ساؤتھ افریقہ میں سنتوں بھراا جتماع

شبِ معراج میں بیان: 3اپریل 2019ء بروزبدھ پانچ ملکوں کے سفر کے بعد کراچی واپسی ہوئی تھی ۔ پاکستان میں اس رات شبِِ معراج تھی۔ عالَمی مدنی مرکز فیضانِ مدینہ کراچی میں شبِ معراج کے سلسلے میں ہونے والی محفلِ نعت میں شرکت اور پھر امیرِ اہلِ سنّت کے مدنی مذاکرے کے بعد بیان کرنے کی سعادت ملی۔

پیارے اسلامی بھائیو! کسی بھی کام کو دُرُست اور اچّھے انداز میں کرنے کے لئے کام کرنے والوں کا تربیت یافتہ(Trained) ہونا ضروری ہے۔ عاشقانِ رسول کی مدنی تحریک دعوتِ اسلامی ایک عالمگیر (International)تحریک ہے اور دنیا کے مختلف مَمالک میں دعوتِ اسلامی کے ذمّہ داران سنّتوں کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں لہٰذا وقتاً فوقتاً مختلف مَمالک میں سُنّتوں بھرے اجتماعات کا انعقاد کیا جاتا ہے اور ذمّہ داران کو مزید بہتر انداز میں نیکی کی دعوت عام کرنے کے طریقے سکھائے جاتے ہیں۔

ساؤتھ افریقہ میں ہونے والا سُنّتوں بھرااجتماع: شبِ معراج پاکستان میں گزارنے کے بعد اگلے دن ساؤتھ افریقہ کے شہر صُوفى نگر ڈَربَن([1]) روانگی ہوئی،جہاں دعوتِ اسلامی کے ذمّہ داران کے لئے 3 دن کا سُنّتوں بھرا اجتماع (Sunnah Inspired Ijtima) تھا۔کراچی سے ایک اسلامی بھائی کے ہمراہ رات تقریباً ایک بجے دبئی آمد ہوئی جہاں بَرمنگھم U.K سے آنے والے مبلّغِ دعوتِ اسلامی سیّد فُضَیل عطّاری بھی ہمارے ساتھ سفر میں شامل ہو گئے۔ تاجدارِ مدینہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے: جب تین آدمی سفر پر روانہ ہوں تو وہ اپنے میں سے ایک کو امیر بنا لیں۔ (ابوداؤد،3/51، حدیث:2609) چنانچہ میرے دونوں ہم سفر اسلامی بھائیوں نے مجھے امیر مقرّر کیا اور ہم نے اپنے سفر کیلئے اچھی اچھی نیّتیں کیں۔

جوہانسبرگ (Johannesburg) آمد:صبح تقریباً چار بجے دبئی ایئر پورٹ سے ساؤتھ افریقہ روانگی ہوئی، جہاز میں ہی نمازِ فجر ادا کی اورتقریباً 10 بجے جوہانسبرگ ایئرپورٹ پہنچے۔ اس شہر میں میرے کچھ رشتے دار رہتے ہیں،اَلْحَمْدُ لِلّٰہ!دعوتِ اسلامی کا مدنی ماحول رشتے داروں کے حقوق بھی پورے کرنے اور ان کے ساتھ صلۂ رحمی( اچھا سلوک ) کرنے کی ترغیب بھی دلاتا ہے، لہٰذا میرا صِلۂ رِحمی کی نیت سے کچھ دیراپنے رشتے داروں کے یہاں جانے اور وہاں آرام کا ارادہ بھی تھا۔یہاں یہ بات یاد رہے کہ ساؤتھ افریقہ کا وقت پاکستان سے تین گھنٹے پیچھے ہے۔

موسم کی شدّت : جوہانسبرگ (Johannesburg) اىئرپورٹ پہنچ کر معلوم ہوا کہ ساؤتھ افریقہ میں تیز بارشوں اور طوفانى ہواؤں کا سلسلہ ہےجو اگلے تین روز تک جاری رہے گا۔یہ وہى دن تھے جن میں پورے ساؤتھ افرىقہ سے اسلامى بھائىوں کو صُوفى نگر ڈربن مىں اجتماع کے لئے جمع ہونا تھا۔یاد رہے کہ جوہانسبرگ سے ڈربن پہنچنے میں بائی روڈ تقرىبا ًپانچ ىا چھ گھنٹے لگتے ہیں جبکہ ہوائی جہاز کے ذریعے سفر تقریباً ڈیڑھ گھنٹےکا ہے۔

فیضانِ مدینہ( جوہانسبرگ) میں نمازِ جمعہ کی ادائیگی :تمام قانونی تقاضے پورے کرکے جوہانسبرگ اىئر پورٹ سے باہر نکلتے نکلتے کم وبیش 12:00 بج گئے ۔ مىرے رشتہ دار جو مجھے لىنے آئے تھے انہوں نے اِصرار کیا کہ جمعہ کی نماز جوہانسبرگ کے مدنی مرکز فىضانِ مدىنہ مىں ادا کرلی جائے، آپ نمازِ جمعہ سے پہلے بیان اور نماز کے بعد اسلامی بھائیوں سے ملاقات بھی کرلیں، نہ جانے دوبارہ آپ کی یہاں کب آمد ہو۔اگر چہ طویل سفر کے بعد ہم بہت تھکے ہوئے تھے لیکن اپنے عزیزوں کے اِصرار پر میں نے حامی بھرلی اور ان کے ساتھ فیضانِ مدینہ روانگی ہوئی۔ انہوں نے ذمہ دار اسلامی بھائی کو فون کرکے اطلاع بھی کردی ۔میں تھکاوٹ کے مارے گاڑی میں ہی کچھ دیر کے لئے سوگیا ۔فیضانِ مدینہ حاضری ہوئی تو اسلامی بھائی میرے منتظر تھے اور نعت شریف پڑھی جارہی تھی۔ نمازِ جمعہ سے پہلے میں نے کچھ دیر بیان کیا، نماز اور صلوٰۃ وسلام کے بعد اسلامی بھائیوں سے ملاقات بھی ہوئی۔فیضانِ مدینہ سے جب اپنے رشتے داروں کے گھر پہنچا تو آرام کے لئے ایک سے ڈیڑھ گھنٹہ ہی مل سکا۔

اے عاشقانِ رسول ! یہاں یہ بات بھی قابلِ توجّہ ہے کہ میرے رشتے دار جو خود بھی دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول سے وابستہ ہیں، انہوں نے مجھ سے ملنے ملانے کے ساتھ ساتھ دعوتِ اسلامی کا فائدہ بھی پیشِ نظر رکھا اور مجھے اِصرار کرکے نمازِجمعہ سے قبل بیان اور بعد میں ملاقات کے لئے فیضانِ مدینہ لے گئے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ! یہ دعوتِ اسلامی کی برکت ہے کہ اس کے وابستگان اپنی زندگی کے مختلف معاملات میں دین کے فائدے کو بھی پیشِ نظر رکھتے ہیں۔

ہوائی جہاز کی کیفیت :شام چھ بجے کی فلائٹ سے ڈربن کے لئے روانگی ہوئی۔ مبلغِ دعوتِ اسلامی سیّد فضیل عطّاری کو ہمارے طیّارے میں سیٹ نہیں ملی تھی اس لئے وہ ہم سے پہلے ایک فلائٹ سے روانہ ہوگئے تھے۔ساؤتھ افریقہ کے دو اسلامی بھائی بھی یہاں سے ہمارے ساتھ شامل ہوگئے تھے ، یوں اب ہم چار افراد اجتماع کے لئے روانہ ہوئے۔ جوہانسبرگ سے صوفی نگر ڈربن کا یہ فضائی سفر اس اعتبار سے ایک یادگار سفر تھا کہ بادلوں کی گَھن گرج، شدید بارش اور طُوفانی ہواؤں کے درمیان ہمارےطیّارے نےگویا جُھومتے ہوئے یہ مَسافَت طے کی ۔ سُنّتوں بھرے اجتماع میں جن اسلامی بھائیوں نے شرکت کرنی تھی،ان میں سے اکثر انگلش سمجھنے والے تھے۔ میرا ارادہ تھا کہ فضائی سفر کے دوران اپنا انگلش بیان تیار کرلوں گا لیکن جہاز کی اس کیفیت کے باعث ایسا ممکن نہ ہوسکا۔

پیارے اسلامی بھائیو! کم و بیش ہر شخص کو زندگی میں کچھ نہ کچھ سفر کرنا پڑتا ہے اور آئے دن ہوائی جہاز، ریل یا بس وغیرہ میں سفر کے دوران حادثات(Accidents) اور اَمْوات کی خبریں آتی رہتی ہیں۔ اے کاش ! ہم بالخصوص دورانِ سفر اپنی موت کو پیشِ نظر رکھیں اور گانے باجوں سمیت دیگر گناہوں یا فضولیات میں مشغول ہونے کے بجائے ذکر و دُرُوْد یا کوئی اور نیک کام کرتے ہوئے اپناسفر مکمل کریں ۔

اسلامی بھائیوں کا جذبہ: ڈربن ایئرپورٹ سے نکل کر ہم مدنی مرکز فیضانِ مدینہ پہنچے تو معلوم ہوا کہ جتنے اسلامی بھائیوں کا آنا متوقع تھا ،ان میں سے اب تک تقریباً تیس چالیس فیصد ہی پہنچ سکے ہیں۔ کئی اسلامی بھائی ابھی راستے میں ہیں جبکہ موسم کی خرابی کے باعث بعض کی گاڑیاں خراب ہوگئی ہیں۔ پیارے اسلامی بھائیو! غور فرمائیے ! دعوتِ اسلامی کا مدنی ماحول اپنے وابستگان کو دین کی خدمت اور نیکی کی دعوت کا کیسا جذبہ فراہم کرتا ہے کہ اس قدر شدید بارشوں اور طوفانی ہواؤں کے باوجود اسلامی بھائی ساؤتھ افریقہ کے مختلف دُور دراز شہروں اور علاقوں سے طویل سفر کرکے اجتماع میں حاضر ہورہے ہیں۔ ہمارے وہ مسلمان بھائی اور بہنیں جو فرض و واجب عبادات میں کوتاہی کرتے ہیں ،معمولی بیماری یا بُخار وغیرہ کے باعث نماز قضا کردیتے ہیں، ان کے لئے اس بات میں ترغیب کا سامان ہے۔

اجتماع کا آغاز :بہر حال جو اسلامی بھائی موجود تھے، انہی کی موجودگی میں ہم نے سُنّتوں بھرے اجتماع کا آغاز کیا۔ مرکزی مجلسِ شوریٰ کے نگران مولانا ابو حامد محمد عمران عطّاری نے بھی براہِ راست وىڈىو کانفرنس کے ذرىعے ذمہ داران میں بیان فرمایا اوراسلامی بھائیوں کے سوالات کے جوابات عنایت فرمائے۔ رات تقریباً دو بجے وقفۂ آرام ہوا۔

سُنّتوں بھرے اجتماع کا دوسرا دن :اگلے دن نمازِ فجر کے بعد کچھ دیر آرام اور پھر ناشتے سے فارغ ہونے کے بعد دس بجے سلسلہ دوبارہ شروع ہوا۔بیانات اور سوال وجواب کا سلسلہ نمازِ ظہر تک جاری رہا۔نماز کے بعد فیضانِ مدینہ آنے والی کچھ شخصیات سے ملاقات ہوئی۔ نگرانِ شوریٰ وقتاً فوقتاً ویڈیو کانفرنس کے ذریعے شُرَکا اسلامی بھائیوں کو اپنے مدنی پھولوں سے نوازتے اور سوالات کے جوابات دیتے رہے۔ جہاں ضرورت پڑتی مبلغِ دعوتِ اسلامی مولانا عبدُالنّبی حُمَیدی صاحب انگلش میں ترجمہ فرمادیتے۔ فیضانِ مدینہ ڈربن میں نمازِ مغرب پڑھنے کے بعد ہم مدنی چینل کے ذریعے براہِ راست مدنی مذاکرے میں شریک ہوئے۔مغرب سے عشا اور عشا کے بعد بھى مدنى مذاکرے مىں شرکت ہوئى ۔

مدنی مذاکرے کے بعد کھانے کا وقفہ ہوا اور اىک بار پھر سیکھنے سکھانے کا شیڈول شروع ہوگىا جو رات کم وبیش دو بجے تک جارى رہا۔

پیارے اسلامی بھائیو! سُنّتوں بھرےاجتماع کے اس جدول (Schedule)سے آپ بخوبی اندازہ لگاسکتے ہیں کہ دعوتِ اسلامی کے وابستگان اور ذمّہ داران کس طرح اپنے وقت اور آرام کی قربانی دے کر دین کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔ موسم بھی خوشگوار نہ تھا یعنی مسلسل بارشوں اور طوفانی ہواؤں کا سلسلہ جاری تھا،شُرَکا اسلامی بھائیوں کو آرام بھی پورا نہیں مل رہا تھا اور ظاہر ہے کہ کھانا بھی ہر کسی کی پسند کے مطابق نہیں ہوسکتا ،اس کے باوجود اسلامی بھائی ذوق و شوق اور جذبے کے ساتھ اجتماع کی تمام نشستوں میں شرکت فرمارہے تھے۔

بلالی اسلامی بھائی: ڈربن میں ہونے والے اس اجتماع میں اکثر شُرَکا بلالی یعنی مقامی سیاہ فام اسلامی بھائی تھے۔ حضرت سیدنا بلال ِحَبَشی رضی اللہ عنہ کی نسبت سے دعوتِ اسلامی کے مدنی ماحول میں سیاہ فام مسلمانوں کو بلالی کہا جاتا ہے۔ ساؤتھ افرىقہ مىں اس وقت دعوتِ اسلامى کے45 مدنی مَراکِزفیضانِ مدینہ موجود ہىں،جن مىں سے اکثر میں امامت کے فرائض بلالى اسلامی بھائی سر انجام دے رہے ہىں ۔جب یہ بلالی اسلامی بھائی نماز کے لئے اذان دیتے ہوں گے تو اُس نورانی اور رُوح پَروَر اذان کی یاد تازہ ہوجاتی ہوگی جو حضرت سیّدُنا بلال حَبَشی رضی اللہ عنہ رحمتِ عالَم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی موجودگی میں دیا کرتے تھے۔

اللہ کریم ان بلالی عاشقانِ رسول کے طُفیل ہماری مغفرت فرمائے اور ہمیں عشقِ رسول کی لازَوال دولت سے مالا مال فرمائے۔اٰمِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

نوٹ: یہ مضمون مولانا عبد الحبیب عطّاری کے آڈیو پیغامات وغیرہ کی مدد سے تیار کرکے انہیں چیک کروانے کے بعد پیش کیا گیا ہے۔

ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

٭…مولانا عبد الحبیب عطاری

٭…رکن شوریٰ ونگرانِ مجلس مدنی چینل



1 :ایک بزرگ شاہ غلام محمد صُوفی رحمۃ اللہ علیہ کی نسبت سے ڈربن کو صُوفی نگر کہا جاتاہے۔


Share