دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی

 ” ماہنامہ فیضانِ مدینہ “  نومبر 2022


15اگست کو نعت خوان حضرات کا مدنی مذاکرہ منعقد

مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنّت نے مدنی پھول ارشادفرمائے

تفصیلات کے مطابق دعوتِ اسلامی کے عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں 15 اگست 2022ء کو عشا کی نماز کے بعد نعت خوان اسلامی بھائیوں کا مدنی مذاکرہ منعقد ہوا جس میں معروف نعت خوان حضرات اور نقیب و محفل آرگنائزرز نے شرکت کی۔مدنی مذاکرے میں امیرِ اہلِ سنت علامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے شُرَکا کو مدنی پھول ارشاد فرمائے۔ مدنی مذاکرے میں معروف نعتیہ شاعر علامہ نثار علی اجاگر اور معروف ثناخوانوں  ” علامہ بلال اویسی قادری ، محمد صدیق اسماعیل قادری ، حافظ طاہر قادری ، حافظ احسن قادری ، حافظ غلام مصطفیٰ قادری ، سید ریحان قادری ، قاری محسن قادری ، محمد اسد عطّاری مدنی ، محمد فرحان قادری ، محمد شاہ رخ قادری ، عبداللہ خلیل قادری ، محمد ذیشان قادری ، شبیرابوطالب قادری ، حافظ ارسلان قادری ، غلام مصطفیٰ عطّاری ، سید حسان اللہ حسینی اور محمد حسّان قادری “  سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے مذاکرے میں شریک عاشقانِ رسول کو اخلاص کے ساتھ دین کا کام کرنے ، نعتیہ کلاموں کو پڑھنے میں احتیاطوں کا خیال رکھنے اور سادگی اپنانے سمیت دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے کا بھی ذہن دیا۔ واضح رہے کہ دعوتِ اسلامی کی جانب سے کراچی کے علاوہ فیصل آباد ، لاہور اور اسلام آباد سمیت متعدد مقامات پر یہ مدنی مذاکرہ اجتماعی طور پر دیکھا گیا جن میں مقامی نعت خوان اور عاشقانِ رسول شریک تھے۔

دار العلوم نعیمیہ کراچی میں شجر کاری

پروفیسر مفتی منیب الرّحمٰن صاحب اور رکن شوریٰ

 حاجی محمد شاہد عطّاری مدنی نے شجرکاری کی

یکم اگست 2022ء سے ملک بھر میں شجر کاری مہم کا سلسلہ جاری ہے جس میں اراکینِ شوریٰ اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی سرکاری و نجی اداروں میں جاکر پودے لگانے کی سعادت حاصل کررہے ہیں۔ اسی سلسلے میں 23اگست 2022ء کو رکنِ شوریٰ حاجی ابو ماجد محمد شاہد عطّاری مدنی ، FGRF کے حاجی الطاف عطّاری ، فواد عطّاری اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ اہلِ سنّت کی عظیم دینی درسگاہ دارُ العلوم نعیمیہ کراچی پہنچے جہاں انہوں نے پروفیسر مفتی منیبُ الرحمٰن صاحب حفظہ اللہ سے ملاقات کی۔ رکنِ شوریٰ اور دیگر ذمہ داران نے مفتی صاحب کے ساتھ مل کر ادارے میں شجر کاری کرتے ہوئے پودے لگائے جس کے بعد مفتی منیبُ الرحمٰن صاحب نے ملک و قوم کی سلامتی کے لئے دعا بھی کی۔

فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں طلبہ کا عظیمُ الشان اجتماع

اجتماع میں جامعاتُ المدینہ کے تقریباً 16 ہزار طلبہ کی شرکت

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام 23 اگست 2022ء کو مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور میں طلبۂ کرام کے درمیان سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں لاہور اور اطراف کے شہروں میں قائم جامعاتُ المدینہ کے 16 ہزار طلبۂ کرام ، اساتذہ اور ناظمین نے شرکت کی۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران حاجی مولانا محمد عمران عطّاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے  ” عبادت کی لذت “ کے موضوع پر سنتوں بھرا بیان کیا اور طلبہ کی تربیت کرتے ہوئے انہیں پابندی کے ساتھ قراٰنِ پاک کی تلاوت اور اس کے احکامات پر عمل کی ترغیب دلائی۔ نگرانِ شوریٰ کا مزید کہنا تھا کہ طلبہ کو سبق یاد نہ ہونے یا معاشی مسائل کے سبب تعلیم ادھوری نہیں چھوڑنی چاہئے۔ اس موقع پر نگرانِ پاکستان مشاورت حاجی محمد شاہد عطّاری ، اراکین شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری ، مولانا حاجی محمد اسد عطّاری مدنی ، مولانا حاجی محمد جنید عطّاری مدنی ، حاجی برکت علی عطّاری ، نگرانِ شعبہ پروفیشنلز ڈیپارٹمنٹ محمد ثوبان عطّاری ، نگرانِ مجلس جامعاتُ المدینہ  ( بوائز )  پاکستان مولانا ظفر عطّاری مدنی ، تعلیمی امور پاکستان کے مولانا گل رضا عطّاری مدنی اور صوبائی ذمہ دار مولانا ناظم شاہ عطّاری بھی موجود تھے۔

دعوتِ اسلامی کے وفد کی گیمبیا میں وزیر مذہبی امور شیرف ابا سانیانگ سے ملاقات

شیرف ابا سانیانگ کودعوتِ اسلامی کی خدمات کے حوالے سے بریف کیا گیا

18 اگست 2022ء کو دعوتِ اسلامی کے وفد نے گیمبیا ، ویسٹ افریقہ میں وزیر مذہبی امور شیرف اباسانیانگ سے ملاقات کی۔ وفد میں نگرانِ شعبہ پبلک ریلیشن یوکے حاجی سید فضیل رضا عطّاری اور دیگر ذمہ داران شامل تھے۔حاجی فضیل عطّاری نے انہیں دعوتِ اسلامی کی دینی ، تعلیمی و فلاحی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی جس کو شیرف ابا سانیانگ نے خوب سراہا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

داتا گنج بخش ٹاؤن لاہور میں جامعۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح

افتتاحی تقریب میں رکنِ شوریٰ حاجی یعفور عطّاری کا بیان

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام لاہور پنجاب کے علاقے داتا گنج بخش ٹاؤن میں جامعۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح ہوا۔خوشی کے اس موقع پر محفلِ نعت کا انعقاد کیا گیا۔ آخر میں دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلسِ شوریٰ کے رکن حاجی یعفور رضا عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کرتے ہوئے وہاں موجود اسلامی بھائیوں کو دینِ اسلام کی خدمت کرنے اور اپنے مرحومین کے ایصالِ ثواب کے لئے مساجد و مدارس اور جامعات کی تعمیرات میں حصہ لینے کی ترغیب دلائی۔اس موقع پر نگرانِ ٹاؤن مشاورت سمیت دیگر شعبہ جات کے ذمہ داران بھی موجود تھے۔


ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃُ المدینہ ، شعبہ دعوتِ اسلامی کےشب وروز ، کراچی


Share

Articles

Comments


Security Code