رسولِ کریم ﷺ کے والدِ محترم کا نام؟ مع دیگر سوالات

مدنی مذاکرہ

ماہنامہ ستمبر 2024

(1)رسولِ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے والدِ محترم کا نام

سُوال: نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے والدِ محترم کا نام کیا ہے؟

جواب: اللہ پاک کے سب سے آخری نبی محمدِ عربی صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے والدِ محترم کا نام حضرت عبداللہ رضی اللہُ عنہ ہے۔

(مدنی مذاکرہ، 21ربیع الاول شریف 1445ھ)

(2)سیرتِ نبی اور دینی کتاب پڑھنا

سوال:کیا نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت کی کتاب پڑھنا بھی عبادت میں آئے گا؟

جواب: جی ہاں نبی کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سیرت و شریعت کے احکام پر مشتمل ہر دینی کتاب جو صحیحُ العقیدہ سُنّی عالمِ دین کی لکھی ہوئی ہو اچھی نیّت سے پڑھنے والے کو ثواب ملے گا۔(مدنی مذاکرہ، 18جُمادَی الاولیٰ 1445ھ)

(3)بکری کا دودھ پینا

سُوال:کیا بکری کا دودھ پینا سنّت ہے؟

جواب: جی ہاں! بکری کا دودھ پینا سنّت ہے، پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بکریوں کا دودھ پینا بکثرت ثابت ہے بلکہ بکریاں تو پیارے آقا صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی خدمت میں حاضِر رہتی تھیں۔(مدنی مذاکرہ، 6رجب شریف 1444ھ)

(4)اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے ایک شعر کی وضاحت

سُوال: پیارے آقا مدینے والے مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ولادتِ باسعادت مکہ مکرمہ میں ہوئی جبکہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا خان رحمۃُ اللہِ علیہ نے اپنے ایک شعر میں ”صبح طیبہ میں ہوئی بٹتا ہے باڑا نور کا“ فرمایا ہے، اس کی وضاحت فرمادیجئے۔

جواب: اعلیٰ حضرت رحمۃُ اللہِ علیہ کے اس شعر کا ولادتِ باسعادت سے تعلُّق نہیں ہے، اس شعر کا مطلب یہ ہے کہ جب بھى مدىنے مىں صبح ہوتى ہے تو وہاں نور کى خىرات بٹتى ہے اور سارى کائنات میں تقسىم ہوتى ہے۔

صبح طىبہ مىں ہوئى بٹتا ہے باڑا نور کا

صدقہ لىنے نور کا آىا ہے تارا نور کا

(حدائقِ بخشش، ص242-مدنی مذاکرہ، 21ربیع الاول شریف 1445ھ)

(5)دُرودِ پاک کی جگہ اِسْتِغَاثَہ پڑھنا کیسا؟

سُوال:”قَلَّتۡ حِیۡلَتِیۡ اَنۡتَ وَسِیۡلَتِیۡ اَدۡرِکۡنِیۡ یَارَسُوْلَ اللہ(1)کیا یہ دُرودِ پاک کی جگہ پڑھ سکتے ہیں؟

جواب: یہ دُرودِ پاک نہیں ہے، اس کو اِسْتِغَاثَہ (یعنی فریاد) کہتے ہیں، یہ پڑھنے میں حرج نہیں ہے (لیکن دُرودِ پاک پڑھنے کی اپنی فضیلت و برکت ہے)۔(مدنی مذاکرہ، 13ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(6)کیلیگرافکس ڈیزائن میں دُرودِ پاک لکھنا کیسا؟

سُوال: کیا دُرودِ پاک مختلف کیلیگرافکس ڈیزائن میں لکھ سکتے ہیں؟

جواب: مختلف رسمُ الخط میں لکھنے کا سلسلہ پُرانا چلا آرہا ہے، اگر کیلیگرافکس ڈیزائن میں دُرودِ پاک کے حروف واضح اور دُرست لکھے ہوئے ہیں، شارٹ فارم نہیں ہے تو کیلیگرافکس ڈیزائن میں دُرودِ پاک لکھنا جائز ہے۔ اگر شارٹ فارم میں لکھا ہے تو یہ جائز نہیں ہے، جیسے صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی جگہ ”ؐ“ یا ”صَلْعَم“ لکھنا ناجائز ہے۔(بہارِ شریعت، 1/534-مدنی مذاکرہ، 13ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(7)داڑھی کب رکھنا ضروری ہے؟

سوال: کیا40سال کے بعد داڑھی رکھنا ضروری ہوجاتا ہے؟

جواب:جیسے ہی لڑکا بالغ ہوا تو اب اُس پر شریعت کے احکام لاگو ہوجاتے ہیں، اسلامی سِن کے حساب سے لڑکا 12 سے 15سال اور لڑکی 9سے 15سال کے درمیان علامات ظاہر ہونے کے ذریعے بالغ ہوتے ہیں، اگر علامات ظاہر نہ ہوں تو پھر جس دن ہجری سِن کے اعتبار سے لڑکا یا لڑکی 15سال کے ہوں گے تو اُس دن سے وہ بالغ شمار ہوں گے۔ جب لڑکا بالغ ہوا اور داڑھی نکل آئی تو اب اُس کو داڑھی رکھنا واجب ہے۔40سال عمر ہونے کا انتظار نہیں کریں گے۔(بہارِ شریعت،3/203- مدنی مذاکرہ، 29جُمادَی الاُخریٰ 1444ھ)

(8)داڑھی سے کھیلنے کا حکم

سُوال: داڑھی سے کھیلنا کیسا اور اس کے نقصانات کیا ہیں؟

جواب: نماز میں داڑھی یا کپڑے یا بدن سے کھیلنا مکروہِ تحریمی ہے اور مکروہِ تحریمی ناجائز و گناہ ہوتا ہے۔(بہارِ شریعت، 1/283، 624) بعض لوگ نماز کے علاوہ بھی داڑھی سے کھیلتے رہتے ہیں کبھی داڑھی کے بال منہ میں لیتے ہیں، کبھی داڑھی کے بال ہاتھ سے مَسَلتے گھماتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے داڑھی کے بال کمزور ہوجاتے ہیں اور ٹوٹ کر گرتے ہیں جو کہ ایک فضول حرکت ہے، اس سے بچنا چاہئے کہ اسلام کا حُسن یہ ہے کہ انسان لَایعنی (فضول) کاموں سے بچے۔(مدنی مذاکرہ، 13رجب شریف 1444ھ)اگر داڑھی کے بال منہ میں لئے اور دانتوں سے کٹ کر ایک مٹھی سے کم ہوجائیں تو گناہ گار ہوگا کیونکہ بال کسی قینچی وغیرہ سے کاٹیں یا دانتوں سے، کاٹنا ہی کہلائے گا ۔

(9)کسی کے پاس کسی دوسرے کے زائد پیسے آجائیں تو کیا کریں؟

سُوال: میں مدرسۃُ المدینہ سے رکشے میں آرہا تھا تو رکشے والے کو میں نے کرایہ کاٹنے کے لئے 500روپے دیئے، اس نے کرایہ کاٹ کر مجھے پیسے واپس دیئے اور میں نے رکھ لئے، بعد میں میں نے دیکھا تو رکشے والے کی طرف سے میرے پاس 30روپے زائد آگئے تھے، اب وہ رکشے والا مجھے مل نہیں رہا ہے لہٰذا میں ان 30روپوں کا کیا کروں؟

جواب: اگر واقعی اس رکشے والے کے ملنے کی کوئی صورت نہیں ہے تو آپ یہ 30روپے کسی شرعی فقیر یعنی جس کو زکوٰۃ دے سکتے ہیں اس کو خیرات دے دیں، اگر بعد میں وہ رکشے والا آپ کو مل جاتا ہے اور آپ اس کو بتا دیتے ہیں کہ آپ کی طرف سے میرے پاس 30روپے زائد آگئے تھے وہ میں نے آپ کی طرف سے خیرات کردیئے ہیں اور وہ کہتا ہے ٹھیک ہے کوئی بات نہیں تو آپ بَری ہوجائیں گے، اگر وہ کہتا ہے کہ نہیں مجھے 30روپے چاہئیں تو اب آپ کو اُسے دینے پڑیں گے۔(مدنی مذاکرہ، 13ربیع الآخر شریف 1445ھ)

(1)یَارسولَ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم! میری ساری تدبیریں ختم ہوتی جارہی ہیں، آپ ہی میرا وسیلہ ہیں، مجھے سنبھالئے۔


Share