حاملہ عورت کتنے دن عدّت گزارے؟
سوال:کیا
فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ عورت کوحالتِ حمل میں طلاق ہوتواس
کی عدت کیا ہوگی؟
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ
الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ
الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
جس عورت کو حالتِ حمل
میں طلاق ہو اس کی عدت بچّے کی پیدائش ہے جب بچّہ پیدا ہوجائے گا تو اس کی عدت
مکمل ہوجائے گی ۔
وَاللہُ
اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ
رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
مُجِیْب مُصَدِّق
محمدعرفان مدنی مفتی محمدہاشم خان عطّاری
کیا بیوی کے فوت ہونے کے سبب ساس سے
پردہ ہوگا؟
سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس
مسئلہ کے بارے میں کہ زید کی بیوی فوت ہوگئی ہے، اس کی ساس کہ جس کی عمر تقریباً 62سال
ہے، بعض لوگوں کا کہنا ہے کہ زید کی بیوی فوت ہوگئی ہے اس لئے اب زید اور اس کی
ساس کے مابین پردہ ہوگا، لہٰذا یہ ارشاد فرمائیں کہ زید کی بیوی کے فوت ہونے کی
وجہ سے اب اس کی ساس اور اس کے درمیان پردہ لازم ہوگا یا نہیں ؟
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ
الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
صورتِ مسئولہ میں زید کا اپنی ساس سے
پردہ واجب نہیں ہوگا جبکہ شہوت کا اندیشہ نہ ہو کیونکہ زید کی شادی ہوتے ہی اس کی
ساس اس پر حرمتِ ابدی سے حرام ہوگئی ، اور جن رشتہ داروں سے نکاح کی حرمتِ ابدی نکاح کی وجہ سے
ہوتو ان سے پردہ
واجب نہیں ہے البتہ اگر ساس جوان ہو تو پردہ کرنا بہتر ہے۔
وَاللہُ
اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ
اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ
واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــــــہ
مفتی محمد ہاشم خان عطّاری
مخصوص ایام میں آیۃ الکرسی پڑھنا
کیسا؟
سوال:کیا
فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ کیااسلامی بہنیں مخصوص ایام میں آیۃُ
الکرسی پڑھ سکتی ہیں؟
بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ
اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ
الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ
اسلامی
بہنیں مخصوص ایام میں آیۃُ الکرسی قراٰنِ عظیم کی تلاوت کی نیّت کئے بغیر،ذکر و ثنا
کی نیّت سے پڑھ سکتی ہیں کہ قراٰنِ عظیم کی وہ آیات جو ذکر و ثنا و دعا و مُناجات
پر مشتمل ہوں، جنب و حائض بے نیّتِ قراٰن ذکر و ثنا اور دعا کی نیّت سے پڑھ سکتے ہیں۔
البتہ جن کو اس کا حائضہ ہونا معلوم ہے ان کے سامنے بآواز بہ نیّتِ ذکر و ثنا بھی
پڑھنا مناسب نہیں کہ کہیں وہ بحالتِ حیض تلاوت جائز نہ سمجھ لیں، یا اس حالت میں
تلاوت کو ناجائز تو جانتے ہوں لیکن پڑھنے والی پر گناہ کی تہمت نہ لگائیں۔
وَاللہُ
اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ
رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی
اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
کتبــــــــــــــــــــــہ
مفتی محمد ہاشم خان عطّاری
Comments