Fazail e Bait ul ALLAH

Book Name:Fazail e Bait ul ALLAH

کعبہ شریف کی تعمیر کتنی بار ہوئی

پیارے اسلامی بھائیو ! کعبہ شریف کی تاریخ بہت پُرانی ہے۔ روایات کے مطابق کعبہ شریف کو 10 مرتبہ تعمیر کیا گیا ہے۔ روایات کے مطابق کعبہ شریف کی پہلی تعمیر فرشتوں نے کی ، پِھر حضرت آدم علیہ السَّلام نے اسے دوسری مرتبہ تعمیر فرمایا۔

کعبہ شریف کی تعمیر 5 طرح کے پتھروں سے ہوئی

روایت ہے : اللہ پاک کے نبی حضرت آدم علیہ السَّلام  جب جنّت سے اس دُنیا میں تشریف لائے تو آپ کو یہاں تنہائی اور وَحْشَت محسوس ہوئی ، چنانچہ آپ نے اللہ پاک کی بارگاہ میں فریاد کی ، پَس اللہ پاک نے آپ کو کعبہ شریف تعمیر کرنے کا حکم دیا۔ ( [1] )

روایات میں ہے : جب حضرت آدم علیہ السَّلام  نے کعبہ شریف کی تعمیر فرمائی ، اس وقت فرشتوں نے 5 پہاڑوں کے پتھر لا کر آپ کی خِدْمت میں پیش کئے ، انہی سے کعبہ شریف کو تعمیر کیا گیا۔ اِن 5 پہاڑوں کے نام یہ  ہیں :  ( 1 ) : کوہِ لبنان  ( 2 ) : کوہِ طُور ( 3 ) : کوہِ زیتا  ( 4 ) : کوہِ جُودی  ( جس پر حضرت نُوح علیہ السَّلام  کی کشتی ٹھہری تھی )   ( 5 ) : اور کوہِ حِرا جو مکہ مکرمہ میں ہے۔ ( [2] )   

عُلَمائے کرام فرماتے ہیں : خانہ کعبہ چونکہ نمازوں کے لئے قبلہ ہے اور نماز 5وقت کی فرض ہے ، اسی مناسبت سے کعبہ شریف کی تعمیر 5 پہاڑوں سے ہوئی۔ ( [3] )  

حج کا شَرَف ہو پھر عطا یارَبِّ مصطفےٰ !      میٹھا مدینہ پھر دکھا یارَبِّ مصطفےٰ !

دیدے طوافِ خانۂ کعبہ کا پھر شَرَف       فرما یہ پورا مُدَّعا یا ربِّ مصطَفٰے !


 

 



[1]...تفسیرِ کبیر ، پارہ : 4 ، سورۂ آلِ عمران ، زیرِ آیت : 96 ، جلد : 3 ، صفحہ : 296۔

[2]...سُبُلُ الْهُدیٰ ، جلد : 1 ، صفحہ : 147 خلاصۃً۔

[3]...تحفۂ معراج النبی ، صفحہ : 366۔