Zid Aur Hat Dharmi

Book Name:Zid Aur Hat Dharmi

یہ بھی نیکی کی دعوت دینے کا ایک مقصد ہوتا ہے کہ ہم نے نیکی کی دعوت دی،  ہم نے سمجھا دیا،  ہمارا فرض پُورا ہو گیا،  اب سامنے والا جانے اور اُس کا کام جانے۔  اِس لئے وہ لوگ جو نیکی کی دعوت سے اکتا جاتے ہیں،  مثلاً؛ چھوڑو جی! جب کسی نے ماننی ہی نہیں ہے تو کہنے کا کیا فائدہ! اپنا وقت لگانے کا کیا فائدہ۔  ایسے لوگوں کو چاہئے کہ یہاں سے عبرت لیں،  نیکی کی دعوت کا کام کبھی بھی مَت رَوکیں۔   اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق نصیب فرمائے۔  آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم۔  

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب!                                               صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد

بنی اسرائیل  کی ضِدْ اور ہٹ دھرمی

پیارے اسلامی بھائیو!   اللہ پاک نے فرمایا:

وَ قَدْ كَانَ فَرِیْقٌ مِّنْهُمْ یَسْمَعُوْنَ كَلٰمَ اللّٰهِ ثُمَّ یُحَرِّفُوْنَهٗ مِنْۢ بَعْدِ مَا عَقَلُوْهُ وَ هُمْ یَعْلَمُوْنَ(۷۵) (پارہ:1، البقرۃ:75)

تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: حالانکہ ان میں ایک گروہ وہ تھاکہ وہ اللہ کا کلام سنتے تھے اور پھر اسے سمجھ لینے کے بعد جان بُوجھ کر بدل دیتے تھے۔

یہ بنی اسرائیل کا ایک عیب ہے،  یعنی صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضْوَان  سے کہا گیا کہ تم اِن کے ایمان لانے کی اُمِّید نہ رکھو...!! اِس کی وجہ کیا ہے؟ سبب کیا ہے؟ فرمایا: اس لئے کہ یہ حق بات جانتے بھی ہیں،  اسے اچھی طرح سمجھتے بھی ہیں *پِھر بھی عِنَادِ حق یعنی حق کے ساتھ دشمنی کی وجہ سے *اپنی اَنَا پرستی کی وجہ سے حق بات ماننے کو تیار نہیں ہوتے اور جو ایسی طبیعت کا ہو،  جو حق کے ساتھ دُشمنی رکھنے والا ہو،  اس پر کوئی بھی بات اَثَر نہیں کرتی۔