اجڑی کوکھ
ماہنامہ خواتین ویب ایڈیشن

سلسلہ: بزرگ خواتین کے سبق آموز واقعات

موضوع: اجڑی کوکھ

*اُمِّ سلمہ عطاریہ مدنیہ

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

شہزادیِ رسول حضرت زینب  رضی اللہُ عنہا  جب ہجرت کے لئے مدینہ منورہ روانہ ہونے لگیں اور قریشِ مکہ کو ان کی روانگی کا علم ہوا تو انہوں نے پیچھا کیا یہاں تک کہ مقامِ ذِی طُویٰ میں انہیں پا لیا۔ پھر ایک شخص کے نیزہ لگنے کی وجہ سے آپ اونٹ سے گر گئیں اور آپ کا حمل ضائع ہو گیا۔([1])

حمل ضائع ہو جانا ایک ماں کے لئے واقعی بہت تکلیف دہ ہوتا ہے، مگرحضرت زینب  رضی اللہُ عنہا  نے راہِ خدا میں حمل ضائع ہونے جیسی پریشانی پر صبر سے کام لیا تو حضور نبی کریم   صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم   نے ان کے متعلق ارشاد فرمایا:یہ میری بیٹیوں میں اس اعتبار سے فضیلت والی بیٹی ہے کہ میری طرف ہجرت کرنے میں اتنی بڑی تکلیف اٹھائی۔([2]) یہی نہیں بلکہ ایک روایت میں ہے کہ حضور نبی کریم  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے کرم فرماتے ہوئے اس پریشانی پر صبر کرنے والی ہر ماں کو جنت کی خوشخبری دیتے ہوئے ارشاد فرمایا: جس عورت کا کچّا بچّہ (ماں کے پیٹ سے نا مکمل گر جانے والا)فوت ہو جائے اور وہ اس پر صبر کرے تو وہ بچہ اپنی ماں کو اپنی نال(یعنی وہ آنت جو رحمِ مادر میں بچے کے پیٹ سے جڑی ہوتی ہے اور جسے پیدائش پر کاٹ کر جدا کر دیتے ہیں)کے ذریعے کھنچتا ہوا جنت میں لے جائے گا۔([3])

لہٰذا جس خاتون کا حمل گر جائے  اسے اس فرمانِ رسول کو پیشِ نظر رکھتے ہوئے ہمت و حوصلے اور صبر کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ نیز اگر آپ کو کسی کا حمل ضائع ہونے کے بارے میں پتہ چلے تو اس کو بے احتیاطی کے طعنے دینے اور اس کے رنج و غم میں مزید اضافہ کرنے کے بجائے صبر کی تلقین کیجئے اور حدیثِ مبارکہ میں موجود خوش خبری سنائیے۔

اگر ایک بار کسی خاتون کا حمل ضائع ہوچکا ہو تو اسے دوبارہ حاملہ ہونے پر یہی خوف رہتا ہے کہ کہیں یہ بھی ضائع نہ ہو جائے۔ اس خاتون کو چاہیے کہ وہ دیگر احتیاطی تدابیر کے ساتھ ساتھ یہ وظائف بھی پڑھے (پہلی بار حاملہ ہونے والی خواتین بھی یہ وظائف پڑھ سکتی ہیں):

* حمل ٹھہرنے کے بعدیَا حَیُّ یَا حَافِظُ یَا مُصَوِّرُ 1100بار روزانہ 40 دن تک پڑھے، روزانہ ایک ہی وقت اور ایک ہی مقام پر پڑھے تو زیادہ بہتر ہے۔اللہ پاک کی رحمت سے حمل کی حفاظت ہو گی۔([4])

* لَآ اِلٰہَ اِلَّا اللّٰہُ 55 بار لکھ کر تعویذ بنا کر حاملہ کو پہنا دیجئے، اللہ پاک کی رحمت سے حمل کی بھی حفاظت ہو گی اور بچہ یا بچی بھی آفات و  بلیّات سے محفوظ رہیں گے۔([5])

* یَا اللہُ 1001بار لکھ کر تعویذ بنا کر شروعِ حمل میں 40 روز تک حاملہ کے باندھ دیجئے، پھر کھول کر نویں مہینے دوبارہ پہنا دیجئے،  ان شاء اللہ  حمل محفوظ رہے گا اور تندرست بچہ یا  بچی پیدا ہو گا، اب کھول کر بچی یا بچہ کو پہنا دیجئے۔([6])

* یَا حَیُّ یَا قَیُّومُ 111 بار بال پوائنٹ سے کاغذ پر لکھ کر حمل ٹھہرنے کے بعد عورت اپنے پیٹ پر باندھ لے اور بچے کی ولادت تک باندھے رہے،  ان شاء اللہ  صحت مند بچہ پیدا ہو گا۔ (حاملہ نہ لکھ سکے تو کوئی بھی لکھ کر دے سکتا ہے)([7])

اللہ پاک بے اولادوں کو نیک و صالح اولاد با عافیت عطا فرمائے۔

اٰمین بِجاہِ النّبیِّ الْاَمین  صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم  

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*ملیر کراچی



[1] سیرۃنبویۃ  لابن ہشام، ص271ملخصاً

[2] دلائل النبوۃ للبیہقی، 3/156

[3] مسند امام احمد، 36/410، حدیث:22090

[4] زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص27

[5] زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص28

[6] زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص28

[7] زندہ بیٹی کنویں میں پھینک دی،ص28


Share