محبتِ رسول ﷺ کے تقاضے

آؤ بچو ! حدیثِ  رسول سنتے ہیں

محبت رسول  صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم  کے تقاضے

*مولانا محمد جاوید عطّاری مدنی

ماہنامہ ستمبر 2024

آخری نبی حضرت محمدِ مصطفےٰ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: مَنْ اَحَبَّنِي كَانَ مَعِي فِي الْجَنَّةِ یعنی جو مجھ سے محبت کرے گا وہ جنت میں میرے ساتھ ہوگا۔ (ترمذی،4/309، حدیث: 2678)

پیارے بچو! ہمارا ایمان رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت کے بغیر پورا نہیں ہوتا۔ صحابۂ کرام بھی نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے بہت محبت کیا کرتے تھے بعض کی محبت کی کیفیت یہ تھی کہ ان کے لئے حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم سے جدائی کا صدمہ ناقابلِ برداشت ہوتا تھا۔

تفسیرِ خزائن العرفان صفحہ 160 پر ہے: صحابیِ رسول حضرت ثوبان رضی اللہُ عنہ بھی نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے ساتھ بہت محبت کرتے تھے ایک دن حضور علیہ السّلام کی بارگاہ میں حاضر ہوئے، بہت غمگین حالت تھی چہرے کا رنگ بدلا ہوا تھا تو حضور علیہ السّلام نے پوچھا: آج رنگ کیوں بدلاہوا ہے؟ عرض کیا: نہ مجھے کوئی بیماری ہے نہ درد بس یہی وجہ ہے کہ جب آپ سامنے نہیں ہوتے تو انتہا درجہ کی وحشت و پریشانی ہوجاتی ہے جب آخر ت کو یاد کرتا ہوں تو یہ اندیشہ ہوتا ہے کہ وہاں میں کس طرح آپ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا دیدار کر سکوں گا، آپ اعلیٰ ترین مقام میں ہوں گے مجھے اللہ تعالیٰ نے اپنے کرم سے جنت بھی دی تو اس مقام عالی تک رسائی کہاں ہو گی اس پر یہ آیت کریمہ نازل ہوئی ۔

(وَ مَنْ یُّطِعِ اللّٰهَ وَ الرَّسُوْلَ فَاُولٰٓىٕكَ مَعَ الَّذِیْنَ اَنْعَمَ اللّٰهُ عَلَیْهِمْ مِّنَ النَّبِیّٖنَ وَ الصِّدِّیْقِیْنَ وَ الشُّهَدَآءِ وَ الصّٰلِحِیْنَۚ-وَ حَسُنَ اُولٰٓىٕكَ رَفِیْقًاؕ(۶۹))

ترجَمۂ کنزُالایمان: اور جو اللہ اور اس کے رسول کا حکم مانے تو اُسے ان کا ساتھ ملے گا جن پر اللہ نے فضل کیا یعنی انبیاء اور صدیق اور شہید اور نیک لوگ اور یہ کیا ہی اچھے ساتھی ہیں۔ (پ5، النسآء: 69)

(اس آیت کی مزید وضاحت کے لئے یہاں کلک کریں)

یوں حضرت ثوبان رضی اللہُ عنہ کو تسلی دی گئی کہ جو حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی اطاعت و فرمانبرداری کرے گا وہ جنت میں حضور علیہ السّلام کے ساتھ ہوگا۔

پیارے بچّو! ہمیں حضور علیہ السّلام سے محبت کا اجر بھی ملے گا، بروزِ قیامت حضور کی شفاعت بھی ملی گی اور اللہ کی رحمت سے رسولُ اللہ کا ساتھ بھی ملے گا ۔اِن شآءَ اللہ

 اس کے لئے ہمیں حضور نبیِّ کریم صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی تعلیمات پر عمل کرنا ہوگا محبتِ رسول کا یہی تقاضا ہے۔ چنانچہ:

*نمازوں کی پابندی کرنا *والدین کی خدمت کرنا *بڑوں کی عزت اور چھوٹوں پر شفقت کرنا *قراٰنِ پاک پڑھنا *احادیث ِمبارکہ پڑھنا *دینی معلومات حاصل کرتے رہنا *ہمیشہ سچ بولنا *نیکیاں کرتے رہنا اور محبتِ رسول میں اپنی زبان کو ذکر و درود سے تَر رکھنا یہ سب رسول سے محبت کے تقاضو ں میں شامل ہے ۔

شروع میں لکھی ہوئی حدیثِ مبارک پر عمل کی نیت سے، رسولُ اللہ صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی محبت میں ان نیک اعمال پر عمل کیجئے اور جنت میں رسولُ اللہ کے پڑوسی بن جایئے ۔

اللہ پاک ہمیں حضور صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سچی محبت عطا فرمائے۔ اٰمِیْن بِجَاہِ النّبیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلَّم

ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

* فارغ التحصیل جامعۃ المدینہ، ماہنامہ فیضان مدینہ کراچی


Share