کوئی سلام کا جواب نہ دے تو کیا کریں؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرے کے سوال جواب

ماہنامہ فیضانِ مدینہ جون 2024ء

(1)ایک سال کے بکرے کے دانت ہل رہے ہوں تو؟

سُوال:بکرا اىک سال کا ہوگىا ہے لیکن اس کے دانت ہل رہے ہىں ٹوٹے نہىں ہىں تو کىا اس کى قربانى ہوجائے گی؟

جواب: اگر ىقىنى معلوم ہے کہ بکرا اىک سال کا ہوگىا ہے تو دو دانت نہىں بھى نکلے تب بھى قربانى ہوجائے گى اگرچہ بکرے کے دانت ہل رہے ہىں، قربانى ہوجائے گى البتہ بہتر ىہى ہے کہ قربانی کے جانور میں کوئى چھوٹا سا عىب بھی نہ ہو۔

(مدنی مذاکرہ، 1ذوالحجہ شریف 1444ھ)

(2)مغز کھانا کیسا؟

سوال: کیا مغز کھانا جائز ہے حالانکہ اِس میں  خون کی باریک رَگیں بھی موجود ہوتی ہیں؟

جواب:حلال جانور کا مغز کھانا حلال ہے، مغز میں موجود خون کی باریک رَگیں کھا لینے میں حرج نہیں۔ خون کی باریک رَگیں مُرغی کی ٹانگوں،گردن اور پَروں میں، بڑے جانور کی گردن، پائے اور گوشت کی  مخصوص بوٹیوں میں بھی یہ رَگیں موجود ہوتی ہیں۔ ان کو کھا لینا جائز ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9ربیع الاول شریف 1442ھ)

(3)”سَمِعَ اللہُ لِمَنْ حَمِدَہ‘‘ کى جگہ ”اللہُ اکبر“ کہہ دیا تو؟

سُوال: اگر کوئى شخص نماز مىں رکوع سے اٹھتے ہوئے ”سَمِعَ اللہُ لِمَنْ حَمِدَہ‘‘ کى جگہ ”اللہُ اکبر“ کہہ دے تو کىا اس پر سجدۂ سہو لازم ہوگا؟

جواب: نہیں سجدہ سہو لازم نہیں ہوگا، نماز ہوجائے گی۔ (مدنی مذاکرہ، 20شوال شریف 1444ھ)

(4)بعض نمازوں میں بلند اور بعض میں آہستہ آواز سے قراءت کرنے کی وجہ

سُوال: فجر مغرب و عشا کى جماعت مىں بلند آواز سے قراءت ہوتى ہے، ظہر و عصر کى جماعت مىں بلند آواز سے قراءت نہىں ہوتى اس کى کىا حکمت ہے؟

جواب: اسلام کی ابتدا میں غىر مسلموں کا غلبہ تھا تو وہ قراٰنِ کرىم سُن کر اللہ پاک، جبرىلِ امىن اور پىارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کى شان مىں بکواس کرتے تھے، ظہر و عصر کے وقتوں مىں غیر مسلم آوارہ گھومتے تھے، مغرب مىں کھانے مىں مشغول ہوتے تھے، عشا مىں سوجاتے تھے اور فجر مىں جاگتے نہىں تھے، اس لئے ظہر و عصر مىں آہستہ قراءت کا حکم ہوا۔(مدنی مذاکرہ، 1ذوالحجہ شریف 1444ھ)

(5)کوئی سَلام کا جواب نہ دے تو کیا کریں؟

سُوال:  اگر کوئی سَلام کا جواب نہ دے تو کیا کریں؟

جواب: اَمْرٌ بِالْمَعْرُ وف کریں (یعنی نیکی کی دعوت دیں)، اُسے سمجھائیں، سَلام کے فضائل بتائیں اور سَلام کا جواب دینے کا طریقہ سکھائیں۔(مدنی مذاکرہ، 24محرم شریف 1442ھ)

(6)قبر پر اَذان دینے کا وقت

سُوال: قبرپر اَذان کس وقت دیں؟ لوگ کہتے ہیں کہ جب سب چلے جائیں اُس وقت اَذان دینی چاہئے۔

جواب: کتابوں میں میّت کو دفن کرنے کے بعد اَذان دینے کا لکھا ہے۔ (دیکھئے:فتاویٰ رضویہ، 5/654) ایسا کہیں پڑھنا یاد نہیں کہ سب لوگوں کے جانے کے بعد اَذان دی جائے۔(مدنی مذاکرہ، 24محرم شریف 1442ھ)

(7)بغیر تصویر کے خالی فوٹو فریم بیچنا کیسا؟

سُوال: میں Gift items (یعنی تحفے میں دی جانے والی چیزیں) بیچتا ہوں، میری دُکان میں Photo frames (یعنی تصویر لگانے کے چوکھٹے) بھی ہوتے ہیں جن میں تصویر نہیں ہوتی، کیا اِس طرح کے Photo frames بیچنا جائز ہے؟

جواب:خالی Frame (یعنی چوکھٹا)بیچنے  میں کوئی حَرج نہیں ہے، اب چاہے خریدار مکّے مدینے کی تصویر لگائے یا کسی جاندار، مثلاً اپنے باپ دادا کی تصویر لگائے(ناجائز کام کا وبال خریدار پر ہوگا)۔(مدنی مذاکرہ، 23صفر شریف 1442ھ)

(8)”نادِ علی“ پڑھنا کیسا؟

سُوال:”نادِ علی“ کیا ہے؟ نیز کیا ”نادِ علی“ پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: بالکل پڑھ سکتے ہیں۔ ”نادِ علی“([1]) پڑھنے کے فوائد کتابوں میں لکھے ہوئے ہیں، اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ نے بھی ”نادِ علی“ کا ذِکر فرمایا ہے۔(مدنی مذاکرہ، 9صفر شریف 1442ھ)

(9)کشتیٔ نُوح میں سُوار ہونے والا پہلا پرندہ

سُوال: حضرتِ سَیِّدُنا نُوح علیہ السّلام نے کشتی میں سب سے پہلے کون سا پرندہ رکھا تھا؟

جواب: حضرتِ سَیِّدُنا نُوح علیہ السّلام نے کشتی میں سب سے پہلے طوطے کو سُوار کیا تھا۔(تفسیرخازن، پ12، هود، تحت الآیۃ: 40، 2/352-مدنی مذاکرہ، 24محرم شریف 1442ھ)

(10)اَمیر و غریب کو اَلگ اَلگ ریٹ بتانا کیسا؟

سُوال:کیا دُکاندار کا اَمیر اور غریب Customer (یعنی گاہک) کو چیز کا اَلگ اَلگ ریٹ بتانا صحیح ہے؟

جواب: اَلگ اَلگ ریٹ بتانے میں حرج نہیں ہے۔ البتہ دھوکا نہ دیا جائے (اور جُھوٹ نہ بولا جائے)۔(مدنی مذاکرہ، 2صفر شریف 1442ھ)

(11)عورتوں کا نقشِ نعل پاک لگانا  کیسا؟

سُوال: کىا عورتىں نقشِ نعل پاک سجا سکتى ہىں؟

جواب: عورتىں بھى پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے محبت کرتى ہىں۔ اگر چاہیں تو بے شک نقشِ نعل پاک سجائىں، لىکن یہ سلسلہ گھر میں، محارِم کے سامنے یا عورتوں کے درمیان ہو تو ٹھىک ہے، کیونکہ اگر عورت نقشِ نعل پاک ظاہری لباس پر سجاکر باہر نکلے گی تو گندے ذہن کے مَردوں کو Attraction (یعنی کشش پیدا) ہوگی جس کی وجہ سے وہ گھور گھور کر دیکھیں گےاور یوں خرابیوں اور بربادیوں کا سامان ہوگا۔(مدنی مذاکرہ، 30صفر شریف 1442ھ)

(12)کیا دِماغی یا جسمانی طور پر کمزور بچّے  عذابِ اِلٰہی ہوتے ہیں؟

سُوال: کیا دِماغی یا جسمانی طور پر کمزور پیدا ہونے والے بچّے والدین کے لئے اللہ پاک کی طرف سے عذاب یا آزمائش ہوتے ہیں؟

جواب: مَعاذَ اللہ! اِس کو عذاب طے کرلینا ٹھیک نہیں ہے۔ البتہ ایسے بچّے والدین کےلئے آزمائش ضرور ہوتے ہیں۔ ماں باپ ایسے بچّوں کی خدمت کریں گے اور صبرسے کام لیں گے تو اُنہیں اَجر و ثواب حاصل ہوگا۔ والدین کو چاہئے کہ اللہ پاک سے رَحمت کی دُعا کریں۔ ایسے بچّوں کو عذاب نہ کہا جائے۔ (مدنی مذاکرہ، 23صفر شریف 1442ھ)



([1])نَادِ عَلِیًّا مَظْہَرَالْعَجَائِبِ تَجِدْہُ عَوْناً لَکَ فِی النَّوَائِبِ کُلُّ ہَمٍّ وَّ غَمٍّ سَیَنْجَلِیْ بِوِلَایَتِکَ یَاعَلِیُّ یَاعَلِیُّ یَاعَلِیُّ۔(فتاویٰ رضویہ، 9/822)


Share

Articles

Comments


Security Code