Khuda Chahta Hai Rizae Mohammad

Book Name:Khuda Chahta Hai Rizae Mohammad

اللہ پاک کی اپنے مَحْبُوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم سے محبّت دیکھئے! آج تک اُمّت پر اجتماعی عذاب نہیں آیا۔

پیارے اسلامی بھائیو! قرآنِ کریم کی سمجھ کر تِلاوت کریں، پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی سیرت پڑھیں، حدیثِ پاک کی کتابیں پڑھیں تو پتا چلتا ہے کہ اللہ پاک کو ہر ہر لمحہ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی رضا مَطْلُوْب ہے، یہاں تک کہ قیامت کے دِن بھی آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی مرضِی کو پُورا فرمایا جائے گا۔ آپ کہتے جائیں گے، اللہ پاک پُوری فرماتا جائے گا، قیامت کے اِس ہولناک دِن میں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ایک سجدہ کر کے اُمّت کو بخشوا لیں گے۔ یہ ہمارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی شان ہے۔

اللہ، رسول کو راضِی کیجئے!

پیارے اسلامی بھائیو! اس میں ہمارے لئے بھی ایک سبق ہے، وہ یہ کہ اللہ پاک کی رضا مَحْبُوب کی رضا میں ہے اور مَحْبُوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی رضا اللہ پاک کی رضا میں ہے، اللہ پاک وہ چاہتا ہے جو رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم چاہتے ہیں اور رسولِ اکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم وہ چاہتے ہیں، جو اللہ پاک چاہتا ہے۔ اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ لکھتے ہیں:

بہم عہد باندھے ہیں وصلِ ابد کا                                                            رضائے خدا اور رضائے مُحَمَّد([1])

وضاحت:اللہ پاک کی رِضا اور مُحَمَّدِ مصطفےٰصَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کی رِضا نے آپس میں پکا وعدہ کر رکھا ہے کہ ہمیشہ ایک ساتھ ہی رہیں گی (لہٰذا جب تک رسولِ اَکْرَم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو راضِی نہ کر لیا جائے، اللہ پاک کی رِضا مِل ہی نہیں سکتی)۔


 

 



[1]...حدائق بخشش، صفحہ:65۔