نماز جنازہ میں دیکھ کر دعائیں پڑھنا

کیا منّت کے نوافل ایک ہی وقت میں پڑھنا ضروری ہیں ؟

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے دین ومفتیانِ شرعِ متین اس مسئلے کے بارے میں کہ ایک اسلامی بہن نے اس طرح منت مانی کہ اگر اس کا فُلاں کام ہوگیا ، تو وہ سو نوافل ادا کرے گی۔ اب اس کا وہ کام ہوگیا ہے، تو منت کے نوافل ایک ہی دن اکٹھے پڑھنے ہوں گے یا الگ الگ دنوں میں بھی پڑھ سکتی ہے کہ تھوڑے آج پڑھ لئے، پھر اگلے دن، پھر کچھ دنوں بعد، اس طرح کرسکتی ہے یا نہیں؟

نوٹ : نیت میں اکٹھے یا الگ الگ، کسی طرح کی تعیین نہیں تھی۔ سائلہ:اسلامی بہن (صدر، کراچی)

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

پوچھی گئی صورت میں جب اس اسلامی بہن نے نوافل اکٹھے یا الگ الگ پڑھنے کی شرط نہیں لگائی تھی اور نہ ہی نیت میں تھا کہ اکٹھے پڑھنے ہیں یا الگ الگ، سو نوافل کی مطلق نیت تھی، تو منت پوری ہونے کی صورت میں وہ نوافل تھوڑے تھوڑے کرکے بھی ادا کرسکتی ہے، سو نوافل ادا کرنے ضروری ہیں خواہ الگ الگ پڑھے یا اکٹھے پڑھ لے۔ جیسا کہ کسی نے مطلق دس روزوں کی منت مانی، تو اب اس کو اکٹھے دس روزے رکھنے کا بھی اختیار ہے اور الگ الگ رکھنے کا بھی اختیار ہے ۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

کتبــــــــــــــــــــــہ

مفتی محمد قاسم عطّاری

نمازِ جنازہ میں دیکھ کر دعائیں پڑھنا

سوال:کیا فرماتے ہیں علمائے کرام اس مسئلہ کے بارے میں کہ اگر کسی شخص کو جنازے کی دعائیں یاد نہ ہوں اور وہ نمازِ جنازہ میں سامنے دیوار پر لکھی ہوئی دعائیں دیکھ کر پڑھے تو کیا اس طرح اس کی نماز ہوجائے گی؟

سائل:حفیظ اقبال(جوہرٹاؤن،لاہور)

بِسْمِ اللّٰہِ الرَّحْمٰنِ الرَّحِیْمِ

اَلْجَوَابُ بِعَوْنِ الْمَلِکِ الْوَھَّابِ اَللّٰھُمَّ ھِدَایَۃَ الْحَقِّ وَالصَّوَابِ

جس شخص کو جنازے کی دعائیں یاد نہ ہوں، وہ اگر نمازِ جنازہ میں سامنے دیوار پر لکھی ہوئی دعائیں دیکھ کر پڑھے گا تو اس کی نماز فاسد ہوجائے گی کیونکہ یہ نماز کے باہر سے سیکھنا ہے اور نماز کے باہر سے سیکھنا جس طرح عام نماز کو فاسد کردیتا ہے اسی طرح نمازِ جنازہ کو بھی فاسد کردیتا ہے۔

وَاللہُ اَعْلَمُ عَزَّوَجَلَّ وَ رَسُوْلُہٗ اَعْلَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

مُجِیْب مُصَدِّق

محمدعرفان مدنی محمدہاشم خان عطّاری مدنی

قبولیتِ دُعاکی گھڑی

فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے: جُمُعہ میں ایک ایسی گھڑی ہے کہ اگر کوئی مسلمان اسے پاکر اس وقت اللّٰہ پاک سے کچھ مانگے تواللہ پاک اسے ضرور د ے گا۔ (مسلم، ص330، حدیث: 852)

خاتونِ جنّت حضرتِ سیِّدَتُنا فاطِمۃُ الزَّہراء رضی اللہ عنہا کا معمول تھا کہ جمعہ کے دن غروبِ آفتاب کے وقت خود حُجرے میں بیٹھتیں اور اپنی خادِمہ فِضَّہ (رضی اللہ عنہا)کو باہَر کھڑا کرتیں ، جب آفتاب ڈوبنے لگتا تو خا دِ مہ آ پ کو خبر دیتیں ،اس کی خبر پر سیِّدہ اپنے ہاتھ دعا کے لئے اُٹھا تیں۔(مراٰۃالمناجیح،ج2،ص320،319بتغیرقلیل) 


Share

نماز جنازہ میں دیکھ کر دعائیں پڑھنا

علمائے کرام اور دیگر شخصیات کے تأثرات

(1)مولانا محمد ابرار محسن صاحب (ناظمِ اعلیٰ مدرسہ رفیعُ الاِسلام ملکوال ضلع ،منڈی بہاؤالدین پنجاب):”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ انتہائی جامِع اور حالاتِ حاضرہ کے مطابق لوگوں کے مسائل کا حل پیش کرتا ہے۔ اس ماہنامہ کے مضامین عُلَما سے عوام تک، بچّوں، عورتوں اور جوانوں کے لئے یکساں مُفید ہیں۔ اللہ پاک ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کو دن گیارھویں اور رات بارھویں ترقّی عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(2)قاری محمد ارشاد فریدی صاحب (امام و خطیب جامع مسجد محمّدی بحریہ ٹاؤن کراچی):دعوتِ اسلامی کا ایک شعبہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ بھی ہیں۔ اس ماہنامے میں دینی اور دنیوی اعتبار سے کافی اچھی معلومات دی گئی ہے۔ شَرَعی مسائل، طبّی اور رُوحانی علاج کے بارے میں راہنمائی کی جاتی ہے۔ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کی ایک اہم بات یہ بھی ہے کہ اس کے ذریعے دعوتِ اسلامی جو بینَ الاقوامی سطح پر دینی خدمات سَر انجام دے رہی ہےاس کےبارے میں بآسانی معلومات مِل جاتی ہیں۔

اسلامی بھائیوں کے تأثرات

(3)اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! اب تک کے تمام ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا مُطالعہ کرنے کی سعادت حاصل ہوئی ہے۔ اس ماہنامہ میں دارُالافتاء اہلِ سنّت اور مدَنی مذاکرے کے سوال جواب کے سلسلہ میں جدیدمَسائل خوبصورت و سَہل انداز میں پیش کرنا اچّھی کاوِش ہے۔ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ عوامُ الناس کےلئے علمِ دین حاصل کرنے کا سنہری موقع فراہم کر رہا ہے۔ دُعا ہے کہ دعوتِ اسلامی کی یہ کاوِش جاری و ساری رہے، اللہ  پاک عُلَمائے حقّہ کے صدقے مزید ترقیاں عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(محمد فیصل محمود عطاری، راولپنڈی)

بچّوں کے تأثرات

(4)مجھے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ بہت اچھا لگتا ہے، میرے بابا جان ہمیں پڑھ کر سناتے اور سمجھاتے ہیں۔(جنید، حیدر آباد)

(5)ہم نے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں خطرناک کھلونوں کے نقصان پڑھے، اِنْ شَآءَ اللہ ہم عید پر ایسے کھلونے نہیں خریدیں گے۔(حسن نور،گلشن اقبال کراچی)

اسلامی بہنوں کے تأثرات

(6)ذُوالحجۃ الحرام1440ھ کے ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں مضمون گوشت کے فوائد و نقصانات پڑھا۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ! کچھ غلط فہمیاں تھیں دُور ہوگئیں۔ اللہ پاک سے دُعا ہے کہ اس ماہنامہ کو مزید ترقی اور قبولِ عام عطا فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم(بنتِ منور علی، شہداد پور)

(7)”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا اسلوب اور انداز نہایت دلکش ہے۔ اس کے مضامین پڑھنے سے معاشرے کی بہت سی خامیوں و کمزوریوں کے بارے میں پتا چلتا ہے اور ساتھ ہی ان کا حل بھی معلوم ہوجاتا ہے۔(بنتِ شہاب الدین،لیہ،پنجاب)


Share

Articles

Comments


Security Code