اے دعوتِ اسلامی تری دھوم مچی ہے
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
*شعیب احمد عطاری
ماہنامہ فیضانِ مدینہ جنوری 2025
دعوتِ اسلامی کے تحت مختلف مقامات پر اجتماعات کا انعقاد
*پروفیشنلزفورم دعوتِ اسلامی کے تحت 28اور 29ستمبر 2024ء کو دو دن کا سنّتوں بھرا اجتماع عالمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں ہوا جس میں انجینئرز، I.Tپروفیشنلز، پرنسپلز، پروفیسرز، ڈاکٹرز اور دیگر پروفیشنلز شریک تھے۔ امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ، نگرانِ شوریٰ مولانا عمران عطاری، رکنِ شوریٰ مولانا عبدُالحبیب عطاری، مولانا محمد شفیق عطاری مدنی اور مولانا محمدجمیل عطاری مدنی سمیت دیگر مبلغین نے پروفیشنلز کی تربیت کی۔ *بہاؤالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے جناح آڈیٹوریم میں ”محفلِ نعت“ کا انعقاد ہوا جس میں رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے ”اُسوۂ حسنہ اور آج کا نوجوان“ کے موضوع پر بیان کیا۔ یونیورسٹی کے وائس چانسلر، فیکلٹی ممبران، پروفیسرز، لیکچرار اور دیگر ڈیپارٹمنٹس کے افراد سمیت اسٹوڈنٹس نے شرکت کی۔ *پنجاب بار کونسل لاہور میں شعبہ رابطہ برائے وکلا کے تحت اجتماع ہوا جس میں رکنِ شوریٰ یعفور رضا عطاری نے ”حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے اخلاقِ حمیدہ اور ہمارا کردار“ کے موضوع پر بیان کیا۔ *مدرسۃُ المدینہ بالغان کے تحت مینا بازار پشاور کی ایک جامع مسجد میں ”تقسیمِ اسناد اجتماع“کا انعقاد کیا گیا جس میں ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے والے عاشقانِ رسول، مدرسین، مبلغین اور ذمہ داران نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا محمد عقیل عطاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان فرمایا۔ *اسلام آباد میں قائم نیسپاک ہاؤس میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام محفلِ نعت کا اہتمام کیا گیا جس میں جنرل منیجر سلمان شاہد، جنرل منیجر مختار ارشد، جنرل منیجر عبدالباسط اعجاز، شعبہ انجینئرنگ سے وابستہ افراد اور دیگر اسٹاف کی شرکت ہوئی۔ رکنِ شوریٰ عبدالوہاب عطاری نے خصوصی بیان فرمایا۔ *نشتر اسپتال ملتان کے آڈیٹوریم میں سنّتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔ رکنِ شوریٰ محمد سلیم عطاری نے بیان کیا جس میں انہوں نے احادیث کی روشنی میں”کامل مؤمن“ ہونے کی نشانیاں بیان کیں۔ *سندھ ہائی کورٹ کراچی میں محفلِ نعت کا انعقاد ہوا جس میں سینئر جج جسٹس نعمت اللہ سمیت ججز، سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور ڈسٹرکٹ کورٹ کے وکلا نے شرکت کی۔ مولانا محمد شفیق عطاری مدنی نے بیان کیا۔ *ڈسٹرکٹ ملیر جیل کراچی میں محفلِ نعت کا سلسلہ ہوا جس میں جیل سپرنٹنڈنٹ سیّد ارشد حسین شاہ، DSPمرید عباس شیخ، DSP ذوالفقار علی پیر زادہ اور جیل انتظامیہ سمیت قیدیوں نے شرکت کی۔ مولانا محمد شفیق عطاری مدنی نے بیان کیا۔ *کھارادر کراچی میں حضرت دولہا شاہ سبزواری رحمۃُ اللہِ علیہ کے سالانہ عرس کے موقع پر سنتوں بھرا اجتماع ہوا جس میں زائرین اور ذمہ دارانِ دعوتِ اسلامی نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا ابو ماجد محمد شاہد عطاری مدنی نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔
کورنگی کراچی میں مدنی کلینک کا افتتاح
کراچی کے علاقے کورنگی نمبر 3 اسٹاپ نزد گلستانِ نذیر چورنگی میں مسلمانوں کی خیرخواہی کا جذبہ رکھتے ہوئے دعوتِ اسلامی نے مدنی کلینک کا افتتاح کردیا ہے۔اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد کی گئی جس کا آغاز تلاوت و نعت سے ہوا۔ تلاوت و نعت کے بعد رکنِ شوریٰ مولانا عبدالحبیب عطاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔ واضح رہے کہ مدنی کلینک میں کم فیس پر اعلیٰ معیار کی میڈیکل سہولت دینے کی کوشش کی جاتی ہے۔
دعوتِ اسلامی کے تحت بیرونِ ملک میں
ہونے والے مختلف دینی کاموں کی جھلکیاں
*نیپال کے شہر نیپال گنج میں واقع مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ”تقسیمِ انعامات اجتماع“ کا انعقاد ہوا جس میں جامعۃُ المدینہ بوائز کے اساتذہ و طلبۂ کرام اور ان کے سرپرستوں سمیت دیگر شخصیات نے شرکت کی۔ اجتماع کے اختتام پر جامعۃُ المدینہ کے ششماہی امتحانات میں نمایاں کارکردگی حاصل کرنے والے طلبۂ کرام میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ *لِسبن پرتگال کے علاقے اوڈی کی جامع مسجد غوثیہ میں دعوتِ اسلامی کے تحت ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسۃُ المدینہ بوائز کے اسٹوڈنٹس سمیت دیگر بچوں، سرپرستوں اور بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے افراد نےشرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکا کو عالمی سطح پر ہونے والی خدماتِ دعوتِ اسلامی کے بارے میں بتایا۔ *Rochdale UK میں موجود مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں دعوتِ اسلامی کے فلاحی شعبے FGRF کے تحت ”فری ہیلتھ کیمپ“ لگایا گیا جس میں آنے والے عاشقانِ رسول نے میڈیکل چیک اپ کروائے جبکہ میڈیکل اسٹاف کی جانب سے عاشقانِ رسول کو علاج کے متعلق راہنمائی بھی دی گئی۔*افریقی ملک یوگنڈا کےسٹی کمپالا کی چیبولی مسجد میں رکنِ شوریٰ مولانا محمد اسد عطاری مدنی نے دیگر اسلامی بھائیوں کے ہمراہ نائب مفتی آف یوگنڈا شیخ ابراہیم مصطفٰے، شیخ اسماعیل اور شیخ یاسر سمیت دیگر عہدیداران سے ملاقات کی اور اُنہیں عالمی سطح پر ہونے والے دینی و فلاحی کاموں کے حوالے سے معلومات فراہم کیں۔ *نارائن گنج ڈھاکہ بنگلہ دیش کی جامع مسجد علی میں دعوتِ اسلامی کے تحت مدنی قافلہ اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں رکنِ شوریٰ عبد المبین عطاری نے بیان فرمایا اور دینی کاموں کی ترویج کے لئے عاشقانِ رسول کو مدنی قافلوں میں سفر کرنے کا ذہن دیا۔ *نیپال کےمختلف شہروں کھٹمنڈو،بوٹوالاور پوکھارا میں نیکی کی دعوت کے سلسلے ہوئے جس میں بزنس کمیونٹی ومختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے اسلامی بھائیوں کی شرکت ہوئی۔ رکنِ شوریٰ محمد رفیع عطاری نے سنّتوں بھرے بیانات کئے۔ *استنبول ترکیہ کے علاقے غازی انتیب کے مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں قائم مدرسۃُ المدینہ کی برانچ میں ”تقسیمِ اسناداجتماع“ کا انعقاد کیا گیا جس میں مدرسۃُ المدینہ کے اساتذہ و اسٹوڈنٹس کی شرکت ہوئی۔ اس دوران مدرسۃُ المدینہ سے ناظرہ قراٰنِ کریم مکمل کرنےوالے اسٹوڈنٹس میں تحائف اور سرٹیفکیٹس تقسیم کئے گئے۔
ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (اکتوبر 2024ء)
شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/ سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، اکتوبر 2024ء میں دیئے گئے 5مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)روضۂ رسول کے بارے میں دلچسپ معلومات: 24لاکھ، 36ہزار563 (2)غوثِ اعظم رحمۃُ اللہِ علیہ کا مقام و مرتبہ: 28 لاکھ، 1ہزار 484 (3)بیاناتِ غوثِ اعظم رحمۃُ اللہِ علیہ: 23لاکھ، 92ہزار 335 (4)اچھی صحت رکھنے والی غذاؤں کے بارے میں 16سوال جواب: 25لاکھ، 47ہزار511 (5)کھانے کی 92سنّتیں اور آداب: 26لاکھ، 25ہزار 505۔
اکتوبر 2024ء میں امیر اہل سنت کی جانب سے
جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل
شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے اکتوبر 2024ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیہ (اسلامک ریسرچ سینٹر، دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً3304پیغامات جاری فرمائے جن میں518تعزیت کے، 2589 عیادت کے جبکہ 197 دیگر پیغامات تھے۔ اِن پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے عیادت کی، اُنہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔
دعوتِ اسلامی کی تازہ ترین اپڈیٹس کے لئے وزٹ کیجئے
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروزکراچی
Comments