دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

اے دعوتِ اسلامی تِری دھوم مچی ہے

دعوتِ اسلامی کی مدنی خبریں

*مولانا غیاث الدین عطاری مدنی

ماہنامہ فیضانِ مدینہ مئی 2025

Islamic Economics Centre کے تحت

”تقسیمِ اسناد تقریب“ کا انعقاد

دعوتِ اسلامی کے Islamic Economics Centreکے تحت 23فروری2025ء کو اسلامک فنانس کورس مکمل کرنے والے اسٹوڈنٹس کے لئے ”تقسیمِ اسناد تقریب“ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے ماہرین نے شرکت کی۔اختتامی لیکچرز میں نگرانِ شوریٰ مولانا حاجی محمد عمران عطّاری، ماہرِ تجارت مفتی ابومحمد علی اصغر عطّاری اور شریعہ آڈٹ دبئی اسلامک بینک پاکستان کے ہیڈ محمد طلحہ بلال صدیق نے دورِ حاضر کے شرعی مسائل سمیت دیگر امور پر شُرکا کی راہنمائی کی اور انہیں دینِ اسلام کے اصولوں کے مطابق اپنی زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔

ممباسا، کینیا میں اسٹوڈنٹس کے لئے

Graduation Ceremony

دعوتِ اسلامی کے زیرِا ہتمام ممباسا، کینیا میں2 فروری 2025ء کو Graduation Ceremony منعقد ہوئی جس میں سال 2024ء میں درسِ نظامی و حفظِ قراٰن کی سعادت پانے والے اسٹوڈنٹس، اُن کے سرپرستوں، اساتذہ اور دیگر اسلامی بھائیوں نے شرکت کی۔ تلاوت و نعت کے بعد پاکستان سے تشریف لائے ہوئے مفتی محمد شفیق عطّاری مدنی نے علمِ دین کی اہمیت پر بیان کیا جس میں انہوں نے حاضرین کو اللہ پاک کے انعام یافتہ لوگوں کے راستوں پر چلتے ہوئے زندگی گزارنے کا ذہن دیا۔آخر میں درسِ نظامی و حفظِ قراٰن مکمل کرنے والے اسٹوڈنٹس کی دستار بندی کی گئی اور انہیں سرٹیفکیٹس دیئے گئے۔

چیئرمین ٹاسک فورس پاکستان ایگریکلچر کی کنزُالمدارس بورڈ آمد

فیصل آباد پنجاب میں واقع دعوتِ اسلامی کے تعلیمی بورڈ کنزُالمدارس کے ہیڈ آفس میں 18فروری2025ء کو چیئرمین ٹاسک فورس پاکستان ایگریکلچر سائنٹسٹ فورم میاں عبد الرشید کی آمد ہوئی۔ کنزُالمدارس بورڈ کے ایڈمن منیجر محمد عزام عطّاری نے انہیں مختلف ڈیپارٹمنٹس کا وزٹ کرواتے ہوئے دعوتِ اسلامی کی تعلیمی خدمات کے بارے میں ڈاکیومنٹری دکھائی۔ بعدازاں میاں عبد الرشید کی رکنِ شوریٰ و صدر کنزُالمدارس بورڈ مولانا حاجی محمد جنید عطاری مدنی سے ملاقات ہوئی۔

ڈربن سٹی ساؤتھ افریقہ میں عظیمُ الشان اجتماع

ڈربن سٹی ساؤتھ افریقہ کے Durban Exhibition Centre میں دعوتِ اسلامی کے زیر اہتمام 2 فروری 2025ء کو سنتوں بھرا اجتماع منعقد کیا گیا جس میں صوبہ ناٹال کے شہروں سمیت ساؤتھ افریقہ کے مختلف علاقوں سے بزنس کمیونٹی، مختلف شعبہ جات کے عاشقانِ رسول، جامعۃُ المدینہ و مدرسۃُ المدینہ کے اساتذۂ کرام و طلبۂ کرام اور ان کے سرپرستوں جبکہ علمائے کرام، اراکینِ شوریٰ نیز پردے میں رہتے ہوئے ہزاروں کی تعداد میں اسلامی بہنوں نے شرکت کی۔ دعوتِ اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے نگران مولانا حاجی محمد عمران عطاری مُدَّ ظِلُّہُ العالی نے بیان کیاجس میں انہوں نے گھریلو لڑائی جھگڑوں سے بچتے ہوئے اپنے گھروں میں دینی ماحول بنانے اور نیک اعمال کرنے کا ذہن دیا۔

شعبہ خدامُ المساجد و مدارسُ المدینہ کے تحت

مختلف پروجیکٹس کا افتتاح

دعوتِ اسلامی کے شعبہ خدامُ المساجد و مدارسُ المدینہ کے تحت دنیا بھر میں مختلف پروجیکٹس کا افتتاح کیا گیا جن میں سے بعض یہ ہیں: *متی تل ملتان پنجاب میں مسجد کا افتتاح *ملتان وہاڑی روڈ پنجاب میں مدرسۃُ المدینہ گرلز کی نئی برانچ *بلاک 3 گلستانِ جوہر ہل روڈ نزد جاوید ہل ویو کراچی میں جامع مسجد ہاشمی *گلشنِ ضیاء لیاقت چوک (کراچی) متین اسکول کے قریب جامع مسجد یوسف *برنالہ کشمیر میں مدنی مرکز فیضانِ مدینہ *ملتان سٹی پنجاب میں اسلامی بہنوں کے مدنی مرکز فیضانِ صحابیات *آصف کالونی بڑا بورڈ کراچی میں جامع مسجد زبیدہ *جعفرآباد خضدار بلوچستان میں جامع مسجد فیضانِ قراٰن *شرافی گوٹھ شاہ فیصل ٹاؤن کورنگی ڈسٹرکٹ کراچی میں جامع مسجد سعیدہ جہانگیر *گرین بیلٹ PECHS نزد گرین بیلٹ پارک میں جامع مسجد فیضانِ الیاس *محمودآباد T.P2 میں جامع مسجد ایشل *سرجانی ٹاؤن سیکٹر 5C، کراچی میں جامع مسجد نور محمد اور *رام گنج لوکھی پور بنگلہ دیش میں مدرسۃُالمدینہ کی نئی برانچ کا افتتاح ہوا۔

دعوتِ اسلامی اور مختلف دینی و فلاحی کاموں کی جھلکیاں

*امیرآباد ملتان، پنجاب میں جامع مسجد فیضانِ پیر مہر علی شاہ کی تعمیرات کے سلسلے میں سنگِ بنیاد رکھا گیا جس میں رکنِ شوریٰ قاری محمد سلیم عطاری سمیت مقامی شخصیات نے شرکت کی *شیخوپورہ، پنجاب میں دعوتِ اسلامی کے زیرِ اہتمام ”کسان اجتماع“ کا اہتمام کیا گیا جس میں سیاسی و سماجی شخصیات، کسانوں اور زمینداروں نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ حاجی محمد اظہر عطاری نے عشر دینے کے فضائل اور عشر نہ دینے کی وعیدیں بیان کرتے ہوئے شُرکا کو اپنی فصلوں کا عشر دعوتِ اسلامی کے دینی و فلاحی کاموں میں دینے کی ترغیب دلائی *شعبہ مدرسۃُ المدینہ بوائز و مدرسۃُ المدینہ بالغان کے تحت 20فروری 2025ء کو ٹاؤن فقیر والی، تحصیل ہارون آباد میں تقسیمِ اسناد اجتماع منعقد ہوا جس میں 150 بچوں کو حفظِ قراٰن اور کم و بیش 60 اسلامی بھائیوں کو ناظرہ قراٰنِ پاک مکمل کرنے پر اسناد پیش کی گئیں *دارُالعلوم حنفیہ غوثیہ نزد طارق روڈ میں تجوید و قرأت اور درسِ نظامی کے طلبۂ کرام کے درمیان امامت کے بنیادی مسائل سے آگاہی کے لئے 8تا12 فروری2025ء کو ٹریننگ سیشن منعقد ہوا۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی نے امامت اور دیگر ضروری مسائل سمیت مختلف امو رپر طلبۂ کرام کی راہنمائی کی اور انہیں باادب رہنے، مستقل مزاجی اپنانے نیز وقت کی پابندی کرنے کی ترغیب دلائی *کولمبو، سری لنکا کی جامع مسجد فیضانِ کنزالایمان میں اجتماع منعقد کیا گیا جس میں مختلف تعلیمی اداروں کے اسٹوڈنٹس اور بزنس کمیونٹی سے وابستہ افراد نے شرکت کی۔ رکنِ شوریٰ مولانا حاجی عبد الحبیب عطاری نے احادیثِ مبارکہ کی روشنی میں خوفِ خدا دلاتے ہوئے حاضرین کو حرام سے بچنے اور اپنے والدین کا ادب و احترام کرنے کا ذہن دیا *نارائن گنج، بنگلہ دیش کی جامع مسجد منت علی شاہ میں ذمہ داران و مبلغینِ دعوتِ اسلامی کیلئے سیشن منعقد کیا گیا۔رکنِ شوریٰ عبدالمبین عطاری نے12دینی کاموں کے حوالے سے تربیت و راہنمائی کی اور دنیا بھر میں دعوتِ اسلامی کا پیغام عام کرنے کا ذہن دیا۔

ہفتہ وار رسائل کی کارکردگی (فروری 2025ء)

شیخ ِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ اور آپ کے خلیفہ حضرت مولانا عبیدرضا عطّاری مدنی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ ہر ہفتے ایک مدنی رسالہ پڑھنے/سننے کی ترغیب دلاتے اور پڑھنے/سننے والوں کو دُعاؤں سے نوازتے ہیں، فروری 2025ء میں دیئے گئے 4مَدَنی رَسائل کے نام اور ان کی کارکردگی پڑھئے: (1)عاشقانِ دُرود و سلام کے 22 واقعات (قسط 02): 23 لاکھ، 22ہزار 179 (2)ناراضیوں کا علاج: 22لاکھ، 59ہزار 977 (3)بےنمازی کی سزائیں: 22لاکھ، 94ہزار640 (4)یادِ رمضان (قسط03): 22 لاکھ، 35 ہزار 446۔

فروری 2025 میں امیرِ اہلِ سنّت کی جانب سے

جاری کئے گئے پیغامات کی تفصیل

شیخِ طریقت، امیرِ اہلِ سنّت حضرت علّامہ مولانا محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت بَرَکَاتُہمُ العالیہ نے فروری 2025ء میں نجی پیغامات کے علاوہ المدینۃُ العلمیۃ (اسلامک ریسرچ سینٹر،دعوتِ اسلامی) کے شعبہ ”پیغاماتِ عطّاؔر“ کے ذریعے تقریباً3231پیغامات جاری فرمائے جن میں 586 تعزیت کے، 2461 عیادت کے جبکہ 184 دیگر پیغامات تھے۔ اِن پیغامات کے ذریعے امیرِ اہلِ سنّت نے بیماروں سے عیادت کی، اُنہیں بیماری پر صبر کا ذہن دیا جبکہ مرحومین کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے مغفرت اور بلندیِ درجات کی دعا کی۔

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، شعبہ دعوتِ اسلامی کے شب وروز، کراچی


Share