Book Name:Kamyabi Pane Ke Teen Nuskhe
اسی طرح رَمضان شریف میں نمازِ اَوَّابِین کی بھی پابندی کیجئے! اَوَّابِین مغرب کے بعد پڑھی جاتی ہے، اِس کی 6 رکعتیں ہوتی ہیں، یعنی 2، 2 کر کے 6 رکعت ادا کرنی ہوتی ہیں۔ حدیثِ پاک میں ہے:جس نے نمازِ مغرب کے بعد 6رکعتیں اس طرح پڑھیں کہ کوئی بُری بات نہ کی تو یہ اُس کے حق میں 12سال عبادت کرنے کے برابر ہے۔([1]) ایک حدیث شریف میں فرمایا: جو مغرب اور عشا کے درمیان مسجد میں ٹھہرا رہے، نماز اور قرآن کے علاوہ کوئی بات نہ کرے، تو اللہ پاک کے ذمۂ کرم پر حق ہے کہ اُس کے لئے جنَّت میں 2محل بنائے جن میں سے ہر ایک کی مسافت 100سال ہو گی، دونوں کے درمیان اس کے لئے درخت لگائے گا کہ اگر اہلِ دنیا اس کا چکر لگائیں تو وہ سب کا احاطہ کر لے۔([2])
سُبْحٰنَ اللہ! کیسی فضیلت ہے، غرض؛ یہ کامیابی کا پہلا نسخہ ہے، کیا؟
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ارْكَعُوْا وَ اسْجُدُوْا (پارہ:17، الحج:77)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اے ایمان والو! رکوع اور سجدہ کرو۔
نِیّت کیجئے! کہ پُورا ماہِ رمضان کامیابی پانے کے اِس نسخے پر عَمَل کرتے رہیں گے *پانچوں نمازیں پابندی کے ساتھ مسجد میں ادا کریں گے *تَراوِیح کی نماز بھی پڑھیں گے *تہجد بھی ادا کرتے رہیں گے *اِشْرَاق، چاشت اور اَوَّابِین کے نوافل بھی پڑھتے رہیں گے۔ اللہ پاک ہمیں عَمَل کی توفیق نصیب فرمائے۔ آمِیْن بِجَاہِ خَاتَمِ النَّبِیّٖن صلّی اللہ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَسَلَّم ۔