Book Name:Akhri Nabi Tashreef Le Aye
ان کے اس فتنے سے بچنے کا صِرْف ایک ہی طریقہ ہے، وہی جو حضرت حبیب بن زید رَضِیَ اللہُ عنہ نے اپنایا، آپ نے صاف صاف فرما دیا : اے مسیلمہ ! تم نبی ہو، میرے کان یہ بات سننے سے بہرے ہیں۔ یعنی یہ بات 100٪ بلکہ 500کروڑ فیصد فائنل ہے کہ مُحَمَّد صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم آخری نبی ہیں، بس ! اس کے بعد مجھے کوئی اور بات سننی ہی نہیں ہے۔
نبوت کے جھوٹے دعویدار سے دلیل مانگناکیسا؟
حضرت ابومنصور ماتریدی رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ لکھتے ہیں: جو کوئی حُضُورِاکرم صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کے بعد نبوت کا جھوٹا دعویٰ کرے تو اس سے کوئی دلیل نہیں مانگی جائے گی بلکہ اس شخص کے اس دعوے کا انکار ہی کیا جائے گا([1]) کیونکہ اللہ پاک کے پیارے پیارے نبی، رسولِ ہاشمی صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم فرما چکے: لَا نَبِیَّ بَعْدِی یعنی میرے بعد کوئی نبی نہیں۔ ([2])
شہِ انبیا ہے، خُدا کا ہے پیارا وہ نبیوں میں سُن لو! نبی آخری ہے
مُحَمَّد ہے احمد، ہے سلطانِ بطحا وہ نبیوں میں سُن لو! نبی آخری ہے
سیدی اعلیٰ حضرت رَحمۃُ اللہِ عَلَیْہ کے فرمان کا خُلاصہ ہے: اگر کسی نبوت کے جھوٹے دعویدار سے اس لئے معجزہ طَلَب کیا کہ یہ چونکہ جھوٹا ہے، لہٰذا معجزہ دِکھا نہیں سکے گا، جب دِکھا نہیں سکے گا تو ذلیل و رُسْوا ہو گا، اس نِیّت سے معجزہ دِکھانے کا کہنے میں تو کوئی حرج نہیں، البتہ اگر تحقیق کے لئے معجزہ طلب کیا کہ دیکھوں یہ معجزہ دِکھا بھی سکتا ہے یا نہیں تواس نِیّت سے جھوٹے نبی سےمعجزے کا مطالبہ کرنے والا فوراً کافِر ہو جائے گا۔ ([3])