Book Name:Kamyabi Pane Ke Teen Nuskhe
خُدا ایسی عنایت کر، میں کانپوں خوف سے تَھر تَھر
ہو عصیاں سے حفاظت ماہِ رَمضَان آنے والا ہے([1])
اللہ پاک ہمیں مَحْرُومیوں سے بچائے رکھے، ہم ماہِ رمضان کامیابی سے گزار پائیں، اِس مقدّس مہینے کی برکتیں پُوری طرح سمیٹ پائیں، اِس مہینے میں ہمارے لئے جو بخششیں، عزّتیں اور شرف رکھا گیا ہے، اس کے پُوری طرح حقدار بن پائیں، اس کے لئے ہم نے کیا کرنا ہے؟ یہی ہمارا آج کا موضوع ہے۔
ہم نے اِبتدا میں پارہ:17، سُورۂ حج کی آیت:177 سُننے کی سَعَادت حاصِل کی، اِس آیتِ کریمہ میں صِرْف ماہِ رمضان ہی نہیں بلکہ ساری زِندگی کامیاب گزار کر، آخرت کے اِنْعَامات پانے کا ایک زبردست فارمولا ہمیں دیا گیا ہے۔ یہ 3نِکاتی فارمولا ہے۔ اللہ پاک نے فرمایا:
یٰۤاَیُّهَا الَّذِیْنَ اٰمَنُوا ارْكَعُوْا وَ اسْجُدُوْا (پارہ:17، الحج:77)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اے ایمان والو! رکوع اور سجدہ کرو۔
یہ پہلا نسخہ ہے: فرمایا:اے اِیمان والو...!! رکوع اور سجدے کرو! مطلب کیا ہے؟ خُوب نمازیں پڑھو! رکوع اور سجدہ چُونکہ نماز کے اعظم رُکن ہیں، اِس لئے قرآنِ کریم میں نماز کو کبھی رکوع اور کبھی سجدہ کہہ دیا جاتا ہے۔([2]) ایک مقام پر ارشاد فرمایا:
وَ ارْكَعُوْا مَعَ الرّٰكِعِیْنَ(۴۳) (پارہ:1،البقرۃ:43)
تَرْجَمَۂ کَنْزُالْعِرْفَان: اور رکوع کرنے والوں کے ساتھ رکوع کرو۔