Rishtedaro Ke Huqooq

Book Name:Rishtedaro Ke Huqooq

پیارے آقا نے رشتہ نبھایا

حضرت اَبُوذَر غِفاری  رَضِیَ اللہُ عنہ  صحابئ رسول ہیں، آپ فرماتے ہیں: رسولِ اکرم، نُورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: تم عنقریب مِصْر کو فتح کرو گے، جب تم مِصْر فتح کر لو تو وہاں کے لوگوں کے ساتھ اچھا سلوک کرنا کیونکہ ان کے لئے ذِمَّہ اور رشتہ ہے۔([1])

اس حدیثِ پاک میں دیکھئے! پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نےاَہْلِ مصر کے ساتھ نیک سُلوک کا حکم دیا، اس کی وجہ کیا ہے؟ فرمایا: اَہْلِ مصر کے لئے رشتہ داری کا حق ہے، اس سے مُراد یہ ہے کہ حضرت ہاجرہ   رَضِیَ اللہُ عنہا  جو حضرت اسماعیل  علیہ السَّلام  کی والدہ محترمہ اور محبوبِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی دادی صاحبہ ہیں، آپ کا آبائی وطن مِصْر ہے، حضرت ابراہیم  علیہ السَّلام  کے ساتھ نکاح سے پہلے آپ مِصْر کی شہزادی تھیں، لہٰذا حضرت ہاجرہ   رَضِیَ اللہُ عنہا  کی نسبت سے اَہْلِ مصر کے ساتھ رشتے داری کا حق ہے۔

کتابوں میں لکھا ہے: جب مِصْر فتح ہوا، صحابۂ کرام  عَلَیْہم الرِّضْوَان  نے اَہْلِ مصر کے ساتھ نیک سلوک کیا، جب اُن لوگوں کو یہ حدیث پہنچی تو بولے: اتنی دُور کے رشتے کا لحاظ سچّے نبی ہی کر سکتے ہیں(لہٰذا مُحَمَّد  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم  ضرور اللہ پاک کے سچّے نبی ہیں) ۔

سُبْحٰنَ اللہ! یہ ہے ہمارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کا انداز مبارَک...!! حضرت ہاجرہ   رَضِیَ اللہُ عنہا  کتنے سارے واسطوں کے بعد آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی دادی صاحبہ ہیں، آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے اتنی دُور کا نسب بھی یاد رکھا اور اس کا لحاظ فرمایا۔ کاش! ہمیں بھی توفیق ملے، ہم اپنے رشتے یاد رکھا کریں، پھر رشتے داروں کے ساتھ نیک سلوک کرتے رہیں۔


 

 



[1]...مسلم، كتاب فضائل الصحابۃ، باب وصیۃ النبی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم باہل مصر، صفحہ:987  حدیث:2543۔