Book Name:Sidra Tul Muntaha Ke Waqiyat
ویسے تو سَفَرِ مِعْراج کا ایک ایک حصّہ ہی اپنے اندر بہت سارے سبق، بہت سارے عجائبات لئے ہوئے ہے، البتہ سِدْرَۃُ الْمُنْتہیٰجو آسمانی سَفَر کی آٹھویں منزل ہے، یہاں کیا کیا واقعات پیش آئے، کیا کیا مشاہدات پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمائے، آج ہم بطور خاص ان کا ذِکْر سننے کی سَعَادت حاصِل کریں گے۔
ہم نے شروع میں پارہ:27، سورۂ النجم کی آیت 13تا 16 سننے کی سَعَادت حاصِل کی، اللہ پاک فرماتا ہے:
وَ لَقَدْ رَاٰهُ نَزْلَةً اُخْرٰىۙ(۱۳)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اور انہوں نے تو وہ جلوہ دوبار دیکھا۔
یعنی محبوبِ ذیشان، مکی مدنی سلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم جب اللہ پاک کے دِیدار کا شَرف پا کر واپس لوٹ رہے تھے، اس لوٹتے وقت آپ نے جلوۂ نُورِ اِلٰہی پِھر دیکھا، ایک دو بار نہیں بلکہ بار بار دیکھنے کا شرف پایا۔
عُلَمائے کرام فرماتے ہیں: یہ حضرت موسیٰعَلَیْہِ السَّلَام والے واقعہ کی طرف اِشارہ ہے کہ انہوں نے عرض کیا: مَحْبُوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم! آپ کی اُمّت 50 نمازیں نہ پڑھ پائےگی، لہٰذا کم کروا لیجئے! چنانچہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم مزید 9 مرتبہ اللہ پاک کی بارگاہ میں حاضِر ہوئے، ہر بار میں 5، 5 نمازیں کم کروائیں۔ یُوں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے مِعْراج سے لوٹتے وقت 10 مرتبہ نُورِ اِلٰہی کو دیکھنے کی سعادت پائی۔([1])