دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا غیاث الدین عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ اپریل 2025

ماہِ جنوری 2025ء میں پاکستان کے مختلف مقامات پر”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماعات“ کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام سال 2024ء میں جامعۃُ المدینہ سے درسِ نظامی اور تخصصات جبکہ مدرسۃُ المدینہ سے حفظ و ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات کیلئے پاکستان کے مختلف شہروں میں ”دستارِ فضیلت و تقسیمِ اسناد اجتماعات“ کا انعقاد کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق 9 جنوری 2025ء کو فیضانِ مدینہ اسلام آبادG/11، 10جنوری کو کمپنی باغ شیخوپورہ، 12جنوری کو فیضانِ مدینہ کاہنہ نو لاہور، 16جنوری کو دھوبی گھاٹ گراؤنڈ فیصل آباد، 17جنوری کو مرے کالج گراؤنڈ سرکلر روڈ سیالکوٹ، 19جنوری کو مِنی اسٹیڈیم گوجرانوالہ، 20جنوری کو فیضانِ مدینہ شاہ جہانگیر روڈ گجرات، 22جنوری کوفیضانِ مدینہ شاہ رکنِ عالم کالونی ملتان اور 27جنوری کو علامہ اقبال گراؤنڈ لطیف آباد حیدرآباد میں تقسیم اسناد اجتماعات منعقد ہوئے۔ اِن اجتماعات میں اراکینِ شوریٰ حاجی شاہد عطّاری، حاجی یعفور عطّاری، حاجی اظہر عطّاری اور قاری سلیم عطّاری نے خصوصی بیانات کئے۔ دعوتِ اسلامی کے بورڈ آف اسلامک ایجوکیشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق سال 2024ء میں دعوتِ اسلامی کے تحت 280 طلبہ و طالبات نے تخصصات، 2 ہزار 553 طلبہ و طالبات نے درسِ نظامی، 15ہزار 547 طلبہ و طالبات نے حفظِ قراٰن اور 58 ہزار 51 طلبہ و طالبات نے ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی ہے جنہیں تقریب کے دوران اسناد دی گئیں۔

جامعۃُ المدینہ اوورسیز کے تحت UK میں سالانہ گریجویشن تقریب کا انعقاد

12جنوری2025ء بروز اتوار جامعۃُ المدینہ اوورسیز کے تحت ایلزبری یوکے (Aylesbury UK) کی جامع مسجد فیضانِ صدیق اکبر میں 2024ء کی سالانہ گریجویشن تقریب منعقد ہوئی۔اس تقریب میں جامعۃُ المدینہ کے طلبۂ کرام، اساتذۂ کرام، علمائے کرام، ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔تلاوت و نعت سے تقریب کا آغاز ہوا جس کے بعد شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطّاری نے سنتوں بھرا بیان کیا جبکہ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے اراکین حاجی خالد عطّاری اور حاجی رفیع عطّاری نے بھی عاشقانِ رسول کو دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں کے متعلق آگاہ کیا۔ دورانِ تقریب درسِ نظامی (عالم کورس) مکمل کرنے والے مدنی علمائے کرام کی دستار بندی کی گئی۔

فیضانِ مدینہ کراچی میں تقریبِ ختمِ بخاری شریف کا سلسلہ بخاری شریف کی آخری حدیث پڑھی گئی

عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہر سال کی طرح اس سال بھی بڑے اہتمام کے ساتھ 18جنوری2025ء کی شب ختمِ بخاری شریف کا انعقاد کیا گیا۔ اجتماع ختم بخاری شریف میں کراچی کے مختلف علاقوں میں قائم دورۃُ الحدیث شریف کی پانچوں کلاسز کے تمام طلبۂ کرام نے فیضانِ مدینہ میں آکر جبکہ پاکستان کے دیگر مقامات پر طلبہ و طالبات نے بذریعہ مدنی چینل شرکت کی۔ تقریب میں شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّار قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے بخاری شریف کی اہمیت و فضیلت بیان کی۔استاذُ الحدیث مفتی محمد حسان عطاری مدنی نے بخاری شریف کی آخری حدیثِ پاک پڑھی اور ترجمہ کیا جبکہ امیرِ اہلِ سنّت دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اس حدیث پاک کی شرح بیان کی۔

کنزُالمدارس بورڈ فیصل آباد میں بورڈ آف کریکلم اینڈ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی میٹنگ

فیصل آباد پنجاب میں واقع دعوتِ اسلامی کے تعلیمی بورڈ کنزالمدارس میں 29دسمبر2024ء کو بورڈ آف کریکلم اینڈ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی میٹنگ ہوئی جس میں مفتیانِ کرام، اراکینِ شوریٰ، جامعۃُ المدینہ بوائز کے سینیئر اساتذۂ کرام اور دیگر ممبران نے شرکت کی۔ دورانِ میٹنگ نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ نئے تعلیمی سال 2025ء کے لئے اہداف طے کئے گئے۔ میٹنگ میں دارالافتاء اہلسنت کے شیخُ الحدیث و التفسیر مفتی محمد قاسم عطاری، مفتی محمد سجاد عطاری مدنی، مفتی محمد حسان عطاری مدنی، اراکینِ شوریٰ مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی (صدر کنزالمدارس بورڈ)، مولانا حاجی محمد اسد عطاری مدنی (نگرانِ شعبہ جامعۃُ المدینہ بوائز پاکستان) اور بورڈ آف کریکلم اینڈ ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے ہیڈ مولانا گل رضا عطّاری مدنی شامل تھے۔

دعوتِ اسلامی کے تحت ہونے والے مختلف دینی و فلاحی کاموں کی جھلکیاں

*بلوچستان کے علاقے بارکھان کی یوسی کڑوا میں قائم ہونے والی مسجد”فیضانِ قراٰن“کا افتتاح باجماعت نماز کی ادائیگی سے کیا گیا جس میں ذمہ داران اور دیگر عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ افتتاحی تقریب میں صوبائی نگران بلوچستان نے مساجد کی تعمیر اور انہیں آباد کرنے کے موضوع پر بیان کیا نیز دعا بھی کروائی۔ *پولیس لائن سیالکوٹ، پنجاب میںFGRFکے تحت بلڈ کیمپ لگایاگیا جس میں پولیس افسران اور اہلکاروں سمیت دیگر عاشقانِ رسول نے تھیلیسیمیا اور خون کے دیگر امراض میں مبتلا بچوں کے لئے خون عطیہ کیا۔ اس موقع پر رکنِ شوریٰ حاجی محمداظہر عطّاری نے بھی بلڈ کیمپ کا وزٹ کیا اور خون عطیہ کرنے والے اسلامی بھائیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ *گجرانوالہ پنجاب کے مقامی ہال میں ٹیچرز اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اساتذہ اور اسٹوڈنٹس سمیت دیگر عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نے گناہوں سے بچنے اور اپنی زندگی  اللہ  کی رضا والے کاموں میں گزارنے کا ذہن دیا۔ *افریقی ملک کینیا (Kenya) کے شہر ممباسہ میں سیشن کا انعقاد کیا گیا جس میں ذمہ داران ومبلغین سمیت بزنس کمیونٹی کے اسلامی بھائیوں کی شرکت ہوئی۔ اس دوران رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین قافلہ عطّاری نے دعوتِ اسلامی کے 12دینی کاموں کے حوالے سے ترغیب دلاتے ہوئے شرکا کو دینِ متین کی خدمت کرنے اور نیکیاں کرتے رہنےکا ذہن دیا۔ *مدرسۃُ المدینہ کیپ ٹاؤن (Cape Town) ساؤتھ افریقہ میں اسٹوڈنٹس کے لئے ”تقسیمِ انعامات اجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں اُن کے سرپرستوں سمیت بزنس کمیونٹی ومختلف شعبہ جات کے عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ دورانِ اجتماع مدرسۃُالمدینہ کے اسٹوڈنٹس نے تلاوتِ قراٰنِ پاک اور نعت شریف سمیت بیانات میں حصے لئے جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے اسٹوڈنٹس میں سرٹیفیکیٹس و تحائف بھی تقسیم کئے گئے۔ *سری لنکا کے شہر ویلاویٹا (Wellawatta) میں شعبہ مدنی کورسز کے تحت ایک کورس منعقد ہوا جس میں مختلف علاقوں سے نوجوانوں اور بزنس مینز سمیت دیگر عاشقانِ رسول شریک ہوئے، مبلغ دعوتِ اسلامی نے شرکا کی تربیت کی اور انہیں دینی کاموں میں حصہ لینے کا ذہن دیا۔

مصر کے شہر قاہرہ میں 56واں انٹرنیشنل بک فیئر (کتاب میلہ)

23جنوری تا5فروری2025ء مصر کے شہر قاہرہ میں بین الاقوامی کُتب نمائش کا میلہ منعقد ہوا جس میں تقریباً 80ممالک سے 1345 سے زائد مکتبے شریک ہوئے۔اَلحمدُ لِلّٰہ ”دعوتِ اسلامی“ کے شعبہ ”مكتبۃُ المدينہ العربیہ“ کی کُتب عالمِ عرب کے مکتبوں کے اشتراک سے شائع ہونے کے بعد اس بک فیئر میں درج ذیل مکتبوں پر دستیاب ہوئیں:(1)دارُ الکتب العلمیہ (ہال نمبر:4،اسٹال نمبرB17) (2)دارُ الصالح قاہرة (ہال نمبر:4، اسٹال نمبر C9) (3)دارُ الفجر الاسلامی سوريا (ہال نمبر:3، اسٹال نمبر A47) (4)دارُ الرياحين بیروت (ہال نمبر: 3،اسٹال نمبر A43) (5)دارُ المعراج (ہال نمبر:4،اسٹال نمبر C22

یہ کُتب دیگر ممالک کے انٹر نیشنل بک فیئر پر بھی دستیاب ہوتی ہیں، دیگر ممالک کے نمائندگان اپنی ثقافتی، دینی و دنیوی تصانیف لے کر یہاں آتے ہیں۔  اللہ  پاک دعوتِ اسلامی اور اس کے شعبہ مكتبۃُ المدينہ کو مزید ترقیاں و کامیابیاں عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صَلَّی اللہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلہٖ وَسَلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

*فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی



Share