Book Name:Asma ul Husna (ALLAH Pak Ke Pyare Naam)
2- اللہ پاک کو اَسْماءِ حُسنیٰ کے ذریعے ہی پُکارو!
اے عاشقانِ رسول ! اَسْماءِ حُسنیٰ والی آیت جو ابتدا میں ہم نے سُنی، اس میں اَسْماءِ حُسنیٰ کا ذِکْر کرکے اللہ پاک نے فرمایا:
فَادْعُوْهُ بِهَا۪- (پارہ:9،سورۃالاعراف:180)
ترجمہ کنز العرفان: تَو اسے ان ناموں سے پُکارو
اللہ پاک کو اَسْمَاءِ حُسنیٰ سے پُکارئیے!
پیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک کو اُس کے پیارے پیارے، اچھے اچھے اَسْمَاءِ حُسنیٰ سے پُکارئیے! *جب بھی دُعا مانگیں تو اَسْمَاءِ حسنیٰ کے ذریعے اللہ پاک کو پُکاریں *یا اللہ! کہیں *یارَبّ! کہیں *یا رحمٰن! کہیں *یارحیم! یَاکریْم! یَاغَفّار! یاسَتّار! کہیں *اسی طرح اللہ پاک کا ذِکْر کریں تَو بھی انہی اَسْماءِ حسنیٰ کے ذریعے اللہ پاک کا ذِکْر کریں *گفتگو کے دوران اللہ پاک کا ذِکْر ہو تب بھی اللہ پاک کے اَسْمَاءِ حُسنیٰ کے ذریعے ہی اللہ پاک کا ذِکْر کیا کریں ہمارا پیارا اللہ پاک رحمٰن ہے، رحیم ہے، جَوَّاد ہے، کریم ہے، حلیم، غَفُور، مجید، سَتّار ہے، رزَّاق ہے، یہ سارے اللہ پاک کے اَسْمَاءِ حُسنیٰ ہیں، لہٰذا آپس میں بات چیت کرتے ہوں تب بھی کمال ادب کے ساتھ اللہ پاک کا ذِکْر کیا جائے مثلاً یُوں کہا جائے: *اللہ رَحْمٰنُ و رحیم نے فرمایا *میں غَفَّار و سَتّار کا بندہ ہوں *اللہ پاک تَوَّاب ہے، بہت توبہ قبول فرماتا ہے۔ غرض؛ اللہ پاک کو جب بھی پُکاریں، اللہ پاک کا ذِکْر کریں تو انہی اَسْماءِ حُسنیٰ کے ذریعے اللہ پاک کو پُکاریں اور ذِکْر کریں۔
صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب! صَلَّی اللّٰہُ عَلٰی مُحَمَّد