Book Name:Jannat Ke Kharidar
الحمد للہ ! عاشقانِ رسول کی دینی تحریک دعوتِ اسلامی مسجد بناؤ تحریک بھی ہے اور مسجد بھرو تحریک بھی ہے یعنی دعوتِ اسلامی مسجدیں بناتی بھی ہے ، پِھر مسجد کو آباد کرنے اور آباد رکھنے کی بھی بَھر پُور کوشش ( Effort ) کرتی ہے۔ مُلک و بیرونِ مُلْک ( Overseas ) میں اب تک الحمد للہ ! سینکڑوں مسجدَیں تعمیر ہو چکی ہیں۔ آپ بھی اس نیک کام میں دعوتِ اسلامی کا ساتھ دیجئے ! ہمّت ، توفیق ہو تو پُوری مسجد ہی بنوا دیجئے ! یہ نہ کر سکیں تو جتنا ہو سکے ، دعوتِ اسلامی کے ساتھ تعاوُن کیجئے ! اِنْ شَآءَ اللہ الْکَرِیْم ! مسجد بنے گی ، صدیوں تک لوگ اس میں نماز پڑھتے رہیں گے ، ہمیں ثواب ملتا رہے گا۔ اللہ پاک ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ۔
( 3 ) : بِئْرِ رُوْمَہ کے بدلے جنتی چشمہ
پیارے اسلامی بھائیو ! مسلمانوں کے تیسرے خلیفہ حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ جنّت کے خریدار ہیں ، آپ نے ایک مرتبہ نہیں بلکہ کئی مرتبہ جنّت خریدی ہے۔ اس تعلق سے ایک واقعہ بڑا مشہور ہے۔ جب صحابۂ کرام علیہم الرِّضْوَان ہجرت کر کے مدینۂ پاک آئے تو یہاں پانی کی کمی کا سامنا ہوا ، اس وقت مدینۂ پاک میں ایک کُنْواں تھا ، جسے بِئْرِ رُومہ کہا جاتا ہے ، اس کُنْویں کا مالِک پانی بیچا کرتا تھا ، چنانچہ پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے یہ ضمانت دی کہ اس کنویں کو مسلمانوں کے لئے وقف کر دیا جائے تو اس کے بدلے جنّتی چشمہ عطا کیا جائے گا۔ یہ خبر جب حضرت عثمانِ غنی رضی اللہ عنہ تک پہنچی تو آپ نے وہ کُنْواں خریدا اور راہِ خُدا میں وقف کر دیا۔ ( [1] )