
اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے!
دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں
*مولانا حسین علاؤالدین عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضانِ مدینہ مارچ 2025
ڈھاکہ بنگلہ دیش میں تین دن کے اجتماع کا انعقاد
بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول کی شرکت
دعوتِ اسلامی کی جانب سے بنگلہ دیش کے شہر ڈھاکہ میں آشیان سٹی نزد ڈھاکہ ایئرپورٹ پر واقع ایک وسیع و عریض میدان میں تین دن کا عظیمُ الشّان سنّتوں بھرا اجتماع منعقد ہوا۔یہ اجتماع 19 دسمبر 2024ء سے شروع ہوکر 21 دسمبر تک جاری رہا۔ تفصیلات کے مطابق اجتماع میں بنگلہ دیش بھر سے علمائے کرام، بزنس کمیونٹی سے متعلقہ افراد سمیت بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول جوش و جذبے سے شریک ہوئے۔ اجتماع میں رکنِ شوریٰ عبدالمبین عطّاری، اراکینِ بنگلہ دیش مشاورت اور مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے قراٰنِ پاک کی اہمیت، نماز کے فضائل، شرم و حیا کے فضائل، تبلیغِ دین کے لئے صحابَۂ کرام کی قربانیاں، سوشل میڈیا اور موبائل کے غلط استعمال کی تباہ کاریاں، مدینے کی محبت، معاشرہ کس طرف جارہا ہے؟، ہم کیوں نہیں بدلتے، توبہ، والدین کی ذمہ داریاں کیا ہیں؟ اور فکرِآخرت سمیت دیگر موضوعات پر بیانات کئے۔ اس موقع پر اجتماع کی انتظامیہ کا کہنا تھا کہ شرکائے اجتماع کی سیکیورٹی کے لئے ہر طرح کے حفاظتی اقدامات کئے گئے تھے جبکہ ایمرجنسی کی صورت میں میڈیکل کیمپ، وضو خانوں اور کھانے پینے کے اسٹالز بھی لگائے گئے تھے۔عظیمُ الشّان اجتماع کا اختتام 21 دسمبر کو ذکر، تصورِ مدینہ اور رقت انگیز دعا پر ہوا۔ اجتماع کی تمام نشستوں کی بنگلہ مدنی چینل اور بنگلہ سوشل میڈیا پیجز پر لائیو کوریج کی گئی۔
دعوتِ اسلامی کے تحت مختلف شہروں میں
مدرسۃُ المدینہ کی برانچز کا افتتاح
*لاہور کے علاقے اقبال ایونیو سوسائٹی میں مدرسۃُ المدینہ بوائز کی نئی برانچ کا افتتاح ہوا۔ اس موقع پر افتتاحی تقریب منعقد ہوئی جس میں سابق آئی جی پنجاب حبیبُ الرّحمٰن سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی یعفوررضاعطّاری نے سنّتوں بھرا بیان کیا۔ *کوہاٹ خیبرپختونخوا میں قائم محمدیہ مسجد خیر ماتو میں کل وقتی مدرسۃُ المدینہ کا افتتاح ہوا جس میں مدرسۃُ المدینہ کے صوبائی ذمہ دار اور شعبہ مدنی چینل عام کریں کے صوبائی ذمہ دار بھی موجود تھے۔ مدرسۃُ المدینہ لاہور سٹی ذمہ دار نے تلاوت کی برکتوں پر بیان کیا۔*میمن گوٹھ ٹھٹھہ سندھ میں دعوتِ اسلامی کے تحت مدرسۃُ المدینہ بوائز کا افتتاح ہوا۔ افتتاحی تقریب میں مقامی شخصیات، زمینداروں اور مقامی عاشقانِ رسول نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی برکت علی عطّاری نے بیان کیا۔ *ویسٹ افریقی ملک نائیجریا لیگوس اسٹیٹ میں مدرسۃُالمدینہ کی برانچ کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقع پر ایک تقریب کا انعقاد کیا گیاجس میں مبلغین نے سنتوں بھرے بیانات کئے اور شرکائے اجتماع کو دعوتِ اسلامی کے دینی کاموں میں حصہ لینے اور دین کی خدمت کرنے کا ذہن دیا۔
بلوچستان کے شہر اوستہ محمد میں کسان اجتماع کا انعقاد
دعوتِ اسلامی کے تحت بلوچستان کے شہر اوستہ محمد میں کسان اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں زمیندار، کاروباری شخصیات سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے عاشقانِ رسول شریک ہوئے۔ اجتماع میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد فاروق جیلانی عطّاری، صوبائی نگران بلوچستان، صوبائی ذمّہ دار شعبہ عشر سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔اجتماع میں بیان کرتے ہوئے رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبدالحبیب عطّاری نے کہا کہ دُرودِپاک پڑھنا ہماری نیکیوں کا پلڑابھاری کرے گا اور گناہوں کا پلڑا ہلکا کرے گا تو فضول باتوں سے بچتے ہوئے دُرودِ پاک کی کثرت کو اپنا معمول بنائیں۔ دنیا میں آنے والی پریشانیوں و آزمائشوں پر کبھی مایوس نہ ہوں بلکہ اپنے ربِّ کریم پر بھروسا رکھیں اور اسی سے دعا کریں۔
دعوتِ اسلامی کے تحت
ہونے والے مختلف دینی و فلاحی کاموں کی جھلکیاں
*سندھ کے شہر نوابشاہ کےنواحی گاؤں ابوالحسن بروہی میں FGRF نے سیلاب متأثرین کیلئے مکانات تعمیر کرواکے 21 خاندانوں میں چابیاں تقسیم کیں، اس موقع پر نواب شاہ ڈویژن کے نگران، میڈیا ڈپارٹمنٹ کے ڈویژن نگران اور FGRF کے ذمہ دار بھی موجود تھے۔ سیلاب سے متأثرہ خاندانوں کو ڈھائی لاکھ روپے کے چیکس بھی دیئے گئے۔ FGRF U.K کے ذمہ دار سیّد فضیل رضا عطّاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کی رحمت سے FGRF نے متأثرین کی مدد کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا ہے اور یہ مکانات اور نقد رقوم متأثرین کیلئے نئی زندگی کا آغاز ہیں۔ *ملتان میں قائم پولیس لائن میں شعبہ رابطہ برائے شخصیات کے تحت سیرتُ النبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے موضوع پر اجتماع ہوا جس میں D.S.P ہیڈکوارٹر، ایلیٹ فورس، ڈولفن فورس، پنجاب پولیس اورٹریفک پولیس کے اہلکار ا ور دیگر اسٹاف نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی قاری محمد سلیم عطّاری نے اللہ پاک کے آخری نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان، سیرت و معجزات کے موضوع پر سنّتوں بھرا بیان کیا۔ *شعبہ مدنی کورسز (دعوتِ اسلامی) کے تحت مدنی مرکز فیضانِ مدینہ بھیرہ پنجاب میں تین دن کا کورس منعقد ہوا جس میں پاکستان بھر سے رہائشی مدنی کورسز اور 63 دن کا مدنی تربیتی کورس کروانے والے معلمین نے شرکت کی۔ اس موقع پر شعبہ مدنی کورسز کے اراکینِ مجلس پاکستان اور دیگر اسلامی بھائی بھی موجود تھے۔ رکنِ مجلس مدنی کورسز نے معلمین کو کورسز کی اہمیت و فضیلت بتائی اور انہیں کورس کروانے کے حوالے سے اہم نکات بیان کئے۔ *نواب شاہ سندھ کے پریس کلب کے آڈیٹوریم ہال میں شعبہ تعلیم کے تحت اجتماع کا انعقاد کیاگیا جس میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر سلیم بھٹی، اسسٹنٹ سیکریٹری انٹرمیڈیٹ بورڈ رضا حسن، مختلف اسکولز و کالجز کے پروفیسرز، ٹیچرز اور شعبہ تعلیم سے وابستہ دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی و نگران مجلس مدنی قافلہ نے سنّتوں بھرا بیان کرتے ہوئے شرکا کو اللہ پاک کا شکر گزار بندہ بننے،پریشانی آنے پر صبر کرنے، سیرتِ مصطفیٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کو اپنی زندگی کے لئے رول ماڈل بنانے کا ذہن دیا۔ *پنجاب کے شہر ملتان میں قائم وومین یونیورسٹی کے ایڈمنسٹریشن اسٹاف کے درمیان شعبہ تعلیم کے تحت Meet up ہوا جس میں لیکچرارز اور فیکلٹی ممبران نے شرکت کی۔ شعبہ رابطہ برائے شوبز ڈیپارٹمنٹ کے نگران سید محمد عارف عطّاری نے قراٰنِ پاک کی فضیلت پر بیان کیا۔ *حیدرآباد میں قائم چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں شعبہ رابطہ برائے تاجران کے تحت محفلِ نعت کا انعقاد کیاگیا جس میں چیمبر کے صدر عدیل صدیقی، چیمبر کے عہدیداران، دیگر تاجر تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی۔ نگران ویلز یوکے سیّد فضیل رضا عطّاری نے ”صحت اور حقوقُ العباد“ کے موضوع پر بیان کیا۔ *فیضانِ قراٰن فاؤنڈیشن کے تحت سینٹرل جیل حیدرآباد کے ٹریننگ سینٹر میں سنّتوں بھرے اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں سندھ بھر سے ٹریننگ کے لئے آئے ہوئے پولیس کانسٹیبل اور دیگراسٹاف نے شرکت کی۔ اس موقع پر جیل ٹریننگ سینٹر کے وائس پرنسپل آصف لاکھو اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔ نگران ویلز یوکے سیّد فضیل رضا عطّاری نے بیان کیا اور شرکا کو نیک اعمال کرنے اور نماز کی پابندی کرنے کا ذہن بھی دیا۔ *افریقی ملک موزمبیق کے شہر بیرا میں دعوتِ اسلامی کے تحت قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ”63 دن کا مدنی کورس“ منعقد کیا گیا جس کے دوران مبلغینِ دعوتِ اسلامی نے شرکائے کورس کی فرائض و واجبات سمیت سنتیں اور آداب اور دعائیں سیکھنے سکھانے سمیت مختلف امور پر راہنمائی کی۔ کورس کے اختتام میں کامیاب ہونے والے اسلامی بھائیوں کو Certificates دیئے گئے۔ *سری لنکا کے سٹی کولمبو (Colombo) میں قائم جامع مسجد فیضانِ رمضان میں دعوتِ اسلامی کےتحت الگ الگ مواقع پر مختلف سیشنز اور نیکی کی دعوت کے سلسلے ہوئے جن میں رکنِ شوریٰ حاجی محمد امین عطّاری نے شرکا کی راہنمائی کی اور انہیں اپنے اپنے علاقوں میں مختلف شعبہ جات کےتحت ہونے والے دینی کاموں کو بہتر و مضبوط بنانے کے حوالے سے ترغیب دلائی۔*FGRF کے تحت 2022ء میں آنے والے سیلاب متأثرین کی امدادکا سلسلہ تاحال جاری ہے۔ اسی سلسلے میں سندھ کے شہر سکھر میں قائم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ میں ایک پروگرام منعقد کیا گیا جس سے نگران FGRF شفاعت علی عطّاری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ناگہانی آفات سے اللہ کی پناہ مانگنی چاہئے اور اگر اس میں مبتلا ہو جائیں تو صبر کا دامن نہ چھوڑیں۔ تقریب میں ضلع سکھر کے کم و بیش 250متأثرہ خاندانوں میں امدادی چیک تقسیم کئے گئے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب و روز، کراچی
Comments