Book Name:Rah e Najat
خلیفہ مَامُوْنُ الرَّشِیْد کے دورکی بات ہے،ایک مرتبہ خلیفہ کے دربار میں ایک غیر مُسْلِم آیا، اس نے بہت اچھی باتیں کیں، مَامُوْنُ الرَّشِیْد نے اسے اسلام قبول کرنے کی دعوت دی مگر اس نے اِنکار کر دیا۔ ایک سال کے بعد وہ دوبارہ آیا، اس وقت وہ کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو چکا تھا، اس نے کافِی سارا عِلْمِ دِین بھی سیکھ لیا تھا۔ اس سے جب پوچھا گیا کہ تمہارے اسلام قبول کرنے کا سبب کیا ہوا تو وہ بولا: پچھلے سال جب میں آپ کی مجلس سے اُٹھ کر گیا تو میں نے مختلف مذاہب کا امتحان لینے کا ارادہ کیا۔ چنانچہ میں نے تورات، انجیل اور قرآنِ کریم کے 3، 3 نسخے لکھے، جن میں اپنی طرف سے کمی بیشی کر دی۔ یہ نسخے لے کر میں تورات اور انجیل والوں کے پاس گیا، انہوں نے مجھ سے وہ نسخے خرید لئے لیکن جب میں قرآنِ کریم کے بدلے ہوئے نسخے لے کر اسلامی کُتُب خانے میں گیا تو انہوں نے ان کو دھیان سے پڑھا،جب انہوں نے دیکھا کہ اس میں کمی بیشی کر دی گئی ہے تو انہوں نے وہ نسخے خریدنے سے انکار کر دیا۔ اس سے مجھ پر اسلام کی سچّائی واضِح ہو گئی اور میں کلمہ پڑھ کر مسلمان ہو گیا۔([1])
مُبَدَّل ہوئے انبیا کے صحائف مُحَرَّف نہ ہو گا صحیفہ تمہارا([2])
وضاحت: دیگر انبیائے کرام علیہمُ السَّلام پر جو صحیفے اور کتابیں نازِل ہوئیں، اُن کی اُمّتوں نے ان کی قدر نہ کی اور ان میں تبدیلیاں کر ڈالیں مگر اے مَحْبُوبِ ذیشان صَلَّی اللہُ عَلَیْہِ وَ آلِہٖ وَ سَلَّم! یہ آپ کی شان ہے کہ اللہ کریم نے آپ پر نازِل ہونے والی کتاب یعنی قرآن کریم کی حفاظت خُود اپنے ذِمَّۂ کرم پر لی ہے، لہٰذا آپ پر اُترنے والی کتاب قرآنِ کریم میں کبھی بھی تبدیلی نہ ہو گی۔