Book Name:Naam e Muhammad Ki Barkaat
اُولٰٓىٕكَ الَّذِیْنَ هَدَى اللّٰهُ فَبِهُدٰىهُمُ اقْتَدِهْؕ-
( پارہ : 7 ، الانعام : 90 )
تَرجَمہ کَنْزُ الْعِرْفان : یہی وہ ( مقدس ) ہستیاں ہیں جنہیں اللہ نے ہدایت کی تو تم ان کی ہدایت کی پیروی کرو۔
مشہور مفسرِ قرآن ، حکیم الاُمَّت مفتی احمد یار خان نعیمی رحمۃُ اللہ عَلَیْہ اس آیت کی تفسیر میں لکھتے ہیں : یعنی اے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم ! ہم نے پہلے انبیائے کرام علیہم السَّلام کو بہت سارے اَوْصاف و کمالات عطا فرمائے تھے ، آپ ان تمام اَوْصاف و کمالات کے جامِع بن جائیے کہ جو کمالات ان میں ایک ایک ، دو دو تھے ، وہ سب کے سب آپ میں جمع ہوں ، حضُور صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کی پاکیزہ زِندگی اس آیت کی جیتی جاگتی تفسیر ہے۔ اس سے معلوم ہوا؛ اللہ پاک نے اپنے محبوب صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کو جامعِ صفَات بنایا ہے یعنی تمام نبیوں کے اَوْصاف و کمالات آپ میں جمع فرما دئیے۔ ( [1] )
نوح و خلیل و موسیٰ و عیسیٰ سب کا ہے آقا نامِ مُحَمَّد
سارے چمن میں لاکھوں گلوں میں گل ہے ہزارا نامِ مُحَمَّد
پائیں مرادیں دونوں جہاں میں جس نے پُکارا نامِ مُحَمَّد ( [2] )
نامِ مُحَمَّد اور عقیدۂ ختمِ نبوت
پیارے اسلامی بھائیو ! ہمارے پیارے آقا ، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے پیارے پیارے نام مُحَمَّد سے متعلق عُلَمائے کرام نے ایک بڑا خوبصُورت نکتہ بیان کیا ہے ، فرماتے ہیں : لفظِ مُحَمَّد حَمْد سے بنا ہے اور حَمْد ہمیشہ آخر میں کی جاتی ہے ، جیسے * ہم کھانا کھائیں تو آخر میں کہتے ہیں : الحمد للہ ! * جب پانی پئیں تو آخر میں کہتے ہیں : الحمد للہ !