کے شکرانے میں 400 رَکْعَت نَفْل
منقول ہے: حضرت فتح مُوصلی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کو ایک مرتبہ دَرْدِ سَر ہوا تو خوش ہو کر فرمایا: اللہ پاک نے مجھے وہ مرض عطا فرمایا جو انبیائے کرام علیہم السَّلَام کو ہوا کرتا تھا، پِھر آپ نے اس کے شکرانے میں 400 نفل ادا فرمائے۔([2])
اللہُ اکبر! غور فرمائیے! ایک یہ اللہ پاک کے نیک بندے تھے کہ سَر دَرْد ہوا تو شکرانے میں 400نوافل ادا کئے اور ایک ہم ہیں...!! ہمارے ہاں عموماً معمولی معمولی بیماری پر جماعت تَرک کر دی جاتی ہے، بعض اوقات معمولی دَرْد ہوتا ہے اور لوگ گھر پر ہی نماز پڑھ لیتے ہیں بلکہ بعض تو نماز ہی قضا کرڈالتے ہیں...!! اللہ پاک ہمیں ہدایت نصیب فرمائے۔ بیمار ہونا بھی ایک نعمت ہے کہ اس کے صدقے گُنَاہ مٹتے ہیں، نیکیاں ملتی ہیں اور درجات بلند ہوتے ہیں، لہٰذا اگر کبھی بیمار ہو جائیں تو صبر کیجئے! ذِکْرُ اللہ کیجئے! ہو سکے تو نیک کاموں میں اِضافہ کر دیجئے! اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! بہت برکتیں نصیب ہوں گی۔