Book Name:Ghazwa e Badar Say Hum Nay Kia Seekha
یہ وہ 3 کام ہیں جو کامیابی کے حُصُول کے لئے ہم نے کرنے ہیں : ( 1 ) : اللہ و رسول کی اطاعت ( 2 ) : آپس میں اتفاق واتحاد ( 3 ) : صبر۔اب وہ 3 کام سنیئے ! کہ کامیابی کے حُصُول کے لئے جو نہ کرنا ضروری ہے۔
( 4 ) : تکبر کا نہ ہونا
اللہ پاک نے فرمایا :
وَ لَا تَكُوْنُوْا كَالَّذِیْنَ خَرَجُوْا مِنْ دِیَارِهِمْ بَطَرًا ( پارہ : 10 ، سورۂ انفال : 47 )
ترجمہ کَنْزُ العرفان : اور ان لوگوں جیسا نہ ہونا جو اپنے گھروں سے اِتراتے ہوئے نکلے ۔
یہ غزوۂ بدر میں کفّار کی شکست کے اَسْباب کا بیان ہے کہ وہ ایک ہزار کی تعداد میں تھے ، جنگجو بھی تھے ، ساز و سامان بھی ان کے پاس زیادہ تھا ، ظاہِری اسباب بھی ان کے پاس زیادہ تھے اور مسلمانوں کا 313 کا لشکر ہے ، تلواریں بھی پُوری نہیں ہیں ، کھانے پینے کا سامان بھی پُورا نہیں ہے ، تعداد بھی دو گُنَا کم ہے ، اس کے باوُجُود کفّارِ مکہ کوشکست کیوں ہوئی ؟ ان کی ناکامی کے اَسْباب کیا تھے ؟ اللہ پاک نے وہ اَسْباب ہمیں بتائے مگر خطاب ہمیں ہی کیا یعنی اُن کی ناکامی کے جو اَسْباب تھے ، ہمیں فرمایا کہ تم یہ کام کبھی مت کرنا۔ وہ اَسْبَاب کیا ہیں ؟ فرمایا :
خَرَجُوْا مِنْ دِیَارِهِمْ بَطَرًا ( پارہ : 10 ، سورۂ انفال : 47 )
ترجمہ کَنْزُ العرفان : اپنے گھروں سے اِتراتے ہوئے نکلے ۔
یہ ناکامی کا بنیادی سبب ہے؛ * اِترا جانا * میں میں کرنا * اپنے بازؤوں پر * اپنی طاقت پر * اپنی عقل پر * اپنے پیسے پر * اپنی ذہانت پر بھروسہ کرنا اور کہنا کہ میں یہ کام کرلوں گا۔ یہ چیز اِنْسان کو تباہ و برباد کر دیتی ہے۔