اسلام اور عورت

 راہِ خدا میں خرچ

* اُمِّ میلاد عطّاریہ

ماہنامہ دسمبر 2021

راہِ خدا میں خرچ کرنا وہ عظیم عمل ہے جس کے فوائد آخرت کے ساتھ ساتھ دنیا میں بھی حاصل ہوتے ہیں اس کارِ خیر کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے بھی کیا جا سکتا ہے کہ قراٰنِ کریم کی کئی آیات میں اور کثیر احادیثِ کریمہ میں اس کی ترغیب دلائی گئی ہے۔ دواحادیثِ کریمہ ملاحظہ کیجئے : (1)بےشک صَدَقہ کرنے والوں کو صَدَقہ قَبْر کی گرمی سے بچاتا ہے اور بِلاشُبہ مُسَلمان قیامت کے دن اپنے صَدَقہ کے سائے میں ہو گا۔ (شعب الایمان ، 3 / 212 ، حدیث : 3347) (2)بےشک صَدَقہ ربّ کے غضب کو بجھاتا اور بُری مَوْت کو دور کرتا ہے۔ (ترمذی ، 2 / 146 ، حدیث : 664)

 خواتین کو چاہئے کہ ان احادیث کو پیشِ نظر رکھیں اور خوب خوب صدقہ و خیرات کی عادت بنائیں عموماً راہِ خُدا میں دیتے وقت شیطان یہ وسوسہ ڈالتا ہے کہ اگر میں نے مسجد یا مدرسہ میں مال دیا تو میری ضرورتیں کیسے پوری ہوں گی؟ میرے بچّوں کی شادی کے اَخْراجات کیسے پورے ہوں گے؟ تو اس شیطانی وسوسے کو رد کردیجئے اور اپنے ذہنوں میں یہ بات بٹھانے کی کوشش کیجئے کہ صدقہ دینے سے ہرگز کبھی بھی مال کم نہیں ہوتا۔ حدیثِ نبوی ہے : کسی بندے کا مال صَدَقہ کرنے سے کم نہیں ہوتا۔ (مسلم ، ص1071 ، حدیث : 6592)

لہٰذا صدقہ کرنے میں بخل نہیں کرنا چاہئے ایک بار تاجدارِ رِسالت  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  نے حضرت اسماء بنتِ ابو بکر  رضی اللہُ عنہما  کو نصیحت کرتے ہوئے ارشاد فرمایا : خرچ کر اور شُمار نہ کیا کر ، ورنہ اللہ پاک بھی تجھے شُمار کرکے دے گا اور مال کو اپنے پاس روک کر نہ رکھ ، ورنہ اللہ پاک بھی تجھ سے اپنا رِزْق روک لے گا نیز بقدرِ استطاعت خرچ کیا کر۔ (بخاری ، 1 / 483 ، حدیث : 1434ملخصاً)

ہمارا یہ بھی مِزاج بن چکا ہے کہ جلد نتائج یا فوری فائدہ دینے والی چیز پر ہی نظر رکھتی ہیں اور ہم دنیوی زندگی کو فوکس کرتے ہوئے اس کی آسائش و آرام کی پلاننگ کرتی ہیں نیز اپنے گھر والوں کے مستقبل کی فکر میں کسی نہ کسی طرح مال جمع کرنے میں کامیاب ہوجاتی ہیں وجہ یہ ہے کہ جس کام کی لگن ہو انسان اس کیلئے راستے تلاش کر ہی لیتا ہے۔ لیکن شاید ہمارے پیش ِنظر وہ مشکل وقت نہیں جب ہمیں ہمارے اعمال کا بدلہ دیا جا رہا ہوگا تو اس وقت یہی صدقہ ہمارے کام آئے گا یاد رہے صدقے سے دنیا و آخرت کی بڑی سے بڑی پریشانیاں دور ہوجاتی ہیں۔

پیاری اسلامی بہنو!

 اس لئے ہمیں خود بھی اور اپنی  بالغ اولاد کو بھی اس بات کی تربیت دینی چاہئے کہ وہ روزانہ ، ہفتہ وار یا ماہانہ کچھ نہ کچھ راہِ خدا میں خرچ کر کے اپنی آخرت اچھی کریں۔ اس کا آسان طریقہ یہ بھی ہوسکتا ہے کہ اپنے گھروں میں صدقہ بکس رکھ لیں ، دعوتِ اسلامی کے دینی ماحول سے وابستہ گھرانوں میں اس بات کی ترغیب دی جاتی ہے اور گھروں میں جو بکس رکھا جا تا ہے ، اُسے “ گھریلو صدقہ بکس “ کہتے ہیں۔ آپ بھی اپنے گھروں میں اس کو رائج کریں اور اپنی آخرت بہتر کریں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* نگران عالمی مجلس مشاورت (دعوت اسلامی) اسلامی بہن


Share

Articles

Comments


Security Code