Mohabbatein Aam Karo

Book Name:Mohabbatein Aam Karo

رشتے توڑنے والے کی نحوست

اللہ ! اللہ ! غور فرمائیے! صحابئ رسول ہیں، لوگوں کے درمیان تشریف فرما ہیں اور بیان کیا کر رہے ہیں؟ رحمتِ دوجہان  صَلَّی اللہ  تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمَ   کی مبارک حدیثیں...!! ایسی محفل پر بھی رَحمتیں نہیں اُتریں گی تو پِھر کہاں اُتریں گی مگر حضرت ابوہریرہ  رَضِیَ اللہُ تَعَالٰی عَنْہُ کو خطرہ ہوا کہ کہیں ایسا نہ ہو کہ اس محفل  میں کوئی قاطِعِ رحم ہو اور ہم اس کے سبب سے رحمت سے محروم ہو جائیں...!!

یہ ہے قاطِعِ رحم (یعنی رشتہ توڑنے والے)  کی نحوست...!! یہاں سے غور فرما لیجئے کہ جس گھر میں قاطِعِ رحم ہو، جس گلی، جس محلے میں رہتا ہو، اس گھر، اس گلی اور اس محلے پر رحمتیں کیسے اُتریں گی...؟ اور جو خُود قاطِعِ رحم ہے اس کے دِل میں رحمت بھرا کلام قرآنِ کریم کیسے سَما سکے گا؟ اس لئے ہم سب پر لازِم ہے کہ ہم قطع رحمی سے پکّی سچّی توبہ کریں، کسی رشتے دار کے ساتھ کسی بھی دُنیوی سبب سے ناراضی چل رہی ہے تو آج ہی اُن کے گھر جا کر، نہ بن سکے تو فون کر کے یا کسی بھی طرح اُن سے صُلح کی کوئی صُورت نِکال لیں۔ صُلح کرنے میں سب سے بڑی جو رُکاوٹ ہے، وہ ہماری اَنَا ہے۔ اس اَنَا کو ایک طرف رکھ دیجئے! آپ کی غلطی نہیں ہے، کوئی بات نہیں پِھر بھی جھک جائیے! اِنْ شَآءَ  اللہ  الْکَرِیْم! ثواب ملے گا۔

فُلاں نے میرے ساتھ بہت زیادتی کی ہے

جب رشتے جوڑنے، لڑائی جھگڑے اور ناراضیاں ختم کرنے کی بات ہوتی ہے تو عموماً لوگ شکوے کرتے ہیں کہ فُلاں نے میرے ساتھ یُوں کیا، اس نے مجھے یہ دُکھ پہنچایا،وہ ظلم کیا،میں اپنے اُن دُکھوں کو کیسے بُھول جاؤں، اسے کس طرح مُعَاف کر دُوں...؟