Farooq e Azam Ke Ala Ausaf

Book Name:Farooq e Azam Ke Ala Ausaf

شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ کی ایک پیاری تمنّا

پیارے اسلامی بھائیو ! مولائے کائنات ، مولیٰ علی ، شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ بہت بلند رُتبہ صحابی ہیں ، امام حسن و حُسَین   رَضِیَ اللہ عنہما کے والِدِ محترم بھی ہیں ، مسلمانوں کے چوتھے خلیفہ بھی ہیں ، آپ کی شان و عظمت سے کون واقِف نہیں ہے۔ آئیے ! مولیٰ علی شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ کی ایک خُوب صُورت تمنّا سنتے ہیں :

حضرت مولیٰ علی رَضِیَ اللہ عنہ فرماتے ہیں : ایسا اَعْمَال نامہ جو میں روزِ قیامت اللہ پاک کے حُضُور لے کر حاضِر ہونا چاہتا ہوں ، ایسا اَعْمَال نامہ مسلمانوں کے دوسرے خلیفہ حضرت عمر فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہ عنہ کا ہے۔  ( [1] )

اللہ ! اللہ ! پیارے اسلامی بھائیو ! یقیناً حضرت علی المرتضیٰ شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ خُود بھی بہت بلند رُتبہ ہیں ، آپ کی پاکیزہ سیرت ، آپ کے کردار ( Character ) ، آپ کے اَخْلاق و عادات ، عبادات وغیرہ میں بھی کوئی کمی نہیں ، آپ بھی انتہائی باکمال ہیں لیکن ہر کمال والا زیادہ کمال کی طرف رغبت رکھتا ہے ، یقیناً مولیٰ علی رَضِیَ اللہ عنہ کا یہ فرمانِ عالی شان ہماری تعلیم کے لئے ہے ، آپ اس سے اندازہ لگائیے ! حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہ عنہ کی سیرت ، آپ کا کردار کتنا عظیمُ الشان ہے۔ یہ ذہن  میں رہے کہ اَعْمال نامے میں انسان کا ہر چھوٹا بڑا عَمَل دَرْج ہوتا ہے ، گویا مولیٰ علی شیرِ خُدا رَضِیَ اللہ عنہ فرما رہے ہیں کہ ہر وہ چھوٹے سے چھوٹا اوربڑے سے بڑا عَمَل جو حضرت فاروقِ اعظم رَضِیَ اللہ عنہ کے اَعْمَال نامے میں لکھا گیا ہے ، میں چاہتا ہوں کہ بالکل ویسے ہی اَعْمَال میرے اَعْمَال نامے میں بھی دَرْج ہوں۔


 

 



[1]...مستدرک ، کتاب معرفۃ الصحابہ رضی اللہ عنہم ، استئذان عمر…الخ ، جلد : 4 ، صفحہ : 49 ، حدیث : 4579خلاصۃً۔