خوابوں کی دنیا
*مولانا محمد اسد عطّاری مدنی
ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022
قارئین کی جانب سے موصول ہونے والے چند منتخب خوابوں کی تعبیریں
خواب : خواب میں اولیاء اللہ رَحمہمُ اللہ کے مزارات دیکھنے کی کیا تعبیر ہے ؟ نوٹ : یہ معلوم نہیں ہوتا کہ کون سے بزرگ کا مزار ہے۔
تعبیر : مزاراتِ اولیا کا دیکھنا باعثِ برکت ہوتا ہے اور صاحبِ مزار کی خصوصی نظرِ کرم کی دلیل ہے۔ البتہ اولیائے کرام کی خاص صفات جن کا ان کی ذات پر غلبہ ہوتا ہے ان صفات سے برکت ملنا بھی اس کی تعبیر ہے۔
خواب : میں نے خواب میں اپنے گھر کے اندر بھینس کا بچہ اور کثیر بکریاں دیکھیں، اس کی کیا تعبیر ہوگی ؟
تعبیر : یہ اچھا خواب ہے، نعمت و برکت کی علامت ہے بالخصوص اگر رزق میں تنگی تھی تو اللہ پاک دور فرمادے گا اور رزق میں وسعت عطا ہوگی۔ نیز گھر سے بےبرکتی دور ہونے کی بھی علامت ہے۔
خواب : دادا کے انتقال کے تقریباً 3 ماہ بعد میں نے خواب دیکھا کہ میرے گھر میں ایک کالا پردہ ہے جس کے پیچھے سے آواز آ رہی ہے ہم سب اس کو اللہ کہہ کر پکار رہے ہیں اور یہ عرض کر رہے ہیں کہ دادا کو واپس بھیج دے ! پردے کے پیچھے سے آواز آتی ہے : ہم بندے کو دنیا میں ایک بار بھیجتے ہیں، بس اب صبر سے کام لو ! تو سارے گھر والےخاموش ہوجاتے ہیں اور اس جگہ سےاٹھ جاتے ہیں لیکن میں وہاں بیٹھا یہی دعا کررہا ہوں، مجھے بھی پہلے جیسا جواب مل رہا تھا لیکن میں مسلسل یہی دعا کر رہا تھا کہ اے اللہ ! دادا کو واپس بھیج دے، اس کے بعد پردے کے پیچھے سے آواز آتی ہے کہ جاؤ ! اسے قبرستان سے لے کر آؤ ،تو میرے بڑے بھائی اور چھوٹے چاچا ان کو قبرستان سے لے کر آتے ہیں، جب دادا کو لے کر آئے تو وہ بہت تھکے ہوئے تھے۔برائے مہربانی یہ ارشاد فرمادیں کہ اس کی کیا تعبیر ہوگی اور پردے کے پیچھے کی آواز کیا ہے ؟
تعبیر : دنیا سے چلے جانے والے کے بارے میں اس سے ملتے جلتے خواب کئی لوگ دیکھا کرتے ہیں، چونکہ قریبی رشتہ داروں کے ساتھ ایک گہرا تعلق ہوتا ہے تو انتقال کے بعد کچھ عرصے تک فوت شدگان کو یوں دیکھنا ایک عمومی سی بات ہے۔ آپ اپنے دادا جان کے لئے دعا و ایصال ثواب کی کثرت کریں۔ بالخصوص یہ غور کر لیا جائے کہ انتقال کرنے والے پر کسی کا کوئی حق تو نہیں، اگر ایسی صورت ہو تو حق کی ادائیگی یا معافی کی ترکیب بنائی جائے۔
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* نگرانِ مجلس مدنی چینل
Comments