Book Name:Apni Jan Par Zulm
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان:بیشک اللہ لوگوں پر کوئی ظلم نہیں کرتا، ہاں لوگ ہی اپنی جانوں پر ظلم کرتے ہیں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! شعبان شریف اپنی برکتیں لُٹا رہا ہے، رات جو گُزری، شبِ براءَت تھی، بَراءَت کا مطلب: نَجات۔ یعنی یہ جہنّم سے چُھٹکارے اور نَجات کی رات تھی، اِس رات ہزاروں بلکہ لاکھوں لوگوں کی بخشش ہو جاتی ہے۔ کاش! ہمارا نام بھی اُن بخشے ہوؤں کی فہرست میں آ گیا ہو۔
حدیثِ پاک کے مطابق شبِ براءَت کو اَعْمَال نامے تبدیل ہوتے ہیں۔([1]) یعنی پچھلے سال کے اَعْمَال نامے لپیٹ دئیے جاتے ہیں، نئے سال کے نئے اَعْمَال نامے شروع ہو جاتے ہیں، گویا اَعْمَال ناموں کے لحاظ سے نئے سال کی ابتدا شبِ براءَت سے ہوتی ہے۔ ہمیں یہ نیّت کرنی چاہئے کہ اِس نئے سال کو نیکیوں میں گزاریں گے، اپنے نئے اَعْمَال نامے میں گُنَاہ دَرْج کروانے سے بچتے ہی رہیں گے۔ اللہ پاک ہمیں توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صَلَّی اللہُ عَلٰی مُحَمَّد
پیارے اسلامی بھائیو! ہم نے پارہ:11، سورۂ یونُس کی آیت:44 سُننے کی سَعَادت حاصِل کی، بہت ہی فِکْر انگیز، سبق آموز اور اِنسان کو جھنجھوڑ دینے والی آیتِ کریمہ ہے۔