آؤبچو حدیث رسول سنتے ہیں
پیارے نبی کی محبت
*مولانا محمد جاوید عطاری مدنی
ماہنامہ فیضان مدینہ اکتوبر 2022
ہمارے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا : اپنے بچّوں کو تین اچھی باتیں سکھاؤ ( ان میں سے ایک یہ ہے ) : حُبَّ نَبِيِّكُمْ یعنی اپنے نبی کی محبت ( سکھاؤ ) ۔ ( جامع صغیر ، ص25 ، حدیث : 311ملتقطاً )
اس حدیثِ پاک میں بچّوں کو پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت سکھانے کا فرمایا گیا ہے۔
پیارے بچّو! رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت بہت بڑی دولت ہے ، یہ عظیم دولت ہر کسی کو نہیں ملتی ، محبتِ رسول کا حکم اللہ پاک نے دیا ، رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے محبت کرنے والوں کی اللہ پاک نے تعریف فرمائی اور ان کو کامیاب لوگ فرمایا ، محبتِ رسول جنّت حاصل کرنے اور اللہ پاک کو راضی کرنے کا اہم ذریعہ ہے۔
صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم حضورِ اکرم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بہت زیادہ محبت کرتے تھے۔نبیِّ پاک صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم وضو کرتے تو صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم وضو کا پانی نیچے نہیں گرنے دیتے بلکہ اپنے ہاتھوں میں لیتے اور چہروں پر مَل لیتے ، حضور جس کام سے منع فرماتے اس سے رُک جاتے ، جس کام کا حکم دیتے اس پر عمل کرتے۔
پیارے بچّو!جس سے محبت اور پیار ہوتاہے اس کی بات مانی جاتی ہے ، اس کی فرمانبرداری کی جاتی ہے۔ ہمیں بھی چاہئے کہ پیارے نبی محمد مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے محبت کریں ، ان کی سنّتوں پر عمل کریں ، اُن کی سیرتِ پاک کی کتابیں پڑھیں ، اپنے امّی ابّو ، بڑے بھائی یا گھر میں جو جاننے والا ہو اس سے معلومات لیں ، مسجد میں نمازِ جمعہ کے بعد ہونے والے درود و سلام میں شرکت کریں ، جشنِ ولادت کے جلوس میں ابو یا بڑے بھائی کے ساتھ شرکت کریں ، مدنی چینل دیکھیں اور درودِ پاک کی کثرت کریں اس سے پیارے نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت میں اضافہ ہوگا۔اِن شآءَ اللہ
اللہ پاک ہمیں اپنےنبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے سچی محبت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔
اٰمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ
* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ ، ماہنامہ فیضان مدینہ ، کراچی
Comments