ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے 5 سالہ مضامین کا جائزہ

* مولانابلال حسین عطاری مدنی

ماہنامہ فیضان مدینہ دسمبر2021

اَلحمدُ لِلّٰہ اللہ ربُّ العزّت کے فضل وکرم اور رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی نظرِ رحمت سے عاشقانِ رسول کی عظیم تحریک دعوتِ اسلامی علمِ دین کے فروغ کے لئے کثیر پلیٹ فارمز پر مصروفِ عمل ہے ، انہی میں سے ایک تحریر و تصنیف کی ایک  خاص صِنف میگزین بھی ہے۔

اَلحمدُلِلّٰہ شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کی نگاہِ فیض اور مرکزی مجلسِ شوریٰ کے تعاون سے ماہانہ میگزین “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ ہر ماہ پابندی کے ساتھ جاری ہوتا ہے۔

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ (دعوتِ اسلامی) “ کا پہلا شمارہ ربیعُ الآخر 1438ھ کی آٹھویں شب (مطابق 5جنوری 2017ء)  کو منظرِ عام پر آیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ماہِ ربیع الاوّل 1443ھ میں اس کے پانچ سال مکمل ہوگئے ، اب تک اس کی لاکھوں لاکھ کاپیاں شائع ہوچکی ہیں ، علاوہ ازیں اس کی سافٹ کاپی(PDF) بھی لوگوں کی بہت بڑی تعداد کے پاس پہنچ جاتی ہے ، سوشل میڈیا کے مختلف ذرائع واٹس ایپ اور فیس بک وغیرہ کے ذریعے بھی بےشمار لوگ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے مضامین سے فیض یاب ہوتے ہیں۔ رجبُ المرجب 1439ھ سے اس کا انگلش ورژن اور شعبانُ المعظم  1440ھ سے گجراتی ورژن بھی جاری ہورہا ہے۔ جبکہ عربی اور ہندی ماہنامہ کا آغاز رمضانُ المبارک 1442ھ مطابق اپریل 2021 سے ہوا۔

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں اَلحمدُلِلّٰہ زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی دینی ، دُنیاوی ، شرعی ، اَخلاقی ، نفسیاتی ، معاشرتی ، معاشی ، اِنفرادی اور اجتماعی ضرورتوں کو سامنے رکھتے ہوئے ہر مہینے اوسطاً 25سے زائد موضوعات پر کم وبیش 40مضامین پیش کئے جاتے ہیں۔ تفسیر ، شرح حدیث ، فقہی مسائل کا حل ، بچّوں کی کہانیاں ، سماجی موضوعات پر اصلاحی مضامین ، تاجروں کے لئے شرعی راہنمائی ، خواتین کے لئے شرعی راہنمائی و دیگر خصوصی موضوعات ، بُزرگانِ دین کی سیرت ، دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں وغیرہ ’’ماہنامہ فیضانِ مدینہ‘‘ کے ہر شمارے کی زینت ہوتی ہیں۔ اللہ پاک کی رحمت سے دعوتِ اسلامی کے ’’ماہنامہ فیضان مدینہ “ کو لوگ پڑھتےاوراپنی اصلاح کاسامان کرتے ہیں۔ دسمبر 2021ء میں ماہنامہ فیضان مدینہ کو اَلحمدُ لِلّٰہ! عیسوی ماہ کے اعتبار سے  5سال مکمل ہوگئے ہیں ، اسی مناسبت سے گزشتہ پانچ سال کے مضامین کا ایک اجمالی جائزہ پیش کیا جاتاہے۔

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے5سالہ مضامین کا اجمالی جائزہ

(1)تفسیرِ قراٰنِ کریم :

 قراٰن سرچشمۂ ہدایت ہےعلم و عرفان کا مرکز ہے ، ہر دور کے عُلما نے تفاسیر لکھ کر عوام وخواص کو قراٰنی مفاہیم سے آگاہ کیا اور ہدایت کے راستے پر چلنا آسان کیا ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں اس سلسلہ کے تحت شیخ التفسیر مفتی ابوصالح محمد قاسم عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی  قراٰنِ کریم کی ایک یا چند آیات کی عام فہم اور جامع انداز میں تفسیر یا پھر کسی ایک موضوع پر کئی آیاتِ طیبات بیان فرماتے ہیں۔ اس سلسلے کے تحت تقریباً 60مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

(2)حدیث شریف اور اس کی شرح :

 احکامِ شریعت کا دوسرا منبع و مأخذ احادیثِ رسول ہیں جن کی اہمیت و افادیت ہر دلِ مسلم پر ظاہر و آشکار ہے ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں اس عنوان کے تحت ایک منتخب حدیث شریف کا ترجمہ اوراس کی مختصر شرح بیان کی جاتی ہے۔ اس سلسلے کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً60ہے۔

(3)اسلامی عقائد و معلومات :

اسلام کے بنیادی و ضروری عقائد سے درست آگاہی ہر مسلمان کے لئے ضروری ہے اسی ضرورت کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے سلسلہ “ اسلامی عقائد و معلومات “ میں کسی بھی ایک اسلامی عقیدے کو مستند حوالوں سے مزیّن کرکے تفصیلاً ذکر کیا جاتا ہے۔ اس کے اکثر مضامین مولانا عدنان چشتی عطّاری مدنی کے قلم سے نکلے ہوئے ہیں جن کی تعداد 55 سے زائد ہے۔

(4)مدنی مذاکرے کے سوال جواب :

ذہن کی راہوں کو وسعت دینے اور افہام وتفہیم کا ایک بہترین طریقہ سوال جواب بھی ہے ، شیخِ طریقت ، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  کے فیضانِ کرم کو پانے کا ایک ذریعہ بصورتِ سوال جواب بنام “ مدنی مذاکرہ “ بھی ہے اب تک اَلحمدُلِلّٰہ 590سوالات کے جوابات شائع ہو چکے ہیں۔

(5)فریاد :

ایسے باریک امور جن کو ہم چھوٹا سمجھ کر نظر انداز کر دیتے ہیں لیکن ان کے نقصانات آنے والی زندگی پر منفی اثرات ڈال دیتے ہیں ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے کالم “ فریاد “ میں ایسے ہی مسائل پر گفتگو کرکے انہیں اہمیت دینے کی درخواست و فریاد کی جاتی ہے یہ مضمون دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا حاجی عمران عطاری  مَدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی  کے بیانات ، سلسلوں اور آڈیو میسجز وغیرہ کی روشنی میں تیار ہوتا ہے۔ ان مضامین کی تعداد تقریباً 58 ہے۔

 (6)امیرِ اہلِ سنّت کے پیغامات :

ایک انسان کی زندگی میں جہاں  راحت و سرور اور خوشیاں آتی ہیں وہیں اسے دکھ تکالیف اور رنج وغم کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے ، امیر اہلِ سنّت  دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ  اپنے معتقدین و متوسلین اور مریدین کی جہاں مختلف انداز سے دلجوئی فرماتے اور انہیں نصیحتیں فرماتے ہیں ، وہیں کسی کے ہاں حادثہ ، بیماری یا انتقال ہو جانے پر اس کی تعزیت یا عیادت فرماتے اور دعاؤں سے نوازتے ہیں۔ سلسلہ “ پیغاماتِ امیرِاہلِ سنّت “ اور “ تعزیت و عیادت “ میں کچھ پیغامات کو شامل کیا جاتا ہے۔ اسی طرح علما و مشائخِ کرام کے وصال پُرملال پر تعزیتی پیغامات بھی شاملِ اشاعت ہوتے ہیں۔ اب تک ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں امیرِ اہلِ سنّت کی طرف سےجاری کردہ 235سے زائد پیغامات شائع ہوچکے ہیں۔

(7)دارُالافتاء اہلِ سنّت :

مسلمانوں کے شرعی مسائل اور دینی الجھنوں کا حل پیش کرنے میں “ دارُ الافتاء اہلِ سنّت “ کی خدمات کسی تعارف کی محتاج نہیں ہیں ، مفتیانِ کرام بفضلہٖ تعالیٰ تحریری ، زبانی ، فون کالز ، واٹس ایپ ، ای میل کے ذریعے امّتِ مسلمہ کی راہنمائی میں مصروف ہیں۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں بھی سلسلہ “ دارُالافتاء اہلِ سنّت “ کے تحت مختلف موضوعات پر 230 سوالات کے جوابات شائع ہوچکے ہیں جبکہ ان سوالات و جوابات کا جدا سے ایک مجموعہ بنام “ مختصر فتاویٰ اہلِ سنّت(قسط : 01)بھی شائع ہوچکا ہے۔

(8)بچّوں اور بچیوں کے لئے :

 بچے قوم کا مستقبل اور معمار ہیں ، آنے والے وقت میں قوم کی باگ  ڈور ان کے ہاتھوں میں  ہوگی  ان کی جتنی اچھی تربیت ہو گی ، قوم کا مستقبل اتنا ہی شاندار ہوگا۔ اَلحمدُ لِلّٰہ! بچّوں کی اسلامی تربیت کے لئے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں مختلف سلسلے پیش کئے جاتے ہیں ، جن میں سے “ جانوروں کی سبق آموز کہانیاں “ ، “ روشن مستقبل “ ، “ کیا آپ جانتے ہیں؟ “ ، “ ننھے میاں کی کہانی “ ، “ بچّوں کے لئے امیرِ اہلِ سنّت کی نصیحت “ ، آؤ بچوحدیثِ رسول سنتےہیں “ اور “ ایک واقعہ ایک معجزہ “ کا نام نمایاں ہے۔ ان سلسلوں کے تحت مجموعی طور پر 250سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

بچّوں کے مضامین اسلامک ریسرچ سینٹر کے شعبہ “ بچّوں کی دنیا “ کی جانب سے پیش کئے جاتے ہیں۔

(9)کچھ نیکیاں کما لے :

 كسی بھی نیکی کو حقیر یا چھوٹا نہیں سمجھنا چاہئے ، حدیثِ پاک میں ہے : لَا تَحْقِرَنَّ مِنَ الْمَعْرُوۡفِ شَیْئًا یعنی کسی نیکی کو حقیر نہ جانو۔ (مسلم ، ص1413 ، حدیث : 2626) اسی بات کو مدِّ نظر رکھتے ہوئے ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں ایک سلسلہ ایسی نیکیوں کے بیان پر بھی مشتمل ہے جو بظاہر عمل میں چھوٹی لیکن  ثواب میں بہت عظیم ہوتی ہیں۔ اس سلسلے کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً46ہے۔

(10 ، 11) “ معاشرے کے ناسور “ اور “ ہماری کمزوریاں “ :

ایک معاشرے کو بُرے سے اچھا اور بہتر سے بہترین بنانے کے لئےابتداءً ضروری ہے کہ معاشرے میں پائی جانے والی خرابیوں ، کوتاہیوں اور تباہ کاریوں سے عوام کو آگاہی دی جائے۔ اس سلسلہ کے روحِ رواں “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے چیف ایڈیٹر استاذُالعلماء مولاناابو رجب محمد آصف عطّاری مدنی ہیں جن کے قلم نے سوچ کے زاویوں کا رخ تبدیل کرنے کی بھرپور کوشش کی ہے۔ ان دونوں سلسلوں کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً49 ہے۔

(12 ، 13)“ نوجوانوں کے مسائل “ اور “ کتابِ زندگی “ :

 زندگی میں اٹھائے ہوئے بعض قدم یا تو زندگی سنوار دیتے ہیں یا زندگی کو مشکلات سے بھر دیتےہیں ، ایک نوجوان اپنی زندگی سنوارنے اور مشکلات سے دور رہنے کی فکر میں بسا اوقات مسائل در مسائل کا شکار ہوجاتا ہے۔ اس سلسلے کو بہترین انداز میں لے کر چلنے والے بھی “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے چیف ایڈیٹر استاذُ العلماء مولانا ابو رجب محمد آصف عطّاری مدنی ہیں ، اس سلسلے کے مضامین کے مطالعہ سے آپ پر ترقی اور بہتری کے نئے نئے دریچے کھلیں گے۔ ان دونوں سلسلوں کے تحت اب تک 48 مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

(14)العلم نور :

یہ ایک ایسا سلسلہ ہے جو علم و حکمت سے بھرپور اور قراٰن و حدیث ، فقہ اور تصوف کے اہم مسائل و نکات پر مشتمل ہے ، اس میں 40سے زائد مضامین شائع ہوچکے ہیں۔

(15)کیسا ہونا چاہئے؟

معاشرے کا ہرفرد مختلف حیثیت کا حا مل ہوتا ہے ، کہیں وہ شخص باپ ، بھائی یا بیٹا ہے تو کہیں استاد ، شاگرد ، سربراہ یا ماتحت ہے۔ اس سلسلے میں افراد کی ذمّہ داریوں ، خوبیوں اور خامیوں کے بارے میں تفصیلی گفتگو کی جاتی ہے۔ اس سلسلے کے اکثر مضامین ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے ناظم و نائب مدیر مولاناابو النّور راشد علی عطّاری مدنی کے سبک رفتار قلم کے مرہونِ منت ہیں۔ اس سلسلے کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً43 ہے۔

(16)باتیں میرے حضور کی :

 ہمارے پیارے آقا  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے اوصافِ جلیلہ بے انتہا ہیں جن میں سے ایک موضوع “ خصائصِ مصطفےٰ “ بھی ہے۔ اس سلسلے کے تحت عاشقانِ رسول کے دلوں میں عشقِ رسول کی شمع مزید فروزاں کرنے کیلئے اب تک 111 “ خصائص و کمالاتِ مصطفےٰ “ کو بیان کیا جاچکا ہے۔ اس سلسلے کو تسلسل اور کامیابی سے چلانے اور بہترین اور آسان اسلوب میں پیش کرنے کاسہرا مولانا کاشف  شہزاد عطّاری مدنی کے سر سجتاہے۔

(17)اقوالِ زرّیں :

اللہ پاک کے نیک بندوں کے علم و حکمت سے بھرپور فرامین اُن کی زندگی کے تجربات ، علم و عمل اور مشاہدات کا نچوڑ ہوتے ہیں ، ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں ان حکمت بھرے فرامین کو “ بزرگانِ دین کے مبارک فرامین “ کے نام سے اور مکمل طور پر باحوالہ پیش کیا جاتاہے۔

(18)آخر درست کیا ہے؟

 شیخُ الحدیث والتفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری  مُدَّ ظِلُّہُ الْعَالِی  کے تحقیقی قلم سے نکلے ہوئے اس منفرد سلسلے میں دینِ اسلام کی اہمیت اور اس پر ہونے والے اعتراضات کے جوابات کے ساتھ ساتھ لوگوں کی مزید اصلاح کا سامان مہیا کیا جاتا ہے۔ اس سلسلے کے تحت شائع ہونے والے مضامین کی تعداد تقریباً31 ہے۔

(19)تاجروں کے لئے :

بعض اوقات انسان مال کمانے میں اتنا مصروف ہوجاتا ہے کہ اسے حلال وحرام کی تمیز بھی نہیں رہ پاتی اور یہ چیز معاشرے میں بگاڑ پیدا کرنے کا ایک سبب بن جاتی ہے۔ اَلحمدُ لِلّٰہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں تاجروں کی اصلاح اور ان کے کارو باری مسائل کے حل کے لئے مختلف سلسلوں کا اہتمام ہے مثلاً “ احکامِ تجارت “ میں کاروباری مسائل کا قراٰن و سنّت کی روشنی میں آسان حل پیش کیا جاتا ہے ، جس میں اب تک193 فتاویٰ شائع ہوچکے ہیں۔ یہ سلسلہ محققِ اہلِ سنّت مفتی علی اصغر عطّاری مدنی  کے قلم سے جاری ہوتا ہے۔ مزید ان سلسلوں “ بزرگوں کے پیشے “ ، “ قراٰن میں مذکور پیشے “ اور “ تاجرصحابۂ کرام “ میں کئی انبیائے کرام علیہمُ السَّلام سمیت بہت سے بزرگانِ دین کے پیشوں کا تذکرہ کیا گیا ہے جو اپنے وقت کے عابد و زاہد اور علم و فن کے امام گزرے ہیں۔ اب تک 48 نفوسِ قدسیہ کے پیشوں کا ذکر اور 44 سے زائد دیگر تجارتی اور اصلاحی موضوعات شائع ہوچکے ہیں۔

(20)اسلامی بہنوں کے لئے :

 عورت معاشرے کا وہ بڑا اور اہم حصّہ ہےجو آنے والی نسلوں کو پروان چڑھاتا ہے اگر اس کی تعلیم و تربیت اسلامی اصولوں پر کی جائے تو یقیناً معاشرے پر بہترین اور اچھے اثرا ت بھی مرتب ہوں گے ، “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں اسں پہلو سے بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔ جس کیلئے عورتوں کو صحابیات و صالحات کی سیرت و کردار سے متعارف کروانے کے لئے “ تذکرۂ صالحات “ کے نام سے سلسلہ شائع کیا جاتاہے اس سلسلہ میں اُمّہاتُ المؤمنین (یعنی رسولِ کریم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی ازواجِ مطہّرات) ،  سرکارِ دو عالَم  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کی شہزادیوں اور صحابیات  رِضوانُ اللہِ علیہنّ  سمیت 61 نیک بیبیوں کا مبارک تذکرہ کیا جاچکا ہے۔ جبکہ عورتوں کو نماز ، روزہ اور دیگر پہلوؤں سے درپیش مسائل کے جوابات سلسلہ “ اسلامی بہنوں کے شرعی مسائل “ کے تحت شامل کئے جاتے ہیں اب تک اس میں 134 جوابات شائع ہوچکے ہیں۔ نیز کہانیوں کے ذریعے عورتوں تک اسلامی احکامات و معلومات پہنچانےکےلئےبھی “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں سلسلہ “ اسلامی بہنوں کے لئے تربیتی کہانی “ جاری رہاہے ، جس کے تحت 12 کہانیاں شائع ہوئی ہیں۔ نیز سلسلہ “ اسلام اور عورت “ کےتحت بھی اب تک 14 مضامین شائع کئے جاچکےہیں۔

(21)سیرتِ صحابہ و بزرگانِ دین :

فرمانِ مصطفےٰ  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  ہے : اَصْحَابِیْ کَالنُّجُوْمِ فَبِاَیِّھِمْ اِقْتَدَیْتُمْ اِہْتَدَیْتُمْ میرے صحابہ ستاروں کی طرح ہیں ، تم ان میں سے جس کی پیروی کرو گے ہدایت پا جاؤ گے۔ (مشکاۃ المصابیح ، جزء3 ، 2 / 414 ، حدیث : 6018) ان روشن ستاروں کی سیرت و کردار سے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے سلسلہ “ روشن ستارے “ کے تحت خلفائے راشدین  رضی اللہُ عنہم  سمیت  50 سے زائد صحابۂ کرام  علیہمُ الرّضوان  کا ذکرِ خیر شائع کیاجاچکا ہے۔ اس سلسلے کے مضامین مولانا ابوعبید عدنان احمد عطّاری مدنی کے قلم کا شاہ کار ہیں۔

جبکہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے قارئین کو بزرگانِ دین کا مختصر تعارف اور اعراس کی معلومات دینے کیلئے “ اپنے بزرگوں کو یاد رکھئے “ کے تحت 830 بزرگانِ دین کا ذکر شائع ہوچکا ہے۔ بزرگانِ دین کا یہ ذکرِ خیر ایک محققانہ اور علمی انداز میں تذکرۃ الاعلام کی طرز پر پیش کیا جاتاہے جو کہ نگرانِ مجلس المدینۃُ العلمیہ ، رکنِ شوریٰ مولانا حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطّاری مدنی کے کثیر مطالعہ اور علمی ذوق کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ اس کے علاوہ بزرگانِ دین و صالحین کی مبارک سیرت کے متعلق کچھ تفصیلی معلومات کیلئے سلسلہ “ تذکرۂ صالحین “ کے تحت 50 سے زائد صالحین کا ذکر شامل کیا چکا ہے۔

(22)صحت و تندرستی :

صحت و تندرستی اللہ پاک کی کتنی عظیم نعمت ہے اس کا صحیح انداز ہ اور قدرعام طورپر بیمار شخص کو ہوتی ہے لہٰذا صحت کی حفاظت ضروری بھی ہے اور اہم بھی۔ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کا سلسلہ “ مدنی کلینک “ اسی اہمیت کو اُجاگر کرتا ہے جس میں مختلف بیماریوں ، ان کی علامات اور ان کے طبّی اور روحانی علاج بھی بیان کئے جاتے ہیں اس سلسلہ میں 50سے زائد مضامین شاملِ اشاعت کئے گئے ہیں۔ ان سلسلوں کی ایک خصوصیت یہ بھی ہے کہ یہ مضامین مستند ڈاکٹر صاحب اور حکیم صاحب سے تصدیق کروانے کے بعد شائع ہو تے ہیں۔

(23)اشعار کی تشریح :

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ کے سلسلے “ اشعار کی تشریح “ میں اعلیٰ حضرت  رحمۃ اللہ علیہ ، مولانا حسن رضا خان  رحمۃ اللہ علیہ  اور بعض دیگراکابرین کے ایک یا دو منتخب اشعار کی عام فہم شرح بیان کی جاتی ہے ، اب تک 86 اشعار کی شرح پر 56مضامین شائع ہوچکے ہیں جو کہ مولانا کاشف شہزاد عطّاری مدنی اور مولانا راشد علی عطّاری مدنی کی تحریری خدمات کا نتیجہ ہیں۔

(24)قارئین کے صفحات :

 “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں قارئین کے  تأثرات کے لئے بھی صفحات مختص ہیں جن میں موصول ہونے والے تأثرات کو بعنوان “ آپ کے تأثرات “ شامل کیا جاتا ہے ، اب تک تقریباً قارئین کے 500 تأثرات شائع ہوچکے ہیں۔

(25)اے دعوتِ اسلامی تِر ی دھوم مچی ہے :

 اَلحمدُلِلّٰہ عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی تقریباً دنیا بھر میں80سے زائد شعبہ جات میں دینِ اسلام کی خدمت کے لئے کوشاں ہے ، ان دینی کاموں سے آگاہی کے لئے “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “ میں ملک و بیرونِ ملک جاری دینی کاموں کا مختصر ذکر کیا جاتاہے۔

(26)اہم ایونٹس :

 معمول کے مضامین کے  علاوہ “ ماہنامہ فیضانِ مدینہ “  میں اہم دینی و دنیوی ایونٹس کے موقع پر بھی خصوصی مضامین شامل کئے جاتے ہیں۔ ان ایونٹس میں میلادِ مصطفےٰ ، عاشورا ، گیارھویں شریف ، رمضانُ المبارک اور اعراسِ خلفائے راشدین اور عرسِ اعلیٰ حضرت وغیرہ شامل ہیں۔

(27) نئے لکھاری :

ماہنامہ فیضانِ مدینہ میں جہاں مؤلفین و مصنفین کے شاہکار مضامین شائع ہوتے ہیں وہیں نئے لکھاریوں کی قلمی تربیت کا اہتمام بھی ہوتا ہے۔ اس کے لئے  اَلحمدُلِلّٰہ “ نئے لکھاری “ کے نام سے سلسلہ جاری ہے جس کے تحت ہر ماہ نئے لکھاریوں کے تین مضامین شائع کئے جاتے ہیں جبکہ بقیہ سبھی مضامین شرعی تفتیش کے بعد دعوتِ اسلامی کی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کئے جاتے ہیں ، یہ مضامین اس لنک پر دیکھے جا سکتے ہیں : https : / / news.dawateislami.net اس سلسلے کے جملہ امور مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی سنبھالتے ہیں۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، شعبہ ذمہ دار ماہنامہ  فیضانِ مدینہ ، کراچی

 


Share

Articles

Comments


Security Code