Hazrat Dawood aur Hazrat Suleman

Book Name:Hazrat Dawood aur Hazrat Suleman

حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام   پر قراءت آسان کر دی گئی تھی ، آپ عَلَیْہِ السَّلَام   گھوڑے پر کاٹھی ڈالنے کا حکم دیتے اور گھوڑا تیار ہونے سے پہلے زبور پڑھ لیتے تھے ۔ ([1])               

پیارے اسلامی بھائیو! ہوسکتا ہے کہ شیطان کسی کے ذہن میں یہ وسوسہ ڈالے کہ اتنے تھوڑے وقت میں پوری زبور کیسے پڑھ لی تو اس کا جواب یہ ہے کہ یہ حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام کا معجزہ تھاکہ آپ عَلَیْہِ السَّلَام جتنی دیر میں گھوڑے پر زِین کَسی جاتی ہے اتنے مختصر وقت میں پوری زبور پڑھ لیا کرتے اور معجزہ کہتے ہی اسے ہیں جو کہ عقلاً محال ہو(یعنی عادتاً وہ کام ممکن نہ ہو)۔ حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام تو اللہ کے نبی  ہیں اور انبیاء کی شان تو بہت ارفع و اعلی ہیں ، اللہ پاک نےتو اپنے پیارے حبیب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّم کے غلاموں کو بھی ایسی شان عطا فرمائی چنانچہ

آقا  کے غلاموں کی شان :

مولائے کائنات ، شیرِخدا  حضرت علی المرتضی کَرَّمَ اللہُ وَجْہَہُ الْکَرِیْم کے بارے میں منقول ہے کہ آپ گھوڑے پر سوا رہوتے وقت ایک پاؤں رِکاب میں رکھتے اور قرآنِ مجید پڑھنا شروع کرتے اور دوسرا پاؤں رِکاب میں رکھ کر گھوڑے کی زین پر بیٹھنے تک اتنی دیر میں ایک قرآنِ مجید ختم کرلیا کرتے تھے۔ (شواھد النبوۃ ، رکن سادس دربیان شواھد ودلایلی...الخ ، ص۲۱۲)

مرقاۃ میں ہے : شیخ موسیٰ سدرانی ، شیخ ابو مدین(شعیب الغوث مغزلی) کے اصحاب میں سے تھے ایک دن و رات میں ستر ہزارقرآن ختم کرلیتے تھے ایک دفعہ انہوں نے کعبہ معظمہ میں سنگ اسود چوم کر دروازہ کعبہ پر پہنچ کر ختمِ قرآن فرمالیا اور لوگوں نے ایک ایک حرف سنا۔  (مرقاۃ المفاتیح ، ۴ / ۷۰۲ ، تحت الحدیث : ۲۲۰۱)


 

 



[1]… بخاری ، کتاب التفسیر ، باب قوله : واٰتینا داود زبورا ، ۳ / ۲۶۱ ، حدیث : ۴۷۱۳.