تاثرات و سفارشات
ماہنامہ خواتین(ویب ایڈیشن) کے متعلق موصول تاثرات و تجاویز میں سے چند تاثرات و تجاویز ضروری ترمیم و اضافے کے بعد پیشِ خدمت ہیں۔
عالمہ ام غزالی عطاریہ مدنیہ شعبہ ماہنامہ خواتین
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
اُمِّ انس عطاریہ( رکن انٹرنیشنل افیئرز ڈیپارٹمنٹ)
ما شاء اللہ ماہنامہ خواتین کیا ہی خوب ہے،بالخصوص پیغامِ بنتِ عطار،معجزاتِ انبیا، شرح سلامِ رضا اور اخلاقیات تو ایسے دلچسپ سلسلے ہیں کہ پڑھتے ہوئے ان میں گم ہو جاتی ہوں۔ اے کاش! یہ سلسلے کتابی شکل میں بھی شائع ہو جائیں تاکہ زیادہ سے زیادہ اسلامی بہنیں فیض یاب ہو سکیں۔
ام حبیبہ عطاریہ مدنیہ (معلمہ جامعۃ المدینہ گرلز گلبہار سیالکوٹ)
اگر ماہنامہ خواتین کتابی شکل میں شائع ہو جائے تو اس کے ذریعے کثیر فوائد حاصل ہو سکتے ہیں، مثلاً جو خواتین اینڈرائیڈ فون استعمال نہیں کرتیں یا انہیں فون استعمال کرنا نہیں آتا یا انہیں فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں تو ایسی تمام خواتین ماہنامہ خواتین کو کتابی شکل میں حاصل کر کے علمِ دین سے خوب خوب فیض یاب ہو سکتی ہیں، کیونکہ کتاب ایک ایسی چیز ہے جس تک رسائی میں کوئی رکاوٹ نہیں ہو سکتی۔ نیز اسلامی بہنوں کو بھی یہ کتاب بطور تحفہ پیش کی جا سکے گی۔
بنتِ رزاق( نند پور سیالکوٹ)
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
ما شاء اللہ ماہنامہ خواتین بہت اچھا ہے۔ عرض ہے کہ اس میں خواتین کے لیے مزید اچھے اچھے مضامین شامل ہونے چاہئیں، مثلاً گھر اور اجتماع کو چلانے کے بارے میں اصلاحات اور پردے کے بارے میں مضامین وغیرہ تاکہ معلومات میں زیادہ سے زیادہ اضافہ ہو اور ان پر عمل بھی کیا جا سکے۔
اُمِّ شفا عطاریہ( ذمہ دار جامعۃ المدینہ گرلز فیروز آباد )
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ!
الحمد للہ! ماہنامہ خواتین اسلامی بہنوں کو رائٹر یعنی لکھاری بننے کے مواقع فراہم کر تا ہے، خصوصاً اس ماہنامہ میں شامل مستقل سلسلہ بنام نئی لکھاری میں ہر ماہ خواتین کو 3 عناوین پر مضامین لکھنے کے لئے دئیے جاتے ہیں،کثیر اسلامی بہنیں اس تحریری مقابلے میں شامل ہو کر اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھاتی اور اپنے مضامین شعبہ ماہنامہ خواتین کے آفیشل نمبر پر سینڈ فرماتی ہیں،پوزیشن ہولڈرز کو شعبہ ماہنامہ خواتین کی طرف سے باقاعدہ مدنی چیک بھی پیش کئے جاتے ہیں۔ہم بھی اس تحریری مقابلے میں حصہ لے کر اپنی علمی،عملی اور تحریری قابلیت کو بڑھا سکتی ہیں۔اے کاش!تمام ہی اسلامی بہنیں سستی اڑا کر با قاعدگی کے ساتھ تحریری مقابلے میں حصہ لینے والی بن جائیں۔
بنتِ محمود(چباں فیصل آباد)
ماشاءاللہ ماہنامہ خواتین میں شامل سبھی مضامین لائقِ تحسین ہیں۔ لہٰذا عرض ہے کہ جس طرح ماہنامہ فیضانِ مدینہ کی تشہیر و بکنگ کا سلسلہ ہوتا ہے اسی طرح ماہنامہ خواتین کی تشہیر و بکنگ کا بھی سلسلہ ہونا چاہیے تاکہ یہ بھی گھر گھر پہنچے اور نیکی کی دعوت مزیدخوب عام ہو۔
اس ماہنامے میں آپ کو کیا اچھا لگا! کیا مزید اچھا چاہتی ہیں!اپنے تاثرات(Feedback)، مشورے اور تجاویز اس ای میل ایڈریس mahnamahkhawateen@dawateislami.net یا وٹس ایپ نمبر03486422931پر تحریراً بھیج دیجئے
Comments