Book Name:Asmani Kitabon Mein Naat e Mustafa
اے ظاہِر نبی! آپ پر سلام ہو، اے باطِن نبی! آپ پر سلام ہو۔ اس پر پیارے آقا، مکی مدنی مصطفےٰ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم نے فرمایا: اے جبریل! یہ صِفَات تو اللہ پاک کی ہیں، اسی کو لائق ہیں، میری یہ صِفَات کیسے ہو سکتی ہیں؟ حضرت جبریلِ امین عَلَیْہِ السَّلَام نے عرض کیا: اللہ پاک نے آپ کو ان صفات سے فضیلت دی، آپ کو سارے نبیوں اوررسولوں پر فضیلت بخشی اوراپنے نام اور صِفَّت سے آپ کا نام اور وَصْف نکالا ہے*(اے پیارے محبوب صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم)! اللہ پاک نے آپ کا نام اَوَّل رکھا، کیونکہ آپ پیدائش کے اعتبار سے سب اَنبیائے کرام سے اَوَّل یعنی پہلے ہیں (کہ سب سے پہلے آپ کا نور مبارک پیداکیاگیا) *اللہ پاک نے آپ کا نامِ پاک آخِر بھی رکھا کیونکہ آپ سب انبیائے کرام کے زمانے سے آخر میں تشریف لانے والے اور آخری اُمَّت کے آخری نبی ہیں *اسی طرح اللہ پاک نے آپ کا نامِ پاک باطِن بھی رکھا، کیونکہ اللہ پاک نے اپنے نام کے ساتھ آپ کا نامِ پاک سنہرے نُور سے عرش کے پائے پر حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام کی پیدائش سے 2 ہزارسال پہلے ہمیشہ ہمیشہ کےلئے لکھا۔اسی طرح اللہ پاک نے آپ کا نامِ پاک ظاہِر بھی رکھا کیونکہ اس نے آپ کو تمام دینوں پرغلبہ عطا فرمایا،آپ کی شریعت و فضیلت کو تمام زمین و آسمان والوں پر ظاہِر کر دیا۔ ([1])
پیارے آقا کے مزید پیارے پیارے نام
پیارے اسلامی بھائیو! اللہ پاک کے نبی حضرت شِیْث عَلَیْہِ السَّلَام پر جو صحیفے نازِل ہوئے، ان میں آپ صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم کا نامِ پاک آخَرُ مَاخ ہے، اس کا معنی ہے: صَحَیْحُ الْاِسْلَام