Book Name:2 Buland Rutba Shakhsiyat
اللہ پاک کی رحمت ہو ، میں گواہی دیتا ہوں کہ میں نے اللہ پاک کے رسول صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو فرماتے سنا ہے : اے سُرَّق ! تم ایک چٹیل میدان میں مرو گے اور تمہیں میری اُمت کا بہترین آدمی دَفن کرےگا۔یہ غیبی آواز سن کر حضرت عمر بن عبدالعزیز رَحمۃُ اللہ علیہ نے اس آواز دینے والے سے پوچھا : اللہ پاک تم پر رحم فرمائے ، تم کون ہو ؟ اس نے کہا : ہم جنّات میں سے ہیں اس کا نام سُرَّق ہے ، ہم اُن جِنّات میں سے ہیں جنہوں نے مدینے کے تاجدار ، دو عالم کے سردار صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم سے بیعت کی ہے ، ہم دونوں کے سوا اُن میں سے کوئی بھی زندہ نہیں رہا ، میں نے رسولُ اللہ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو فرماتے سنا تھا : اے سُرَّق ! تم چٹیل میدان میں دم توڑو گے اور تمہیں میرا بہترین اُمّتی دَفن کرے گا۔ ( [1] )
سُبْحٰنَ اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو ! اس ایمان افروز واقعہ سے 2 باتیں معلوم ہوئیں؛ ( 1 ) : یہ کہ ہمارے پیارے آقا ، مدینے والے مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم اللہ پاک کی عطا سے غیب کی خبریں جانتے ہیں ، تبھی تو آپ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے اُس صحابئ رسول جِنّ سُرَّق کو اُن کی وفات کے مقام کے متعلق بھی بتا دیا اور یہ بھی بتا دیا کہ انہیں کون شان و عظمت والا دَفَن کرنے کی سَعَادت حاصِل کرے گا۔
سب مِثلِ ہتھیلی پیشِ نظر ، ہر غیب عَیاں ہے سینے پر
یہ نورِ نظر ، یہ چشمِ بَصَر ، یہ علم و حکمت کیا کہنا... ! ! ( [2] )
( 2 ) : پیارے اسلامی بھائیو ! اس واقعہ سے دوسری بات یہ معلوم ہوئی کہ اَمِیُر الْمُؤْمِنِین حضرت عمر بن عبد العزیز رَحمۃُ اللہ علیہ اُمَّت کے بہترین آدمیوں میں سے ایک ہیں۔