سیرت خاتم النبین ﷺ

گولڈن جوبلی یومِ تحفظِ عقیدۂ ختم ِنبوت کے موقع پر  ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کے خصوصی شمارہ کی اشاعت

”سیرتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ماہنامہ ستمبر 2024

رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت و زندگانی  ہمارے لئے  کامل نمونہ ہے۔ ویسے تو ہر وہ شخص جو دینِ اسلام کو جاننے، سمجھنے اور اس پر عمل پیرا ہونے کا خواہش مند ہے اُس کے لئے رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت کا مطالعہ اَز حد ضروری ہے  مگر مسلمانوں کے لئے تو سیرت کا مطالعہ ایک اہم ترین  ضرورت ہے۔

سیرتِ رسولِ  کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اِفادیت و اہمیت اس سے سمجھئے کہ اعلانِ نبوت سے وصالِ ظاہری تک صرف  23سال کے مختصر عرصہ میں حضور نبی ِّکریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک ذات ان کثیر حالات و کیفیات سے گزر چکی جن سے عمومی طور پر لوگوں کے کے بڑے طبقے کا انفرادی طور پر واسطہ پڑ سکتا ہے۔

آج ہماری زندگی اخلاقی زبوں حالی کا شکار ہے، ہمارے معاشرے سے اچھے خصائل ختم ہوتے جارہے ہیں، کون سا  ایسا عیب ہے جو ہمارے اندر نہ ہو، کوئی ایسی بُرائی نہیں جس میں معاشرے  کاایک بہت بڑاطبقہ مبتلا نہ ہو۔ غور کیا جائے تو اس گمراہی اور پستی کا شکار ہونے کی ایک بہت بڑی وجہ ہم مسلمانوں کی اپنے دین اور سرورِ کائنات صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت سے لاعلمی اور غیروں کے طریقوں کو اپناتے چلے جانا ہے۔ ہم سولہ سولہ بیس بیس سال تک دنیوی نصابی  کتابیں تو  پڑھتے رہے، غیر نصابی مطالعہ بهی اتنا کیا کہ سینکڑوں رسالے، ناول چاٹے لیکن کبھی اپنے پیارے و محسن نبی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی زندگی کو مکمل نہیں پڑھا۔

رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت سے آگاہ کرنے کے لئے  صدیوں سے محدثینِ کرام، فقہائے عظام اور علمائے کرام نے کتبِ  حدیث و سیرت مرتب کرنے، ان کتب کی شروحات و تشریحات لکھنے کا اہتمام کیا ہے۔

کسی نے  فقہی ابواب کی صورت میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک سیرت کا عملی پہلو بیان کیا ہے تو کسی نے خصائص ، شمائل، فضائل کی صورت میں رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی معجزانہ حیاتِ مبارک کو بیان کیا ہے۔

کسی نے  رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک ولادت سے وصال تک کے حالات کو  ترتیب وار  مرتب کیا ہے تو کسی نے  اوصاف و کمالات کو الگ الگ ابواب کے تحت ترتیب دیا ہے۔

بعض عاشقوں نے  رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگانی، مقاصدِ بعثت، اخلاق و خصائل و فضائل و شَمائل اور دیگر کثیر پہلوؤں کو بہت ہی مفصل طور پر  منظم ترین ابواب کے تحت ترتیب دیا ہے تو بعض نے انہی مفصل کتب کے اختصارات تیار کئے ہیں۔

اسی طرح ہزاروں نہیں لاکھوں رسائل، کِتابچے، آرٹیکلز اور مضامین رسول اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی مبارک زندگی کے انفرادی پہلوؤں اور فقہ السیرۃ کے حوالے سے لکھے جاچکے ہیں اور لکھے جارہے ہیں۔

اَلحمدُللہ! عاشقانِ رسول کی عظیم دینی تنظیم دعوتِ اسلامی نے بھی سیرتِ مبارکہ کی اشاعت و آگاہی کے حوالے سے مختلف انداز اپنائے ہیں۔ اسلامک ریسرچ سینٹر  المدینۃ العلمیہ سے سیرت مبارکہ پر کئی رسائل و کتب اور تحریری بیانات جاری ہوچکے ہیں۔

”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ میں بھی الحمدللہ سیرتِ سرورِ کائنات کے  مختلف مضامین شامل ہوتے رہتے ہیں۔

عاشقانِ رسول7  ستمبر کو  یومِ    تحفظِ عقیدۂ ختمِ نبوت  کے طور پر مناتے ہیں، دراصل 7ستمبر1974ء کو علمائے حق اہلِ سنت   کی کئی سالوں کی مسلسل محنتوں اور عاشقانِ رسول کی ہزاروں قربانیوں کے بعد پاکستان میں آئینی اور قانونی طور پر قادیانیوں کو   کافر قرار دیا گیا۔  چنانچہ قادیانی دینِ اسلام اور آئینِ پاکستان دونوں ہی کے مطابق کافر ہیں اور انہیں کسی بھی اسلامی علامت کو بطورِ دین استعمال کرنے کی اجازت نہیں۔

ستمبر2024ء میں  اس  عظیم الشان فتح کو 50سال مکمل ہو رہے ہیں، چنانچہ  اس گولڈن جوبلی کے موقع پر دعوتِ اسلامی کے شعبہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کی طرف سے خصوصی شمارہ بنام  ”سیرتِ خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “   شائع کیا جارہا ہے۔

یہ ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ کا پانچواں  خصوصی شمارہ   ہے۔ اس شمارے کے مضامین کو 18   مرکزی عنوانات کے تحت تقسیم کیا  گیا ہے:

(1) مطالعہ سیرتِ خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(2) حضور سرورِ عالَم بحیثیتِ  خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(3) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی آمد مبارک

(4) خاتم ُالنبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے آبا ءو اجداد

(5) سیرتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(6) غزواتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(7) سیرتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا تعلیمی و تربیتی پہلو

(8) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی  سیرت کا  معاشی پہلو

(9) خاتم ُالنبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی عملی زندگی کے امتیازات

(10) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی شان و عظمت کی رفعت

(11) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے خاص امتیازات

(12) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے معجزاتی امتیازات

(13) عشقِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(14) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ثناخوانی

(15) خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم   اور غذائی نعمتیں

(16) متعلقات و اطرافِ سیرتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

(17) سیرتِ خاتم النبیین  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم(بچوں کے لئے خصوصی مضامین)

(18) سیرتِ خاتم النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ( خواتین کے لئے خصوصی مضامین)

ان مرکزی عنوانات کے تحت  80 اردو جبکہ 5  انگلش مضامین  شامل ہیں۔

اس عظیم علمی خزانہ کی تیاری پر ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“کے تمام اراکین   اللہ کریم کے  شکر گزار ہیں۔ اَلْحَمْدُ لِلہِ رَبِّ العٰلَمِیْن عَلیٰ ذٰلِکَ

اللہ کریم ہمیں اپنے آخری نبی، محمد عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرتِ پاک کوپڑھ کر اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔

اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

خصوصی شمارہ ”سیرتِ خاتمُ النبیین صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم “ حاصل کرنے کے لئے مکتبۃ المدینہ پر رابطہ کیجئے یا آن لائن آرڈر کیجئے

+92313-1139278

مولاناابوالنّور راشد علی عطاری مدنی

(ناظم و ایڈیٹر ”ماہنامہ فیضانِ مدینہ“ )


Share

Articles

Comments


Security Code