Aal e Nabi Ke Fazail

Book Name:Aal e Nabi Ke Fazail

صَلُّوْا عَلَی الْحَبیب!                                               صَلَّی اللہُ  عَلٰی مُحَمَّد

جا! تُو نے خود کو جہنّم سے بچا لیا

حضرت عبد الله بن عباس رَضِیَ اللہُ عنہما سے   روایت  ہے کہ ایک شخص نے سلطانِ مدینہ، قرارِ سینہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے پچھنے لگائے اور جسم مُبَارَک سے جو خون نکلا اسے دیوار کے پیچھے جا کر پی لیا۔ آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے جب اس سے پوچھا کہ خون کا کیا کِیَا ہے تو عرض کیا: یا رسولَ اللہ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! آپ کا خون مُبَارَک تھا، میں نے اسے زمین پر بہا دینا گوارا    نہ کیا، اب وہ میرے پیٹ میں ہے۔ یہ سُن کر آپ  صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: جا! تو نے خود کو جہنّم سے بچا لیا ہے۔([1])

مَدارج النبوۃ میں ہے: جنگِ اُحُد کے موقع پر جب حضور اقدس صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم زخمی ہوئے تو حضرت مالِک بن سنان رَضِیَ اللہُ عنہ ان زخموں  کا خون چوس کر پی گئے۔ اس پر حضور اقدس صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے انہیں بشارت دی کہ جو جنتی آدمی کو دیکھنا چاہے تو انہیں دیکھے۔([2])

سُبْحٰنَ اللہ! غور فرمائیے! جن صحابۂ کرام علیہمُ الرِّضْوَان  نے پیارے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے جسمِ پاک سے نکلا ہوا خُون مبارک پِیا، وہ جہنّم سے محفوظ اور جنّت کے حق دار ہو گئے تو وہ پاک حضرات  جو اسی خون سے بنے ہیں اور وہ مبارک خون ان کی رگوں  میں جاری ہے، انہیں جہنّم کی آنچ کیوں کر پہنچ سکتی ہے؟([3])


 

 



[1]...المواہب الدنیۃ، المقصد الثالث، الفصل الاول فى كمال خلقتہ...الخ،جلد: 2، صفحہ:76  ملتقطًا۔

[2]...مدارج النبوت، باب اول در بیان حسن خلقت وجمال، حصہ:1، صفحہ:26 ملخصاً۔

[3]...مطلع القمرین، صفحہ:61ملخصاً۔