استنبول میں فیضانِ مدینہ کا افتتاح

سفر نامہ

استنبول میں فیضانِ مدینہ کا افتتاح

*مولانا عبدالحبیب عطّاری

ماہنامہ فیضانِ مدینہ نومبر 2022

 ترکی کے دارُ الحکومت استنبول میں دعوتِ اسلامی کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کے افتتاح کے لئے 3 مارچ 2022 بروز جمعرات صبح تقریباً 7 بجے کی فلائٹ سے نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی سمیت تقریباً 15 اسلامی بھائی کراچی سے روانہ ہوئے جن میں تاجران کی ایک تعداد بھی شامل تھی۔ کراچی ایئرپورٹ پر باجماعت نمازِ فجر ادا کرکے ہم براستہ دبئی استنبول روانہ ہوئے۔ جب ہم استنبول پہنچے تو مقامی وقت کے مطابق دوپہر تقریباً ڈھائی بجے کا وقت تھا۔ عاشقانِ رسول کی ایک تعداد نگرانِ شوریٰ اور مدنی قافلے کو خوش آمدید کہنے کے لئے موجود تھی۔

اس قافلے میں شامل ہونے کے لئے پاکستان کے علاوہ جرمنی ، فرانس ، اٹلی ، اسپین ، بیلجیئم ، U.K ، ساؤتھ افریقہ اور موزمبیق سمیت کئی ملکوں سے اسلامی بھائی تشریف لائے۔

مدنی مشورہ جمعرات کی رات بالخصوص U.K کے اسلامی بھائیوں کے ساتھ مدنی مشورے کا سلسلہ رہا جس میں عربی اسلامی بھائیوں میں دینی کام کرنے اور عرب دنیا میں دعوتِ اسلامی کے پیغام کو عام کرنے سے متعلق مشاورت ہوئی۔

فیضانِ مدینہ استنبول میں نمازِ جمعہ اگلے دن اَلحمدُ لِلّٰہ استنبول کے مدنی مرکز میں باقاعدہ طور پر پہلی نمازِ جمعہ کے لئے مجھے اذان دینے کی سعادت ملی ، نگرانِ شوریٰ نے ’’ راہِ خدا میں سفر اور دین کی خدمت ‘‘  سے متعلق سنتوں بھرا بیان فرمایا۔ اس کے بعد جانشینِ امیرِ اہلِ سنّت حضرت مولانا حاجی عبید رضا عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے خطبۂ جمعہ پڑھنے کے بعد نمازِ جمعہ کی امامت فرمائی۔ اس موقع پر عاشقانِ رسول کی ایک کثیر تعداد موجود تھی۔ فرض نماز کے بعد مدنی مرکز کیلئے کوششیں کرنے اور اپنا حصہ ملانے والوں کے لئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ اس پُر مسرت موقع پر کئی اسلامی بھائیوں کی آنکھیں اشکبار تھیں ، بالخصوص ترکی کے مبلغین کی خوشی دیدنی تھی۔

نمازِ جمعہ سے فارغ ہونے کے بعد ایک شامی عاشقِ رسول نے عربی زبان میں صلوٰۃ و سلام پڑھا۔ اس کے بعد آپس میں ملاقات اور مبارک باد دینے کا سلسلہ رہا پھر آخر میں لنگرِ رضویہ کی ترکیب بنی۔

مختلف مدنی مشورے نمازِ عصر کے بعد دیگر ملکو ں کے اسلامی بھائیوں کے ساتھ مشاورت کا سلسلہ رہا جبکہ جمعہ کی شام کو ہند سے بھی کچھ ذمہ دار اسلامی بھائیوں کا قافلہ استنبول مدنی مرکز پہنچ گیا ، اس کے بعد مسلسل مدنی مشوروں کا سلسلہ رہا۔ ترکی میں دینی کاموں کو بڑھانے سے متعلق بات ہوئی ، U.K اور یورپ میں مسلمانوں کو درپیش مسائل پر تبادلۂ خیال ہوا ، ترکی کے اس مدنی مرکز کے ذریعے یہاں نیکی کی دعوت کی دھومیں مچانے سے متعلق کچھ منصوبوں پر بات ہوئی۔ ان منصوبوں کیلئے کثیر رقم کی ضرورت تھی ، کچھ اسلامی بھائیوں نے اس میں اپنے عطیات  ( Donations )  ملانے کی نیتیں کی ۔

 یہاں ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین سے میری گزارش ہے کہ دعوتِ اسلامی روز بروز دینی کاموں کو بڑھاتی جارہی ہے لہٰذا آپ سب اپنے عطیات  ( Donations )  میں دعوتِ اسلامی کو یاد رکھیں۔ ابھی دنیا کے کئی ایسے ملک اور بہت سے ایسے شہر ہیں جہاں ہم نے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بنانے ہیں ، پہلے سے موجود مدنی مراکز کو مزید بہتر کرنا ہے اور دنیا کے کونے کونے میں اسلام کے پرچم کو بلند کرنا ہے۔

جامعاتُ المدینہ U.K کے طلبہ یا د رہے کہ U.Kکے جامعاتُ المدینہ کے تقریباً ڈیڑھ سو طلبائے کرام بھی استنبول مدنی مرکز میں 3 دن کے سنتوں بھرے اجتماع میں شریک تھے جن کی اخلاقی و تنظیمی تربیت کیلئے بیانات کا سلسلہ جاری تھا۔ اِن شآءَ اللہ ہمارے یہ طلبہ درسِ نظامیِ کرنے کے ساتھ ساتھ دینی کاموں کی تربیت بھی لیتے لیتے جب عالمِ دین بنیں گے تو ان کے ذریعے برِ اعظم یورپ میں دینی کاموں میں خوب اضافہ ہوگا۔

میزبانِ رسول کے قدموں میں حاضری 5 مارچ بروز ہفتہ نمازِ فجر سے پہلے 5 بسوں کے ذریعے ہمارا مدنی قافلہ میزبانِ رسول حضرت سیدنا ابوایوب انصاری رضی اللہ عنہ کے مزارِ پُرانوار پر حاضری کے لئے روانہ ہوا۔ مزار شریف سے متصل مسجد میں نمازِ فجر باجماعت اور پھر پُرکیف حاضری کا عجب منظر تھا۔ اس کے علاوہ حضرت ابو درداء ، حضرت کعب بن مالک اور حضرت شیبہ رِضوانُ اللہ علیہم اجمعین کے مزارات پر حاضری دی۔ مزارات کی زیارت کے بعد ہم نے فیضانِ مدینہ واپس آکر آرام کیا۔

عربی عالمِ دین کی شفقتیں دوپہر میں یہاں کے ایک عربی عاشقِ رسول ، عالمِ دین شیخ سید محمود مُدَّ ظِلُّہُ العالی    نے ہمارے مدنی قافلے کے تقریباً ڈھائی سو سے تین سو اسلامی بھائیو ں کی شاندار دعوت کی۔ ان عالم صاحب نے اپنے مدرسے کی پوری عمارت کو جامعۃُ المدینہ U.K کے طلبۂ کرام کے لئے خالی کردیا تھا اور ان کے کھانے پینے کا انتظام وہیں تھا۔

دعوت سے واپس آکر ہم نے فیضانِ مدینہ میں کچھ دیر آرام کیا اور پھر نمازِ عصر کے بعد مختلف ممالک کے اسلامی بھائیوں کے مدنی مشورے شروع ہوگئے۔

مدنی مذاکرہ پاکستان اور ترکی کے ٹائم میں 2گھنٹے کا فرق ہے یعنی پاکستان میں 10 بج رہے ہوں تو ترکی میں 8بج رہے ہوتے ہیں ، نمازِ مغرب کی ادائیگی کے بعد چونکہ پاکستان میں مدنی مذاکرے کا وقت ہوچکا تھا تو ہم نے اجتماعی طور پر مدنی مذاکرے میں شرکت کی اور امیرِ اہلِ سنّت کے ملفوظات سنے۔

ماہنامہ فیضانِ مدینہ کے قارئین!آپ دنیا کے جس کونے سے بھی تعلق رکھتے ہوں ، کوشش کریں کہ ہر ہفتے کو پاکستانی وقت کے مطابق نمازِ عشا کے بعد ہونے والے مدنی مذاکرے میں شرکت کریں۔ شیخِ طریقت امیرِ اہلِ سنّت مدنی مذاکرے میں مختلف سوالات کے جوابات دیتے ہوئے انمول مدنی پھول عطا فرماتے ہیں۔ اِن شآءَ اللہ پابندی کے ساتھ مدنی مذاکرہ دیکھنے سے آپ کو ایسی معلومات بھی حاصل ہوں گی جو شاید طویل عرصہ تک مطالعہ کرکے بھی نہ مل سکیں۔

نمازِ عشا کے بعد نگرانِ شوریٰ نے تمام اسلامی بھائیوں کے درمیان بیان فرمایا جس کے آخر میں سوال جواب کا سلسلہ بھی ہوا۔

اللہ پاک استنبول کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کیلئے کسی بھی طرح کا تعاون یا کوشش کرنے والوں کو شاد و آباد رکھے اور اس مدنی مرکز کے ذریعے نیکی کی دعوت خوب عام فرمائے۔

 اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* رکنِ شوریٰ و نگرانِ مجلس مدنی چینل


Share

Articles

Comments


Security Code