Book Name:Quran Karim Ki 3 Shanain
قَالَ اللہُ تَبَارَکَ وَ تَعَالٰی فِی الْقُرْآنِ الْکَرِیْم(اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے):
الٓمّٓۚ(۱) تِلْكَ اٰیٰتُ الْكِتٰبِ الْحَكِیْمِۙ(۲) هُدًى وَّ رَحْمَةً لِّلْمُحْسِنِیْنَۙ(۳) (پارہ:21،لقمان:1و3)
صَدَقَ اللہُ الْعَظِیْم وَ صَدَقَ رَسُوْلُہُ النَّبِیُّ الْکَرِیْم صلّی اللہ ُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: الٓمّٓ، یہ حکمت والی کتاب کی آیتیں ہیں، نیکوں کیلئے ہدایت اور رحمت ہیں۔
پیارے اسلامی بھائیو! اَلحمدُ لِلّٰہ! آج 27 رمضان شریف ہے، رات جو ہم نے بسر کی، زیادہ تَر عُلَما اس رات کو شبِ قدر بتاتے ہیں۔ اللہ پاک ہمیں اس رات کی برکتیں نصیب فرمائے، آج کے دِن کی برکتیں نصیب فرمائے، رمضان شریف کے صِرْف چند دِن باقی ہیں، معلوم نہیں 2دِن ملتے ہیں یا تیسرا دِن یعنی 30 رمضان بھی نصیب ہو پاتا ہے۔
آہ! حسرت...!! ابھی چند ہی دِن پہلے ماہِ رمضان کی آمد کی باتیں ہو رہی تھیں، عاشقانِ رمضان مچل رہے تھے کہ بس رمضان شریف آنے ہی والا ہے، تیاری کی جا رہی تھیں، اپنا وقت نیکیوں میں گزارنے کے لئے شیڈول بنائے جا رہے تھے، نیکیوں پر کمر باندھ لینے کی ترغیب دِلائی جا رہی تھی، پِھر اَلحمدُ لِلّٰہ! ماہِ رمضان تشریف بھی لے آیا مگر آہ! دیکھتے ہی دیکھتے 27 دِن بھی گزر گئے، اب بس کچھ ہی دِن میں رمضان شریف ہمیں جُدائی کا داغ دے کر ایک سال کے لئےہم سے جُدا ہو جائے گا۔
آہ! رمضان اَب جا رہا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے
ٹکڑے ٹکڑے مِرا دِل ہوا ہے ہائے تڑپا کے رمضاں چلا ہے
دیکھ کر چاند میں رَو پڑا تھا سامنے ہجر کا غم کھڑا تھا