Book Name:Khuda Chahta Hai Rizae Mohammad
دَمِ حشر عاصِی مزے لے رہے ہیں شفاعت کسی کی ہے رحمت کسی کی
ہمِیں ہیں کسی کی شفاعت کی خاطِر ہماری ہی خاطِر شفاعت کسی کی
ہم ایسے گنہگار ہیں زُہد والو! ہماری مدد پر ہے رحمت کسی کی([1])
وضاحت: حشر کے مشکل دن میں بھی گناہ گار مزے میں ہیں کہ ميدان محشر میں اللہ پاک کی رحمت بھی اور شفاعت کے لئے پیارے آقا صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم بھی ہیں، ہم ہی گناہ گار ہیں جن کی خاطر کسی کی شفاعت ہے اور ہماری خاطر آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ربِّ کریم کی بارگاہ میں شفاعت فرمائیں گے، اے زُہْد و تقوٰی اِختیار کرنے والو! ہم ایسے گناہ گار ہیں کہ جن کی مدد کے لئے اللہ پاک نے اپنے مَحْبُوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم کو اپنی رحمت بنا کر بھیجا ہے
رسولِ ذیشان، مکی مَدَنی سُلطان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم نے فرمایا: میں روزِ قیامت شَفاعت کرتا جاؤں گا، کرتا جاں گا، یہاں تک کہ میرا رَبّ مجھے فرمائے گا: اَرَضِیْتَ یَا مُحَمَّدُ! یعنی اے پیارے مَحْبُوب ! کیا آپ راضِی ہوگئے؟ میں عرض کروں گا: نَعْمْ یَا رَبِّ رَضِیْتُ ہاں! اے میرے پاک رَبّ! میں راضی ہوں۔([2])
تمہارا نام مصیبت میں جب لیا ہو گا ہمارا بگڑا ہوا کام بن گیا ہو گا
گنہگار پہ جب لُطف آپ کا ہو گا کِیا بغیر کِیا، بے کِیا کِیا ہو گا
دِکھائی جائے گی محشر میں شانِ محبوبی کہ آپ ہی کی خوشی آپ کا کہا ہو گا
خُدائے پاک کی چاہیں گے اگلے پچھلے خوشی خدائے پاک خوشی اُن کی چاہتا ہو گا([3])