Kitabullah Ki Ahmiyat

Book Name:Kitabullah Ki Ahmiyat

پتا چلا؛ ہماری عقل محدود ہے، ہم سب کچھ اپنی عقل سے نہیں سیکھ سکتے، ہر بات کو اپنی عقل سے حل نہیں کر سکتے، ہم دِین کے محتاج ہیں، کِتَابُ اللہ کے محتاج ہیں، ہمیں ہدایت ملنی ہے تو صِرْف و صِرْف اللہ پاک کی کِتَاب سے ملنی ہے بلکہ سچّی بات یہ ہے کہ دُنیا بھی سنورتی ہے تو دِین کی بَرَکت سے سنورتی ہے اور آخرت کی کامیابی بھی ملتی ہے تو دِین کی برکت سے ملتی ہے۔

کِتَابُ اللہ دِین و دُنیا میں کامیابی کا ذریعہ

اللہ پاک قرآنِ کریم میں فرماتا ہے:

وَ لَوْ اَنَّ اَهْلَ الْكِتٰبِ اٰمَنُوْا وَ اتَّقَوْا لَكَفَّرْنَا عَنْهُمْ سَیِّاٰتِهِمْ وَ لَاَدْخَلْنٰهُمْ جَنّٰتِ النَّعِیْمِ(۶۵) (پارہ:6، المائدۃ:65)

تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اور اگر اہلِ کتاب ایمان لاتے اور پرہیزگاری اختیار کرتےتو ضرور ہم ان کے گناہ مٹا دیتے اور ضرور انہیں نعمتوں کے باغوں میں داخل کرتے۔

یہ اَہْلِ کتاب کے لئے آخرت میں کامیابی کی ضمانت ہے کہ اَہْلِ کِتَاب جن کے لئے آسمانی کتابیں اُتاری گئیں، اگر یہ ایمان قُبُول کر لیتے، تقویٰ اختیار کر لیتے تو اُن کی خطائیں مِٹا دی جاتیں اور اُنہیں نعمتوں والی جنّت میں داخِل کر دیا جاتا۔ مزید فرمایا:

وَ لَوْ اَنَّهُمْ اَقَامُوا التَّوْرٰىةَ وَ الْاِنْجِیْلَ وَ مَاۤ اُنْزِلَ اِلَیْهِمْ مِّنْ رَّبِّهِمْ لَاَكَلُوْا مِنْ فَوْقِهِمْ وَ مِنْ تَحْتِ اَرْجُلِهِمْؕ- (پارہ:6، المائدۃ:66)

تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اور اگر و ہ تورات اور انجیل اور جو کچھ ان کی طرف ان کے ربّ کی جانب سے نازِل کیا گیا اسے قائم کر لیتے تو انہیں ان کے اوپر سے اور ان کے قدموں کے نیچے سے رزق ملتا۔