بچّے کے کان میں اذان کتنی دیر بعد دینی چاہئے؟/عقیقے کا گوشت

نابالغ بچّوں پر سجدۂ تلاوت

سوال:کیا نابالغ بچّوں پر بھی آیتِ سجدہ تلاوت کرنے سے سجدۂ تلاوت واجب ہوجاتا ہے؟

جواب: نابالغ بچّوں پرسجدۂ تلاوت واجب نہیں ہوتا، البتہ انہیں سجدۂ تلاوتکرنے کا ذہن دیا جائے تاکہ یہ بڑے ہوکر سجدۂ تلاوت کریں۔ اگر نابالغ نے آیتِ سجدہ پڑھی اور بالغ نے سُن لی تو اب بالغ پر سجدۂ تلاوت کرنا واجب ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 13رجب المرجب1436ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

عقیقے کا گوشت

سوال:عقیقے کا گوشت نانا، نانی کھاسکتے ہیں یا نہیں؟

جواب: جی ہاں! نانا، نانی، دادا، دادی بلکہ ہر مسلمان عقیقے کا گوشت کھاسکتا ہے، لوگوں نے یہ عجیب و غریب رسم و رواج بنالئے ہیں کہ فلاں عقیقے کا گوشت کھاسکتا ہے اور فلاں نہیں کھاسکتا، جبکہ شریعت میں ایسا کچھ نہیں ہے، ہر مسلمان کھاسکتا ہے، جیساکہ بہارِ شریعت میں ہے: اس (یعنی عقیقے) کا گوشت فُقَرا اور عزیز و اَقارِب، دوست و اَحباب کو کچّا تقسیم کردیا جائے یا پکا کر دیا جائے یا اُن کو بطورِ ضِیافت (مہمان نوازی) و دعوت کھلایا جائے یہ سب صورتیں جائز ہیں۔ بہتر یہ ہے کہ اُس کی ہڈّی نہ توڑی جائے بلکہ ہڈّیوں پر سے گوشت اُتار لیا جائے یہ بچّے کی سلامتی کی نیک فال ہے (یعنی نیک شگُون ہے) اور ہڈّی توڑ کر گوشت بنانے میں بھی حرج نہیں۔ گوشت کو جس طرح چاہیں پکا سکتے ہیں مگر میٹھا پکایا جائے تو بچّے کے اخلاق اچّھے ہونے کی فال ہے۔ (بہارِ شریعت،ج 3،ص357 ملخصاً) میٹھا گوشت پکانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ گوشت کو چُقَنْدَر کے ساتھ پکالیا جائے، کیونکہ چقندر میٹھا ہوتا ہے اور اس سے چینی بھی بنتی ہے تو اس سے گوشت میٹھا ہوجائے گا، دوسرا یہ کہ گوشت میں چینی یا شہد ڈال دیا جائے تو یہ میٹھا ہوجائے گا۔(مدنی مذاکرہ،4ذوالحجۃ الحرام1436ھ)

(عقیقے کے بارے میں مزید جاننے کے لئے مکتبۃُ المدینہ کا رسالہ ”عقیقے کے بارے میں سوال جواب“ پڑھئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

چھوٹی مچھلیاں کھانے والی مچھلی کھانا کیسا؟

سوال:کیا ایسی مچھلی کھانا جائز ہے جو دوسری مچھلیوں کو کھاتی ہو؟

جواب: عُموماً بڑی مچھلیاں چھوٹی مچھلیوں کو کھاتی ہیں مگر ان کا کھانا جائز ہے۔(مدنی مذاکرہ، 12شوال المکرم1437ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

یامین نام رکھنا کیسا؟

سوال: یامِین نام رکھنا کیسا ہے؟ نیز اس کے معنیٰ بھی بتا دیجئے۔

جواب:یامین کے معنیٰ ہیں برکت والا،پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ایک صحابی کا نام بھی’’یامِین‘‘ تھا یوں یامین نامرکھنا اچّھا ہے۔(مدنی مذاکرہ،9محرمُ الحرام 1440ھ)

(نام رکھنے کے بارے میں اہم معلومات جاننے کے لئے مکتبۃ المدینہ کی کتاب ”نام رکھنے کے احکام“ پڑھئے۔)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

دُرودِ رضویہ پڑھنے میں حکمت

سوال:آپ آیتِ دُرود کے بعد دُرودِ رضویہ پڑھتے ہیں اس میں کیا حکمت ہے؟

جواب:آیتِ دُرود کے بعد کوئی سا بھی دُرودِ پاک پڑھ سکتے ہیں البتہ میں دُرودِ رضویہ اس لئے پڑھتا ہوں کہ یہ دُرود و سلام کا مجموعہ ہے اور اس میں تین دُرود ہیں: (1)صَلَّی اللّٰہُ عَلَی النَّبِیِّ الْاُمِّیِّ وَاٰلِہٖ (2)صَلَّی اللّٰہُ عَلَیْہِ وَسَلَّم (3)صَلٰوۃً وَّسَلَامًا عَلَیْکَ یَارَسُوْلَ اللّٰہ۔(مدنی مذاکرہ،19ربیع الآخر1437ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

جُزدان میں لپٹے ہوئے قراٰنِ عظیم کو بے وضو چُھونا کیسا؟

سوال:جُزْدان میں قراٰنِ پاک لپٹا ہو تو کیا بے وضو اسے اُٹھا سکتے ہیں؟

جواب: اٹھا سکتے ہیں، البتہ جُزدان کے علاوہ وہ کپڑا جو قراٰنِ کریم کے ساتھ پلاسٹک کَوَر کی طرح سِیا جاتا ہے جو قراٰنِ پاک سے ملا ہوا ہوتا ہے، اسے بے وضو چُھونا اور اُٹھانا جائز نہیں ہے۔(مدنی مذاکرہ،2ربیع الآخر1438ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

نماز میں دُرودِ ابراہیمی کی جگہ دوسرا دُرود شریف پڑھنے کا حکم

سوال:اگر کسی نے نَماز میں اَلتَّحِیَّات پڑھنے کے بعد دُرودِ ابراہیمی کی جگہ کوئی اور دُرودِ پاک پڑھ لیا تو کیا حکم ہے؟

جواب:فرض، وِتْر اور سنّتِ مُؤکَّدہ کے قَعْدَۂ اَخِیرَہ میں جبکہ نوافِل اور سنّتِ غیر مُؤکَّدہ کے دونوں قَعدوں میں اَلتَّحِیَّات پڑھنے کے بعد دُرود شریف پڑھنا سنّت ہے، البتہ دُرودِ ابراہیم پڑھنا افضل ہے، اگر کسی نے دُرودِ ابراہیم کی جگہ کوئی اور دُرودِ پاک پڑھا تو سنّت ادا ہوجائے گی اور نَماز بھی ہوجائے گی۔(مدنی مذاکرہ،8رمضانُ المبارک1437ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

بچّے کے کان میں اذان کتنی دیر بعد دینی چاہئے؟

سوال:بچّہ پیدا ہونے کے کتنی دیر بعد اس کے کان میں اذان دینی چاہئے؟

جواب:بچّے کے کان میں اذان دینے میں تاخیر نہیں کرنی چاہئے کہ مِرگی کا مَرَض ہونے کا اندیشہ ہے، بہتر یہ ہے کہ جب بچّہ پیدا ہوجائے تو اسے نیم گرم پانی سے نہلائیں، پھر سیدھے کان میں چار بار اَذان اور اُلٹے کان میں تین بار اِقَامَت کہیں، اِنْ شَآءَ اللہ بَلائیں دُور ہوں گی۔(ملفوظاتِ اعلیٰ حضرت، ص418ماخوذاً، بہارِ شریعت،ج 3،ص355ماخوذاً)(مدنی مذاکرہ،25ذوالحجۃ الحرام1436ھ)

وَاللہُ اَعْلَمُ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم عَزَّوَجَلَّ وَ صلَّی اللّٰہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

صَلُّوْا عَلَی الْحَبِیْب! صلَّی اللہ علٰی محمَّد

Share