Book Name:Rishtedaro Ke Huqooq
کی دعوت دیتے ہی رہیں۔ اللہ پاک ہمیں توفیق عطا فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم۔
سُنّتوں کی کروں خوب خدمت ہر کسی کو دوں نیکی کی دعوت
نیک مَیں بھی بنوں اِلتجا ہے یاخدا! تجھ سے میری دُعا ہے([1])
(4):صِلَہ رحمی کی فضیلت
پیارے اسلامی بھائیو! بہترین آدمی کا چوتھا اور آخری وَصْف بیان ہوا کہ وہ صِلَہ رحمی کرنے (یعنی رشتے داروں کے ساتھ نیک سلوک کرنے) والا ہوتا ہے۔ حدیثِ پاک میں ہے، رسولِ اکرم، نُورِ مُجَسَّم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: جسے یہ پسند ہو کہ اس کی عمر اور رِزْق میں اضافہ کر دیا جائے، اُسے چاہئے کہ اپنے والدین کے ساتھ اچھا برتاؤ کرے اور اپنے رشتے داروں کے ساتھ نیک سلوک کیا کرے۔([2])
سُبْحٰنَ اللہ! معلوم ہوا؛ رشتے داروں کے ساتھ نیک سلوک کرنا ، ایسی باکمال نیکی ہے کہ اُس کی برکت سے آخرت میں جو انعامات ملیں گے، سَو ملیں گے، اس کے عِلاوہ دُنیا میں بھی اس کا انعام ملتا ہے کہ بندے کی عمر اور رِزْق میں اِضَافہ کر دیا جاتا ہے۔
آج کتنے لوگ ہیں جو مہنگائی کا رونا رَوْ رہے ہیں، کتنے ہیں جو تنگدستی سے پریشان ہیں، آمدن کم ہے، اخراجات زیادہ ہیں، آمدن پُوری ہی نہیں پڑ رہی، اگر اپنے رِزْق میں اِضَافہ چاہتے ہیں تو پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے آسان نسخہ عطا فرمایا ہے؛ رشتے داروں کے ساتھ نیک سلوک کریں، اِنْ شَآءَ اللہُ الْکَرِیْم! اللہ پاک رِزْق میں اِضَافہ فرما دے گا۔